• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس کا جناح، شیخ زید اسپتال کا دورہ، سہولتوں کاجائزہ لیا، مسائل سنے

چیف جسٹس کا جناح، شیخ زید اسپتال کا دورہ، سہولتوں کاجائزہ لیا، مسائل سنے

لاہور(نمائندہ جنگ)چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے گزشتہ روز جناح اسپتال اور شیخ زید اسپتال کا دورہ کیا ۔ دونوں اسپتالوں کی انتظامیہ کی عارضی انتظامات کرنے کے لیے دوڑیں لگ گئیں ۔ مریضوں نے چیف جسٹس کو جناح اسپتال میں دی جانیوالی طبی سہولیات کے حوالے سے شکایات کے انبار لگا دیئے ۔ چیف جسٹس نے جناح اسپتال لفٹس خراب ہونے پرسخت برہمی کا اظہار کیااور اسپتال کی واحد ایم آر آئی مشین تین ماہ سے خراب ہونے پر انتظامیہ کی سرزنش کی۔چیف جسٹس کے دورہ کے موقع پر دوران جسٹس اعجازالاحسن،چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ اور جناح اسپتال کے چیف ایگزیکٹواور علامہ اقبال میڈیکل کالج کے پرنسپل موجودبھی تھے جنہوں نے چیف جسٹس کو اسپتال میں علاج معالجے کی فراہمی اورمشینری سے متعلق بریفنگ دی جبکہ چیف جسٹس ثاقب نثار نےعوام سے علاج معالجے سے متعلق دریافت کیا ۔جناح اسپتال لاہور میں چیف جسٹس اور جسٹس جناب اعجاز الالحسن کی آمد کے موقع پرپاکستان الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلزاینڈ ہیلتھ سپورٹ اسٹاف آرگنائزیشن کے نمائندوں نےچیف جسٹس اور اپنے مطالبات کے حق میں زبردست نعرے بازی کی ۔ جس پر چیف جسٹس نے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز اینڈ ہیلتھ سپورٹ اسٹاف کے درج ذیل مسائل سنے اور ان پرعملدرآمد کی یقین دہانی کروآئی۔ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کی درخواست وصول کرتے ہوئے ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کو دینے کی یقین دہانی کروائی۔ الائیڈ ہیلتھ پروفیشلز نے گریڈ 1 تا 20 کے تمام ملازمین کے لیے سیکرٹریٹ کے ملازمین کی طرز پر ہاؤس رینٹ دینے کی درخواست دی جس پرچیف جسٹس نے کی درخواست پر ہمدردانہ غورکرکے عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔ بعد ازاں چیف جسٹس نے شیخ زید اسپتال کا دورہ کیا ۔چیف جسٹس ثاقب نثار کی آمد سے قبل اسپتال انتظامیہ کی جانب سے صفائی کے انتظامات کیے گئے، سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے اور سراغ رساں کتے کی مدد سے تلاشی لی گئی ۔چیف جسٹس نے آپریشن تھیٹر ، آئی سی یو ، کڈنی سنٹر اور ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کیا۔انہوں نے لیور ٹرانسپلانٹ کے یونٹس اور وارڈر کا دورہ بھی کیا اور وہاں پر انتظامات سہولیات کا جائزہ لیا۔

تازہ ترین