• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیازی نے لوٹوں کو ٹکٹ دئیے اور زرداری سے کوئی لینے کو تیار نہیں،شہباز شریف

لاہور ( خصوصی نمائندہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدرسابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام ووٹ کی طاقت سے اگلے انتخابات میں نیازی زرداری سیاست کو دفن کر دیں گے، نیازی نے لوٹوں کو ٹکٹ دے کر اپنا نیا پاکستان دکھا دیا ہے اور زرداری سے کوئی ٹکٹ لینے کو تیار نہیں، مجھے تحریک انصاف کے ان سیاسی کارکنوں سے دلی ہمدردی ہے جنہیں نئے پاکستان کے نام پر دھوکہ دیا گیا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ نیازی کی ٹکٹوں کی تقسیم سے ہی صاف ظاہر ہو گیا ہے کہ اسے اپنی ہار صاف نظر آرہی ہے۔ دوسری طرف زرداری ٹکٹیں لیکر گھوم رہا ہے اور کوئی لینے کو تیار نہیں۔عوام ہر حلقہ میں شیر پر مہر لگا کر سیاسی لوٹوں کی سیاست کو دفن کر دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) ایک نظریاتی جماعت ہے۔ نیازی کے پاس کوئی نظریہ نہیں۔ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔عوام ہماری کارکردگی کو سامنے رکھ کر ہی ووٹ دیں گے۔ نیازی زرداری جہاں بھی جائیں گے ہمارے کام ان کا پیچھا کریں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا موجودہ انتخابات پاکستان کی تاریخ کے سب سے اہم انتخابات ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے گذشتہ پانچ سال میں خدمت کر کے ترقی کی جو بنیاد رکھی اس کو مستحکم کرنے کے لئے اگلے پانچ سال ناگزیر ہیں۔ تمام سروے مسلم لیگ (ن) کی جیت کی نوید سنا رہے ہیں۔ عوام کی محبت ہی مسلم لیگ (ن) کا اثاثہ ہے۔
تازہ ترین