عید الفطر کے موقعے پر عموماً شیریں، میٹھے پکوانوں ہی سے اہلِ خانہ اور گھر آئے مہمانوں کی تواضع کی جاتی ہے۔تو لیجیے، تہوار کی عین مناسبت سے چند روایتی میٹھوں کی تراکیب پیشِ خدمت ہیں۔اور ہاں، امسال17جون کو فادرز ڈے بھی منایا جارہا ہے، تو آپ اپنے ہاتھوں سے ان میں سے کوئی ڈش اپنے والدِ محترم کے لیے بھی بنا سکتے ہیں۔
شاہی قوامی سویّاں
اجزاء: دودھ ڈیڑھ گلاس، سویّاں ایک پیکٹ، تیل دو کھانے کے چمچ، بادام، پستہ، کاجو(باریک باریک کاٹ لیں) حسبِ ضرورت، چھوٹی الائچی پانچ عدد،چینی آدھا کپ،زعفرانی رنگ دو چٹکی،کھویا آدھا کپ اور چاندی کے ورق۔
ترکیب: ایک پتیلی میں تیل گرم کرلیں،پھر اس میں سویّاں ڈال کر برائون ہونے تک بھون لیں۔ اب سویّاں نکال کر پلیٹ میں رکھ دیں اور اسی تیل میں سبز الائچی ڈال کر ہلکا سا فرائی کریں اورسویّاں شامل کر کے مزیدبھون لیں۔ پھر دودھ میں زعفرانی رنگ گھول کر سویّوں میں ڈال کر دھیمی آنچ پر پکنے دیں۔ جب دودھ خشک ہونے لگے، تو چینی شامل کردیں۔ چینی اچھی طرح گھل جائے، تو آدھا کھویا اورآدھے ہی بادام، پستے، کاجو ڈال کر ہلکا سا بھون لیں۔ چولھا بند کر دیں اور سویّاں باؤل میں نکال کربقیہ کھویا اور خشک میوہ جات چھڑک کر چاندی کے ورق سے سجا دیں۔
سویّوں کی کھیر
اجزاء:دودھ ایک لیٹر،سویّاں ایک پیکٹ، بادام، پستہ، کاجو (باریک کٹے ہوئے)دس، دس عدد،کشمش پندرہ سے بیس،چھوہارے(کٹے ہوئے)چھے عدد،سبز الائچی پانچ عدد،گھی تین کھانے کے چمچ اورچینی حسبِ منشاء۔
ترکیب: پہلے دودھ اُبال لیں۔ پھر پتیلی میں گھی گرم کرکے، اس میں بادام، پستے، چھوہارے، کاجو اور کشمش ڈال کر ہلکا سا فرائی کرکے نکال لیں۔پھر اسی گھی میں الائچی ڈال کر کڑکڑائیں اور سویّاں ڈال کر بھون لیں۔ جب سویّاں اچھی طرح سے بُھن جائیں، تو ان میں دودھ ڈال کر ہلکی آنچ پر اتنا پکائیں کہ دودھ گاڑھا ہو جائے۔ پھر اس میں چینی اور آدھے تلے ہوئے ڈرائی فروٹس شامل کرکے مزید پانچ منٹ تک پکنے دیں۔ جب دودھ اچھی طرح گاڑھا ہوجائے اور سویّوں کی شکل پیسٹ کی طرح ہوجائے، تو چولھا بند کر دیں۔ ڈش میں نکال کر اوپر سے باقی ڈرائی فروٹ سجادیں۔
زردہ اسپیشل
اجزاء:چاول آدھا کلو،چینی آدھا کلو،تیل تین کھانے کے چمچ،منقّیٰ(بیج نکال کر)دس عدد، کھوپرا(باریک کٹا ہوا)دوکھانے کےچمچ،بادام(کٹے ہوئے)بیس عدد،پستہ(کٹا ہوا)بیس عدد،الائچی سبزآٹھ عدد،کھویا ایک پائو،زردہ رنگ آدھا چائے کا چمچ،گلاب جامن (چھوٹے سائز کے)دس عدد اوراشرفی (رنگین مکس)آدھا کپ۔
ترکیب: چاول صاف کرکے تین گھنٹے کے لیے بھگو دیں۔ پھر ایک بڑے کُھلے مُنہ کے برتن میں ایک کلو پانی میں زردہ رنگ گھول کر اُبلنے کے لیے رکھ دیں۔جب پانی اُبلنے لگے،تو اس میں چاول ڈال دیں۔جب چاول ایک کنی کچےرہ جائیں، تو نتھار کر جالی میں رکھ دیں۔اب ایک چھوٹے برتن میں گھی ڈال کر الائچی کا تڑکا لگائیں۔پھراس میں پہلےچاول کی تہہ لگائیں،پھرچینی کی۔اس طرح تہہ بہ تہہ بچھاتی جائیں۔پھر تین سے چار منٹ کے لیے ڈھک کر ہلکی آنچ پر رکھ دیں،تاکہ چینی گُھل جائے۔ اس کے بعد ڈھکن ہٹا کر پتیلی کو کپڑے سے پکڑ کرہلائیں ،تاکہ چاول اوپر نیچے ہوسکیں۔ چمچ ہرگز استعمال نہ کریں، ورنہ چاول ٹوٹ جائیں گے۔ چینی کا شیرہ اچھی طرح مکس ہوجائے، تو آدھا کھویا، آدھے ہی بادام، اشرفی،پستے اور منقّیٰ ڈال کر اسی طرح پتیلی ہلا کر مکس کریں اور دو منٹ تک دَم پر رکھ دیں۔ پھر چولھا بند کرکے، ڈش میں نکال کر باقی اجزاء اور گلاب جامن سے سجا دیں۔لیجیے،مزے دار زردہ تیار ہے۔
کسٹرڈ سویّاں
اجزاء:دودھ (فل کریم گاڑھا)ایک لیٹر،چینی آدھا کپ، رنگین سویّاں ایک کپ، کسٹرڈ (اسٹرابیری فلیور) دو کھانے کے چمچ، بادام (باریک کٹے ہوئے)دس عدد، پستہ (باریک کٹا ہوا)دس عدد اورکنڈینسڈ مِلک آدھا کپ۔
ترکیب: دودھ اُبال لیں۔ پھر اس میں رنگیں سویّاں ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب دودھ تھوڑا گاڑھا ہوجائے، تو تھوڑے سے دودھ میں کسٹرڈ گھول کر شامل کریں اور قریباً پانچ منٹ تک پکنے دیں۔ اب اس میں چینی ڈال دیں، جب تک اچھی طرح گاڑھا نہ ہو جائے، ہلکی آنچ پر پکاتی رہیں۔گاڑھا ہونے پر اس میں کنڈینسڈ مِلک بھی شامل کرلیں اور دو منٹ پکا کر چولھا بند کر دیں۔ پھر کسی باؤل میں نکال کر اوپر سے بادام، پستہ چھڑک دیں اور ٹھنڈا ہونے پر کھائیں۔
(نزہت جبیں ضیاء)