• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

اس عید پر مہمانوں کے لئے مزیدار چانپیں تیار کریں

اس عید پر مہمانوں کے لئے مزیدار چانپیں تیار کریں

عید کے موقع پر پاکستانیوں کے پسندیدہ کھانوں کی فہرست سے چانپوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ چانپیں مختلف مواقعوں اور تقریبات پر ذوق وشوق سے تیار کی جاتی ہیں اورخاندان کے تمام تر افراد انہیں پسند کرتے ہیں۔چانپوں کی ابتداء برطانیہ میں سترھویں صدی میں کی گئی،جب لندن میں گوشت کو ایک مکمل غذا کے طور پر پیش کئے جانے کا رواج اپنایا گیا۔چانپوں کو بنانے کے لئے مختلف اندازاپنائے جاتے ہیں، جن میں گرلنگ، پین برائلنگ، بیکنگ اور فرائنگ کے طریقے سرِ فہرست ہیں۔

اس عید پر مہمانوں کے لئے مزیدار چانپیں تیار کریں

جبکہ مختلف تہواروں کے موقعوں پر عموماً خاندان کے افراد مل کر گھر کے لان میں انگیٹھی پر گرل کر کے چانپیں بناتے ہیں اور آپسی گپ شپ سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔چانپیں اکثر بکرے کے گوشت کی پسند کی جاتی ہیں جبکہ گائے اور بھیڑ کے گوشت کی چانپیں بھی لوگ شوق سے کھاتے ہیں۔چانپوں کے لئے ربز کا گوشت استعمال کیا جاتا ہےکیونکہ یہ گوشت ذائقے اور غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے۔گوشت کے ساتھ پسلی کی ہڈی بھی چانپوں کا خاصہ ہے۔

اپنی پسند کے مطابق مختلف مصالحہ جات لگا کرگوشت کی غذائیت میں اضافہ کیا جاتا ہے اور خاندان کے تمام افراد اسے کھاتے ہوئے تہوار کی رونق کو دوبالا کرتے ہیں۔چانپوں کی پسندیدگی اوران کی غذائیت کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے ، عید کے اس پر مسرت موقعے پر قارئین کے لئے مزیدار چانپیں بنانےکی تراکیب پیش کی گئی ہیں:

اس عید پر مہمانوں کے لئے مزیدار چانپیں تیار کریں

فرائیڈ چوپس

اجزاء: بکرے کی چانپیں۔ آدھا کلو

ادرک لہسن( پیسٹ)۔ دو چائے کے چمچ

ہری مرچ(پسی ہوئی)۔ ایک چائے کا چمچ

خشخاش۔ ایک کھانے کا چمچ

چار مغز۔ ایک چائے کا چمچ

بریڈ کرمبز۔ ایک سو گرام

بادام (پیسٹ)۔ آدھا کپ

انڈے۔ تین عدد

نمک۔ حسب ذائقہ

تیل۔ تلنے کے لیے

ترکیب: ایک مکسنگ باؤل میں ادرک لہسن کا پیسٹ، ہری مرچ، خشخاش، چار مغز، بادام کا پیسٹ اور نمک اچھی طرح مکس کرکے ایک آمیزہ بنالیں۔یہ آمیزہ چانپوں پر لگا کر ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔پین میں آئل گرم کریں۔ایک پیالے میں انڈے توڑ کر پھینٹ لیں۔چانپوں کو پہلے بریڈ کرمبز میں پھر انڈے میں ڈپ کرکے ڈیپ فرائی کرلیں۔فرائیڈ چوپس تیار ہیں۔ہرےدھنیے، سلاد کے پتے اور ٹماٹروں سے سجا کر پیش کریں۔

چوپس تکہ مصالحہ

اجزاء: بکرے کی چانپیں۔ آدھا کلو

پسی پیاز۔ ایک عدد

ٹماٹر( پسے ہوئے)۔ تین عدد

تیل۔ آدھا کپ

دہی ۔آدھا کپ

ادرک لہسن( پیسٹ)۔ ایک چائے کا چمچ

ہری مرچ ( پسی ہوئی )۔ ایک چائے کا چمچ

قصوری میتھی۔ ایک چائے کا چمچ

تکہ مصالحہ۔ دو کھانے کے چمچ

کریم ۔دو کھانے کے چمچ

ترکیب: بکرے کی چانپوں کو ادرک لہسن کاپیسٹ، دہی اورتکہ مصالحہ کے ساتھ ایک گھنٹے کے لیے میرینیٹ کر لیں۔اب تیل گرم کر کے اس میں پسی پیاز گولڈن براؤن ہونے تک فرائی کریں۔ پھر اس میں میرینیٹ کی ہوئی چانپیں، پسے ہوئے ٹماٹر اور پسی ہری مرچ شامل کر کے ہلکی آنچ پر چانپیں گلنے اور گریوی گاڑھی ہونے تک پکا لیں۔آخر میں کریم ڈال کر ہرے دھنیے اور پراٹھے کے ساتھ سرو کریں۔

