• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

افطار ڈنر: کھانا جیسا بھی ہو لذیز ہونا چاہیے

افطار ڈنر: کھانا جیسا بھی ہو لذیز ہونا چاہیے

رمضان المبارک مسلمانوں کا مقدس ترین مہینہ ہے ۔ اس بابرکت مہینے میں امت مسلمہ سحری و افطاری کاباقاعدہ اہتمام کرتی ہے۔ افطاری کی رونقیں لذت بھرے کھانوں سے دوبالا ہو جاتی ہیں۔ دنیا بھر کے مسلمان اس مہینے میں افطار پارٹیوں کا بھی اہتمام کرتے ہیں، جس میں دوست احباب کو دعوت دی جاتی ہے ۔دیکھاگیا ہے کہ افطار پارٹیوں کا انتظام زیادہ تر ماہ رمضان کے آخری عشرے میںکیا جاتا ہے۔ یہ افطار پارٹیاں رشتہ داروں اور دوستوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا موقع فراہم کرتی ہیں ساتھ ہی محبت و پیار کے جذبات کو بھی بڑھاتی ہیں۔یوں تو افطارڈنر ریسٹورانٹس میں بھی ہوتے ہیں تاہم زیادہ تر افراد اپنے گھروں میں ہی دستر خوان سجاتے ہیں ۔ اس دعوت کیلئے گھروں کی خواتین خوب ذوق و شوق سے کام کرتی ہیں اور چند دن پہلے ہی تیاریاں شروع کردیتی ہیں ۔ عموماً اس دسترخوان کودیس بدیس کے طرح طرح کے ذائقہ دار کھانوں سے سجایا جاتا ہے ۔ خواتین کی آسانی کے پیشِ نظر پاکستا ن سمیت دنیا بھر میں بنائے جانے والے افطاری کے مقبول کھانوں کی تراکیب قارئین کی نذر ہیں۔

غلافی کباب

اجزاء۔

قیمہ۔آدھا کلو

شملہ مرچ۔ایک عدد

ٹماٹر( کیوبز)۔ایک عدد

بریڈ سلائس۔ایک عدد

ہری مرچ(باریک کٹی ہوئی)۔چھ عدد

تیل۔ایک چوتھائی کپ

پیاز۔آدھا کپ

ادرک۔ایک انچ کا ٹکڑا

گرم مصالحہ۔ایک چائے کا چمچ

نمک۔ایک چائے کا چمچ

ادرک، لہسن کا پیسٹ۔ایک کھانے کا چمچ

لیموں کا رس۔ایک کھانے کا چمچ

کاجو کا پیسٹ۔ایک کھانے کا چمچ

ہرا دھنیا۔دو کھانے کے چمچ

ملائی۔دو کھانے کے چمچ

ترکیب ۔

قیمے میں شملہ مرچ، ٹماٹر، بریڈ سلائس، ہری مرچ، پیاز، ادرک، گرم مصالحہ، نمک، ادرک لہسن پیسٹ، لیموں کا رس، کاجو کا پیسٹ، کٹا ہرا دھنیا اور ملائی اچھی طرح مکس کریں اور کباب بنا لیں۔

اب پین میں تیل گرم کر کے کباب فرائی کریں۔

آخر میں انہیں چٹنی کے ساتھ سرو کریں۔

کراچی فالودہ

اجزاء۔

دودھ۔ ایک لیٹر

جیلی(سرخ اور ہری) ۔ ایک کپ

چینی۔ آدھا کپ

فالودہ سویاں۔ دو کپ

پائن اپیل۔ ایک کپ

ونیلا آئس کریم ۔ حسب ضرورت

بادام (سلائس کاٹ لیں) ۔ ایک چوتھائی کپ

پستے(سلائس کاٹ لیں) ۔ ایک چوتھائی کپ

سرخ شربت ۔حسب ضرورت

ترکیب۔

سب سے پہلے دودھ میں چینی ڈال کر اتنا پکائیں کہ مرکب گاڑھا ہو جائے،پھر اسے ٹھنڈا کر لیں۔

جیلی کو فریزر میں جما لیں اور کیوبزکاٹ لیں۔

گلاس میں فالودہ سویاں ڈالیں اور اس پر پائن اپیل سلائس، دودھ، آئسکریم اسکوپ ڈال کر سرخ شربت، جیلی، بادام اور پستے کے سلائس چھڑک کر پیش کریں۔

مزیدار کراچی فالودہ تیار ہے ۔

شاشلک اسٹکس ود رائس

اجزاء۔

چکن (بون لیس)۔250گرام (کیوبز میں کٹا ہوا)

