• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

افطاری کے مشروبات کاطاقت سے بھر پور ہونا ضروری ہے

موسموں کی تبدیلی قدرت کی انمول نعمتوں میں سے ایک ہے۔ ہر موسم دوسرے سے مختلف ہوتا ہے جس کی بناء پر لوگ ہر موسم کی انفرادیت سے لطف حاصل کرسکتے ہیں۔رواں سال ماہ رمضان موسم گرما میں ہے، اسی لئے روزہ دار افطاری کے بعد پانی اور مشروبات کا استعمال زیادہ کرتے ہیں ۔ ماہرین کے مطابق افطاری کے بعد استعمال ہونے والے مشروبات غذائیت سے بھرپور ہونے چاہئیں تاکہ جسم کو تما م غذائی اجزاء فراہم ہوسکیں۔موسم گرما میں لیموں ، تخم بالنگا، فالسے اور صندل سے بنائے جانے والے مشروبات کا استعمال بڑھ جاتا ہے جو کہ روزہ داروں کے لئے بھی صحت سے بھرپور ہیں۔

کھٹے میٹھے فالسے کا جوس غذائیت سے بھرپور ہے

خوبصورت رنگ کے حامل چھوٹے چھوٹے فالسے صحت کیلئے بے شمار فوائد مالا مال ہیں ۔ ان کا ذائقہ ترش ہوتا ہے۔فالسہ موسم گرما میں اگرچہ چند دن کیلئے آتا ہے، اس تھوڑے سے عرصے کو غنیمت جانتے ہوئے اس پھل کے شوقین اسے کھانا شروع کردیتے ہیں۔ فالسے کا جوس بچے ، بڑے سب ہی شوق سے پیتے ہیں۔

افطاری کے مشروبات کاطاقت سے بھر پور ہونا ضروری ہے

ماہرین کے مطابق فالسے میں قدرتی طور پر ایسے غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں جو کہ ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رکھتے ہیں اس میں وافر مقدار میں پانی ہوتا ہےیوں یہ جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونے دیتا ۔ یرقان اور جگر کے دیگر امراض کی صورت میں مفید رہتا ہے۔ گرمی کے بخار میں ڈاکٹر اس کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔ اسی طرح یہ جسم میں خون کی مقدار بڑھانے کے لئے بھی مفید رہتا ہے ۔

اجزاء۔

فالسے ۔چار چھٹانک

چینی (سفید دانے دار)۔ چار چھٹانک

دہی۔ چار چھٹانک

لیموں (پتی)۔ ایک چھٹانک

ترکیب ۔

فالسے دھونے کے بعد ان کو ایک گھنٹے کیلئے پانی میں بھگودیں ۔

سفید چینی، دہی، لیموں کا رس اور تھوڑا سا نمک ملا لیں۔

خوب ملا کر کسی صاف کپڑے سے چھان لیں۔

مزیدار فالسے کا شربت تیار ہے۔

ترش ذائقہ لیموں کی مزیدارسکنجبین بنائیں

پیلے رنگ کا ترش ذائقہ لیموں ہر خاص و عام میں مقبول ہے ۔ کوئی اس کو پھل ، تو کوئی سبزی کہتا ہے۔ اس کا آبائی وطن چین ہے جہاں پہلی مرتبہ اس کو خوراک کا حصہ بنایا گیا ۔آج کل اسے مشروبات ، کھانوں اور پھلوں میں شامل کر کے استعمال کیا جاتا ہے۔لیموں کی سکنجبین ہر ایک کو پسند ہے۔ موسم گرما میں ہر سو سکنجبین بنانے والے افراد سڑک کے کناروں پر موجود ہوتے ہیںجو معمولی سی قیمت میں لوگوں کو ذائقے سے بھرپور مشروب بنا کر دیتے ہیں ۔

افطاری کے مشروبات کاطاقت سے بھر پور ہونا ضروری ہے

لیموں کا رس وٹامن سی کا ذخیرہ ہونے کے ساتھ ساتھ کئی اہم غذائی اجزاء سے مالا مال ہے۔ماہرین کے مطابق یہ موسم گرما میں جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونے دیتا۔ اس کا باقاعدہ استعمال چہرے کی جھریاں ختم کرتا ہے۔ موٹاپے سے متاثرہ افراد نہار منہ اس کا استعمال کرتے ہیں جس سے کچھ ہی عرصے میں ان کے وزن میں کمی آجاتی ہے ۔ لیموں ہاضمہ بہترکرتاہے ،جب کہ سانسوں کو مہکانے کے لئے بھی اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ گردوں میں پتھری سے پریشان افراد اگر ان کا باقاعدہ استعمال کریں تو صحت یاب ہو سکتے ہیں۔ جسمانی نظام کو بہتر کرنے کے لئے لیموں کا استعمال بہت ضروری ہے ۔