چوپس بیلی رام

اجزاء:

چانپیں۔ آدھا کلو

دارچینی۔ ایک ٹکڑا

تلی پیاز (سلائس)۔ دو عدد

ہری الائچی۔ چار عدد

لونگ۔ چار عدد

دہی۔ ایک کپ

تیل۔ آدھا کپ

لہسن(باریک کٹا ہوا)۔ ایک کھانے کا چمچ

دھنیا ۔ایک کھانے کا چمچ

لال مرچ(کُٹی ہوئی)۔ دو چائے کے چمچ

ادرک (باریک کٹی ہوئی)۔ دو کھانے کے چمچ

نمک۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

ہرا دھنیا۔ گارنش کے لیے

ترکیب: چانپوں کو دہی، تلی پیاز، باریک کٹی ادرک، باریک کٹا لہسن، ہری الائچی، لونگ، دار چینی، نمک، کُٹی لال مرچ، کٹا دھنیا، تیل اور ہرے دھنیے سے میرینیٹ کر کے دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔پھر پتیلی میں تیل گرم کر کے میرینیٹ کی ہوئی چانپیں ڈھک کر تیس منٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں۔جب چانپیں اچھی طرح گل جائیں تو ہرے دھنیے سے گارنش کر کے سرو کریں۔

اوریگانو لیمب چوپس

اجزاء:

لیمب چوپس۔ چار سو گرام

اوریگانو۔ ایک کھانے کا چمچ

نمک ۔حسب ذائقہ

سفید مرچ ۔حسب ذائقہ

لہسن ادرک( پیسٹ)۔ایک کھانے کا چمچ

پپیتا پیسٹ ۔ایک کھانے کا چمچ

لیمن جوس۔ ایک کھانے کا چمچ

چکن اسٹاک۔ دو کھانے کے چمچ

سویا ساس۔ دو کھانے کے چمچ

ہری مرچ۔ گارنش کے لئے

ہرا دھنیا ۔گارنش کے لئے

ترکیب:

سب سے پہلے لیمب چوپس کو اوریگانو اور نمک لگا کر فرائی کرلیں۔پھر چکن اسٹاک کیساتھ تمام اجزاء ڈال کر چوپس کو پکالیں۔اب لیمب چوپس پلیٹ میں ہری مرچ اور ہرے دھنیے سے سجا کر ساس کے ساتھ سرو کریں۔

ادرک کے مصالحے دار چوپس

اجزاء:

چوپس۔ آدھا کلو

دہی۔ ایک پیالی

ادرک( پیسٹ)۔ دو کھانے کے چمچ

لال مرچ (کُٹی ہوئی)۔ ایک کھانے کا چمچ

سویا سوس۔ دو کھانے کے چمچ

سفید سرکہ۔ دو کھانے کے چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

تیل۔ ایک پیالی

لیموں۔ تین عدد

کالی مرچ(کُٹی ہوئی)۔ ایک چائے کا چمچ

ترکیب:

چوپس کو اچھی طرح دھوکر دیگچی میں ڈال دیں۔ساتھ ہی اس میں دہی، ادرک کا پیسٹ، لال مرچ، سویا سوس، سفید سرکہ اور نمک ڈال کر اُبال لیں۔جب پانی خشک ہوجائے تو فرائنگ پین میں تیل گرم کرکے چوپس کو ہلکا ہلکا فرائی کریں۔ اب انھیں دوبارہ دیگچی میں ڈال کر لیموں کا رس اور کالی مرچ شامل کرکے توے پر دَم دیں۔ پانچ سے دس منٹ بعد مصالحے دار چوپس گرم گرم نان کے ساتھ سرو کریں۔

کڑاہی چوپس

اجزاء:

اُبلی چانپیں۔ ایک کلو

مکھن۔ سو گرام

دہی ۔ایک کپ

ٹماٹر۔ ایک پاؤ

کریم ۔آدھا کپ

ادرک لہسن( پیسٹ)۔ ایک کھانے کا چمچ

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

الائچی۔ چار عدد

ہلدی۔ ایک چائے کا چمچ

کٹی لال مرچ ۔ڈیڑھ چائے کا چمچ

پیاز۔ دو عدد

ہرا دھنیا۔ آدھی گٹھی

تیل ۔حسب ضرورت

ترکیب:

ایک برتن میں پانی، چانپیں ، ادرک لہسن کا پیسٹ اور ہلدی ڈال کر اُبال لیں۔جب چانپیں گل جائیں تو چولہا بند کر دیں۔ دوسرے پین میں تیل گرم کرکے پیاز گولڈن براؤن کرلیں۔اب اس میں ٹماٹر ، دہی ، کریم، نمک ، الائچی اور کٹی لال مرچ ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔پھر اُبلی چانپیں ڈالیں اور اوپر ہرا دھنیا اور مکھن ڈال کر دَم پر رکھ دیں۔ کڑاہی چوپس تیار ہیں۔

دَم پُخت چوپس

اجزاء:

