• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف الیکشن کمشنر کی نگراں وزیراعظم سے ملاقات، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز فوراً تبدیل کریں،الیکشن کمیشن کا حکومت کو خط

چیف الیکشن کمشنر کی نگراں وزیراعظم سے ملاقات، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز فوراً تبدیل کریں،الیکشن کمیشن کا حکومت کو خط

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، نمائندہ خصوصی) چیف الیکشن کمشنرسردار رضا نے انتخابی امور پر تبادلہ خیال کیلئے نگراں وزیراعظم ناصرالملک سے ملاقات کی ہے جبکہ دوسری طرف الیکشن کمیشن نے حکومت کو خط لکھ کر کہا ہے کہ چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیزکو فوراً تبدیل کریں۔ تفصیل کے مطابق منگل کووزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں نگران وزیراعظم ناصرالملک سے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے ملاقات کی جس میں عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے نگران وزیراعظم کو الیکشن کی تیاریوں پر بریف کیا اور بتایا کہ شیڈول کے مطابق انتخابات کرانے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لیں گے۔ نگران وزیراعظم ناصر الملک نے کہا کہ عام انتخابات آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ ہوں گے۔ حکومت انتخابات کے بروقت انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کو تمام وسائل فراہم کرے گی۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کو فوری تبدیل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو خط لکھ کر حکومت کو آج تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ چاروں صوبوں میں تعیناتیاں آج ہی مکمل کرلیں۔ دوسری طرف تقرریاں بروقت نہ ہونے پر الیکشن کمیشن کا سیکیورٹی کے حوالے سے آج 13جون کو ہونے والا اہم اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ اب یہ اجلاس کل 14جون کو صبح 10بجے ہوگا،اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کریں گے، اجلاس میں نئے تعینات ہونے والے چیف وہوم سیکرٹریز اور آئی جیز شریک ہونگے، ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اس سلسلے میں ایک خط اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو لکھ دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں (آج) تک چیف سیکرٹریز اور صوبائی آئی جیز کی تعیناتیاں مکمل کرے۔ نئے چیف سیکریٹریوں اور آئی جیز کوکل کے سکیورٹی اجلاس میں شریک ہونے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ادھرالیکشن کمیشن نے سکیورٹی اہلکاروں کیلئے گیارہ نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے جس کے مطابق آئندہ عام انتخابات 2018ء میں امن وامان کی ذمہ داریاں سرانجام دینے والے سکیورٹی اہلکاران متعلقہ پریذائیڈنگ آفسران کی اجازت کے بغیر پولنگ سٹیشن کی حدود میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔ سکیورٹی اہلکاران انتخابی عمل کے دوران غیر جانبدار رہیں گے اور کسی سیاسی جماعت یا اس کے امیدوار کے حق میں یا خلاف کام نہیں کریں گے۔ پولنگ عملہ کے ساتھ مکمل تعاون اور اپنے فرائض دیانتداری اور قانون کے مطابق سر انجام دیں گے۔ پولنگ سٹیشن پر امن و امان برقرار رکھنے یااسے بحال کرنے میں پریذائیڈنگ آفیسر کی بوقت ضرورت مدد کریں گے ۔ پولنگ سٹیشن کے باہر رائے دہندگان کی سہولت دیں گے۔ معذور افراد، بزرگ شہریوں ، خواجہ سرائوں اور علیل ووٹروں کو قطار میںسب سے آگے کھڑے کرنے میں مدد کریں گے۔

تازہ ترین