لائم جوس کارڈیل

اجزاء۔

کاغذی لیموں کا رس۔چار گیلن

پانی۔ پانچ گیلن

شکر (سفید)۔ 13سیر

اورنج ایسنس۔ ایک اونس

گلو کوز ۔دو گیلن

ایسنس لیمن۔ چار ڈرام

ترکیب ۔

لیموں کا رس ،شکراور پانی مکس کرکے قوام پکائیں۔

اس میں گلو کوزشامل کرلیں۔

جب شربت کا قوام ایک جیسا ہو جائے تو اتار کر ٹھنڈ اہونے کے لئے رکھ دیں ۔ اس میں لیمن اور اورنج ایسنس ملا دیں۔

بہترین ذائقے کا لائم جوس کا رڈیل تیار ہے۔

تخم بالنگا کو مشروبات میں استعمال کیجئیے

تخم مالنگا یا تخم بالنگا قدرت کا بیش قیمت تحفہ ہے یہ انسانی صحت کے لئے ناگزیر کئی اجزاء سے مالا مال ہے۔ اس کی تاثیر ٹھنڈی ہے اور جسم کی گرمی دور کرتا ہے ۔بنیادی طور پر تخم بالنگا تلسی کے پودے سے حاصل کیا جانے والا بیج ہے ۔ اس کو استعمال کرنے کے لئے اسے پانی میں ایک سے دو گھنٹے بھگو کر رکھا جاتا ہے بعد ازاں اسے مختلف مشروبات میں ڈالا جاتا ہے۔

افطاری کے مشروبات کاطاقت سے بھر پور ہونا ضروری ہے

ماہرین کے مطابق تخم بالنگا کے صحت کے لئے بہت سے فوائد ہیں ۔ اس کا باقاعدہ استعمال جسم کی اضافی چربی ختم کرتا ہے جب کہ یہ ہاضمے کے لئے نہایت مفید ہے

اس مفید بیج میں آئرن کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے جو جسم میں خون کی کمی نہیں ہونے دیتی، اسی طرح اس میں موجود زنک بالوں کی نشو ونما اور افزائش کے لئے بھی اہم ہے۔

تخم بالنگا کی موجودگی مشروبات کو مزید خوش ذائقہ بنا تی ہے جب کہ اس کو دودھ میںشامل کرنے سے اس کی لذت میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس میں کیلشیم وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے،لہٰذا یہ ہڈیوں کو مضبوط کرنے کے لئے اہم ثابت ہوتا ہے ۔

تخم بالنگا شربت

اجزاء۔

لیموں۔ایک عدد

سکواش۔تین چائے کے چمچ

پانی ۔ایک لیٹر

تخم بالنگا۔آدھ کپ (پانی میں بھگوئے ہوئے )

گڑ یاشکر ۔آدھ کپ

ترکیب ۔

گڑ کی شکر کو پانی میں حل کرلیں ۔

پھرسکواش، تخم بالنگا اور لیموں کا رس شامل کرلیں ۔

افطاری سے کچھ دیر قبل فریج میں رکھ دیں۔

صندل کا خوش ذائقہ شربت موسم گرما میں دماغ تروتازہ رکھتاہے

صندل خوشبودار سدا بہار درخت ہے ،جس کی لکڑی بے شمار فوائد کی حامل ہے۔شربت ِصندل موسم گرما کا پسندیدہ مشروب ہے جو کہ نہ صرف ذائقے دارہوتا ہے بلکہ خوشبو میں بھی لاجواب ہے۔ماہرین کےمطابق صندل کا شربت گرمیوں میں دماغ تروتازہ رکھتا ہے اوراس کو تقویت بخشتا ہے ۔اسی طرح یہ بلڈ پریشر کنٹرول رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے

افطاری کے مشروبات کاطاقت سے بھر پور ہونا ضروری ہے

صندل کا شربت

اجزاء۔

سفید صندل کا برادہ ۔سترگرام

چینی۔ 750گرام

گلاب کا عرق۔ 750 گرام

ترکیب۔

صندل کا برادہ اچھی طرح صاف کر کے گلاب کے عرق میں ڈال دیںاور24گھنٹوں تک بھگو دیں ۔

اسےکسی پتیلی میں ڈال کر چولہے پر پکنے کے لئے رکھ دیں ۔ عرقِ گلاب جب خشک ہونے کے بعد آدھا رہ جائے تو دیگچی کو چولہے سے

اتار لیں اور کسی کپڑے سے چھان کر اس میں چینی شامل کر دیں ۔

اب دوبارہ اس محلول کو ہلکی آنچ پر رکھ کر اس قدر پکائیں کہ ایک تار ہو جائے ۔

کسی شیشےکی بوتل کو گرم پانی سےصاف کرنے کے بعدشربت ڈال کر ڈھکن اچھی طرح بند کر دیں ۔

صندل کا عمدہ اور خالص شربت تیار ہے ۔

تازہ ترین
تازہ ترین