بکرے کی چانپیں: آدھا کلو

تیل: ایک چوتھائی کپ

کالی مرچ (کُٹی ہوئی) : ایک چائے کا چمچ

میٹ ٹینڈرائزر: ایک چائے کا چمچ

نمک: ایک چائے کا چمچ

ادرک لہسن( پیسٹ ): ایک کھانے کا چمچ

لیموں کا رس: ایک کھانے کا چمچ

سویا سوس : دو کھانے کے چمچ

ترکیب:

بکرے کی چانپوں کو نمک، ادرک لہسن کے پیسٹ، لیموں کا رس، سویا سوس، کُٹی کالی مرچ اور میٹ ٹینڈرائزر سے میرینیٹ کر کے ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اب ایک چوتھائی کپ تیل گرم کر کے اس میں چانپوں کو آدھا کپ پانی کے ساتھ ہلکی آنچ پر گلنے تک پکائیں۔پھر انہیںاُبلی سبزیوں اور فرنچ فرائز کے ساتھ سرو کریں۔

لیمب چوپس ود ٹماٹو ساس

اجزاء:

بکرے کی چانپیں۔ آدھا کلو

نمک۔ حسب ذائقہ

تیل۔ تلنے کے لیے

تیل ۔تین کھانے کے چمچ

لہسن کے جوئے۔ تین سے چار عدد

پیاز۔ ایک عدد

ٹماٹر(اُبلے اور باریک کٹے ہوئے) ۔تین عدد

ہری مرچ۔ دو سے تین عدد

کالی مرچ(کُٹی ہوئی)۔ ایک چائے کا چمچ

ترکیب:

پہلے بکرے کے چانپوں کو تھوڑا سا نمک لگاکر کچھ دیر کے لیے رکھ دیں۔پھر انہیں تیل میں ڈیپ فرائی کرلیں۔تھوڑا سا گولڈن کلر آنے پر نکال کر ایک طرف رکھ دیں۔اب الگ کڑاہی میں تین کھانے کے چمچ تیل گرم کرکے لہسن شامل کریں۔جب وہ گولڈن کلر کا ہو جائے تو پیاز، ٹماٹر اور ایک کپ پانی شامل کر دیں۔اب اس میں چانپوں کو شامل کرکے ڈھک کر گلنے کے لیے چھوڑ دیں۔پندرہ سے بیس منٹ بعد ڈھکن ہٹا کر کالی مرچ اور ہری مرچ شامل کرکے مزید ایک سے دو منٹ تک بھونیں۔پھر ڈش میں نکال کر گرم گرم سرو کریں۔

بیکڈ چوپس

اجزاء:

بکرے کی چانپیں۔ آدھا کلو

دہی ۔آدھا کپ

ادرک لہسن (پیسٹ)۔ ایک چائے کا چمچ

ہری مرچ (پیسٹ)۔ ایک کھانے کا چمچ

زیرہ (بھنا ہوا)۔ دو چائے کے چمچ

پپیتا۔ ایک چائے کا چمچ

کالی مرچ ۔آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ آدھا چائے کا چمچ

آلو(سلائس میں کٹے)۔ دو عدد

ٹماٹر(سلائس میں کٹے)۔ دو عدد

موزریلا چیز۔ ایک کپ

اوریگانو۔ ایک چائے کا چمچ

لہسن۔ دو کھانے کے چمچ

تیل۔ دو کھانے کے چمچ

ترکیب:

بکرے کی چانپوں پر دہی، ادرک لہسن کا پیسٹ، ہری مرچ کا پیسٹ، زیرہ، پپیتا، کالی مرچ اور نمک لگا کر آدھے گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔اب اوون پروف ڈش میں آلو اور ٹماٹر ڈال کر اوپر مصالحہ لگی چانپیں پھیلائیں۔پھر اوپر اوریگانو، موزریلا چیز اور لہسن ڈال دیں۔اس کے بعد تیل ڈال کر اوون میں ایک سو اسی ڈگری پر آدھے گھنٹے کے لیے بیک کر لیں۔

اسپائسی روسٹڈ چوپس

اجزاء:

چانپیں۔ چھ یا سات عدد

دہی۔ آدھا کپ

ادرک لہسن۔ ایک کھانے کا چمچ

کچا پپیتا۔ایک کھانے کا چمچ

کاجو۔ایک کھانے کا چمچ

املی ۔ ایک کھانے کا چمچ

سرخ مرچ پاوٴڈر۔ایک کھانے کا چمچ

لیموں کا رس۔ دو کھانے کے چمچ

زیرہ پاوٴڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

سبزالائچی پاوٴڈر۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

گرم مصالحہ پاوٴڈر۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

نمک اور آئل۔ حسب ضرورت

ترکیب:

چانپوں پر آئل کے سوا تمام اجزا لگا کر دس سے بارہ گھنٹے کیلئے ریفریجریٹر میں رکھ دیں۔پہلے سے چار سو ڈگری سینٹی گریڈ پر گرم اوون میں آئل لگا کر چانپیں روسٹ کر لیں اور گرماگرم سرو کریں۔

تازہ ترین
تازہ ترین