• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خضدار کے قریب ٹریفک کا المناک حادثہ ، 3 افراد ہلاک، 10 زخمی

خضدار (نامہ نگار ) خضدار کے قریب کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ٹریفک کے المناک حادثے میں بھائی بہن سمیت تین افراد ہلاک اور دس سے زائد زخمی ہو گئے ۔ ہلاک اور زخمیوں کو لیویز فورس ،ایف سی ،اور پرائیوٹ گاڑیوں میں ٹیچنگ ہسپتال خضدار پہنچایا گیا ۔ڈپٹی کمشنر خضدار ،کمانڈنٹ قلات اسکاوٹس ،اسسٹنٹ کمشنر سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران حادثہ کا سنتے ہی ہسپتال پہنچ گئے تفصیلات کے مطابق جمعہ کی شب تقریبا ڈیڑھ بجے کے قریب چککو باغبانہ کے مقام پر کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث ڈرائیو ر سے بے قابوہو کر خضدار سے باغبانہ جانے والی کار کو روندتی، قلابازیاں کھاتی ہوئی سڑک سے دور جا گری جس کے نتیجے میں کار میں سوار بھائی بہن عبدالواہاب ولد مٹھا خان نوتانی ،مسماۃ سائرہ بی بی بنت مٹھا خان اور بس کے مسافر رتن ولد جیئند جاں بحق جبکہ نور احمد ،انیل کمار ،دریج ،سروت کمار ،نزیر احمد ،عمار ،عتیقہ ،راجو ،سعیدہ اور خان جان سمیت دیگر متعدد مسافر زخمی ہو گئے جاں بحق اور زخمیوں کو لیویز فورس ،ایف سی فورس ،الغنی ٹرسٹ ،ایدھی ایمبولینسوں سمیت پرائیوٹ گاڑیوں میں گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال خضدار منتقل کر دیا گیا حادثے کی خبر ملتے ہیں ڈپٹی کمشنر خضدار محمد قیصر خان ،کمانڈنٹ قلات اسکاوٹس کرنل ارشد ملک ،ایس ایس پی خضدار ضیاء مندوخیل ،اسسٹنٹ کمشنر خضدار حبیب نصیر ناصر اور دیگر متعلقہ حکام پہنچ گئے جبکہ النور فاونڈیشن ،الغنی فاونڈیشن ،الفواد فاونڈیشن ،خضدار اتحاد کے رضاکاروں نے زخمیوں کے لئے خون کا عطیہ دیا واضح رہے کہ عید کے دنوں میں کوئٹہ کراچی چلنے والی مسافر بس مالکان ڈرائیور وں کو آور ٹائم لگانے پر مجبور کرتے ہیں جس کی وجہ سے ڈرائیوروں پر نیند کا غلبہ طاری ہونے پر ایسے افسوس ناک واقعات رو نما ہوتے ہیں ۔ درایں اثناء میزئی اڈہ میں دو موٹرسائیکلوں کے درمیان تصادم میں باپ اور دو بیٹے زخمی ہوگئے جنہیں فوری پر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ۔
تازہ ترین