• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس پاکستان تارکین وطن کوووٹ کا حق دلائیں، افتخار خان

لندن(ودود مشتاق) عوامی نیشنل پارٹی برطانیہ کے مرکزی رہنما افتخار احمد خان نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی اپنے ملک کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں لیکن انہیں پاکستان کی سیاست میں عملی طور پر حصہ لینے کا حق نہیں ہے، اس لئے چیف جسٹس آف پاکستان فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلائیں۔ وہ گزشتہ روز جنگ ،جیو سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا اوورسیز پاکستانی سب سے زیادہ محب وطن ہیں اور پاکستان کے سیاسی حالات کے بارے میں ہمیشہ فکرمند رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کوسالانہ اربوں ڈالر زر مبادلہ بھجوانے والوں کا بھی اس ملک کی سیاست میں عملی حصہ لینے کا اتنا ہی حق ہے جتنا پاکستان میں رہنے والے عوام کا حق ہے۔انہوں نے کہا انتخابات کے موقع پر جو لوگ سیاسی وفاداریاں تبدیل کر لیتے ہیں انکا ملک کی تعمیر و ترقی میں کوئی کردار نہیں ہوتا۔ مفاد پرست ٹولہ ہر دور میں موجود رہا ہے جو نظریاتی لوگوں کےلئے بھی فضا خراب کرتا ہے۔انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ نگراں حکومتوں کے سیٹ اپ پر شور شرابہ آنے والےانتخابات کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس مسئلے پر میرٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں تاخیر کا سوچا بھی نہیں جا سکتا اور عام انتخابات بر وقت ہونے چاہئیں ورنہ ملک اور جمہوری نظام کو نقصان ہوگا۔افتخار خان کا کہنا تھا کہ ملک میں انتخابات کے آنے سے قبل ہی الزامات کی سیاست کا بازار گرم کردیا گیا ہے۔ ان الزامات کے پیچھے کن لوگوں کا ہاتھ ہے انہیں بےنقاب کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملکی سیاست میں مثبت تنقید کو سراہتے ہیں لیکن غصے اور انتقام کی سیاست نے فضا مکدر کر رکھی ہے۔ انہوں نے نگراں حکومت سے شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔ اے این پی کے رہنما نے پاکستان میں صحافیوں پر تشدد اور انکے اغوا کی شدید مذمت کی اور کہا کہ تنقید کرنا اور تنقید برداشت کرنا جمہوری معاشرے کا حسن ہوتا ہے لیکن جسمانی ایذا رسانی سے معاشرے میں خرابیاں پیدا ہوتی ہیں۔
تازہ ترین