لہسن پیسٹ ۔ایک چائے کا چمچ

ادرک پیسٹ۔آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

لال مرچ( پاؤڈر) ۔ آدھاچائے کا چمچ

چائینز نمک۔ آدھاچائے کا چمچ

سویا سوس ۔ ایک کھانے کا چمچ

چلی سوس ۔ ایک کھانے کا چمچ

تل کا تیل ۔دو چائےکے چمچ

ٹماٹر (کیوبز)۔ایک عدد

شملہ مرچ (بڑی)۔ ایک عدد

پیاز۔ ایک عدد

تیل۔ حسب ضرورت

چاول۔ایک کپ (اُبلے ہوئے)

لہسن پیسٹ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

چائینز نمک ۔ ایک چٹکی

چکن پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

نمک اور سیاہ مرچ پاؤڈر ۔حسب ذائقہ

ترکیب ۔

ایک پیالے میں چکن، لہسن پیسٹ، ادرک پیسٹ ، نمک، لال مرچ پاؤڈر، چائینز نمک، سویا سوس، چلی سوس اورتل کا تیل ڈال کر مکس کریں۔

چار گھنٹوں تک میرینیٹ ہونے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔

سوس پین میںایک کھانے کا چمچ تیل گرم کریں۔

اس میں لہسن پیسٹ، چائینز نمک اور چکن پاؤڈر ڈال کر چمچ ہلائیں۔

چاول ،نمک اور سیاہ مرچ پاؤڈر ڈال کر فرائی کریں اور چاولوں کو مولڈ میں نکال کر سیٹ ہونے کے لیے رکھ دیں۔

شاشلک میں میرینیٹ کئے ہوئے گوشت کے کیوبزٹماٹر، پیاز اور شملہ مرچوں کے کیوبز کے ساتھ ترتیب سے پروکر شاشلک اسٹکس تیار کر لیں۔

نان اسٹک فرائنگ پین میں تیل گرم کرکے اس میں اسٹکس کو مسلسل پلٹتے ہوئے فرائی کریں تاکہ گوشت اچھی طرح گل جائے۔

سرونگ ڈش میں شاشلک اسٹکس رکھیں اور مولڈ میں رکھے ہوئے رائس کو ڈش میں الٹ کر سیٹ کریں۔

شاشلک اسٹک ود رائس کو افطار کے دستر خوان کا حصہ بنائیں۔

رشیئن سلاد

اجزاء۔

سیب۔ دو سے تین عدد

انناس کے چھوٹے ٹکڑے۔ ایک پیالی

آلو۔ دو سے تین عدد

گاجر۔ دو عدد

مٹر کے دانے۔ ایک پیالی

نمک۔ حسب ذائقہ

سفید مرچ (پسی ہوئی)۔ ایک چائے کا چمچ

چینی۔ ایک کھانے کا چمچ

لیموں کا رس۔ دو کھانے کے چمچ

مایونیز۔ ایک پیالی

فریش کریم ۔ آدھی پیالی

مایونیز کے اجزاء۔

انڈوں کی زردی۔ دو عدد

نمک۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

سفید مرچ (پسی ہوئی )۔ آدھا چائے کا چمچ

پسی ہوئی رائی۔ آدھا چائے کا چمچ

چینی ۔ ایک چائے کا چمچ

سرکہ یا لیموں کا رس ۔ دو کھانے کے چمچ

کوکنگ آئل ۔ ایک پیالی

ترکیب۔

مایونیز بنانے کے لیے صاف اور خشک پیالے میں نمک، سفید مرچ، چینی اور پسی ہوئی رائی کو انڈے کی زردیوں کے ساتھ ہلکا سا پھینٹ لیں اورمستقل پھینٹتے ہوئے تھوڑا تھوڑا کوکنگ آئل ڈالتے جائیں۔ آخر میں سرکہ ڈال کراتنی دیرپھینٹیں کے آمیزہ اچھی طرح گاڑھا ہوجائے۔ مایونیزتیار ہے، کچھ دیرکیلئے فریج رکھ دیں۔اب تمام پھلوں اور سبزیوں کو ایک سائز کے چھوٹے چوکور ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ایک لیٹر ابلتے ہوئے پانی میں سبزیوں کو علیحدہ علیحدہ تیزآنچ پرتین سے پانچ منٹ تک ابالیں اورگرم پانی سے نکال کران پر ٹھنڈا پانی بہا دیں۔ پھلوں اور سبزیوں کو ملا کر ان میں لیموں کا رس، نمک، سفید مرچ اور چینی شامل کریں اورفریش کریم پھینٹ کرمایونیزمیں ملائیں، مکس پھلوں اورسبزیوں پرانڈیل کراچھی طرح ملالیں۔ رشیئن سلاد تیارہے،دیگر کھانوں کے ساتھ پیش کریں۔

تازہ ترین
تازہ ترین