• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر مملکت نے نماز عید کراچی، وزیر اعظم نے اسلام آباد میں ادا کی

صدر مملکت نے نماز عید کراچی، وزیر اعظم نے اسلام آباد میں ادا کی

ملک بھر میں عید الفطر آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے، صدر مملکت ممنون حسین نے نماز عید الفطر کراچی جبکہ نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے اسلام آباد میں ادا کی۔

ملک بھر کے تمام شہروں اور دیہات میں نماز عید کے اجتماعات منقعد ہوئے جن میں ملک میں امن واستحکام کے قیام اور امت مسلمہ کی سربلندی کےلیے خصوصی دعائیں کی گئیں، ایک دوسرے سے گلے مل کر مبارک باد بھی دی گئی۔

کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سکھر سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں عید الفطر کے اجتماعات ہوئے، بحریہ ٹاؤن لاہور اور کراچی میں بھی عید الفطر کے اجتماعات منعقد ہوئے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کراچی،چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے گارڈن ٹاؤن لاہور ، گورنر سندھ محمد زبیر نے باغ جناح، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے بادشاہی مسجد، شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن لاہور، خورشید شاہ نے سکھر اور سراج الحق نے منصورہ میں نماز عید ادا کی۔

صدر مملکت نے نماز عید کراچی، وزیر اعظم نے اسلام آباد میں ادا کی
گورنر سندھ محمد زبیر، میئر کراچی وسیم اختر، ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، عامر خان اور خواجہ اظہار الحسن باغ جناح کراچی میں نماز عیدالفطر کے بعد خطبہ سن رہے ہیں-- تصویر: سہیل رفیق

صدر مملکت ممنون حسین اور نگراں وزیر اعظم ناصر الملک اور آرمی چیف قمر جاویدباجوہ کی جانب سے قوم کو عید کی مبارک باد دی گئی ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پرامن ماحول میں عید کا تہوار شہدااورغازیوں کی مرہون منت ہے، ہم اپنے تمام شہداء اور غازیوں کو سلیوٹ پیش کرتے ہیں، پاک فوج کی طرف سے پوری قوم کو عید مبارک ہو۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی تمام پاکستانیوں کو عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دعا کریں آئندہ برس عید نئے پاکستان میں میسر آئے جس کا خواب ہمارے آباؤاجداد نے دیکھاتھا۔

کراچی میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے،علمائے کرام نے نماز عید کےاجتماعات میں عالم اسلام کو درپیش مسائل کے حل، اتحاد و اخوت پر روشنی ڈالی اور ملک بھر میں امن وامان کے قیام اور ملکی ترقی و سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔

صدر مملکت نے نماز عید کراچی، وزیر اعظم نے اسلام آباد میں ادا کی
عید کی نماز سے قبل میئر کراچی وسیم اختر باغ جناح کے باہر گورنر سندھ محمد زبیر کے منتظر ہیں-- فوٹو: سہیل رفیق 

صدرمملکت ممنون حسین نے عید الفطر کی نماز اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کی مسجد میں اداکی جبکہ کراچی میں نماز عید الفطر کا مرکزی اجتماع باغ جناح پولو گراؤنڈ میں ہوا۔

گورنر سندھ محمد زبیر، میئرکراچی وسیم اختر، ایم کیوایم کے رہنماؤں ڈاکٹر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی سمیت اعلیٰ حکام اور اسلامی ممالک کے سفارتکاروں نےباغ جناح میں نماز عید ادا کی۔

نماز عید کے بعد گورنر سندھ اور میئر کراچی لوگوں سے عید ملےاور میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے پوری قوم کو عید کی مبارکباد پیش کی۔

شہر قائد میں نماز عید کے بڑےاجتماعات نشتر پارک، محفل شاہ خراساں، کنزالایمان، سبیل والی مسجد، مسجد عاشق بحریہ ٹاؤن، عید گاہ ناظم آباد، نیو میمن مسجد، جناح گراؤنڈ، کے ایم سی فٹ بال اسٹیڈیم وزیرانی گراؤنڈ، مسجد خیر العمل اور دیگر مقامات پر ہوئے۔

صدر مملکت نے نماز عید کراچی، وزیر اعظم نے اسلام آباد میں ادا کی
نماز عید کی ادائیگی کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار عامر خان سے گلے مل رہے ہیں، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، خواجہ اظہار الحسن، قمر منصور اور دیگر رہنما ساتھ موجود ہیں--  فوٹو: سہیل رفیق

اس موقع پر لاکھوں فرزندان اسلام بارگاہ الہٰی میں سربسجود ہوئے،علمائے کرام نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلم امہ کے اتحاد اور سلامتی کیلئے دعائیں مانگی۔

نماز عید کے بعد بچے ہوں یا بڑے سب ہی نے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور عید کی مبارکباد دی۔

شہر میں نماز عید کے سینکڑوں اجتماعات کے موقع پر شہر کی تمام مساجد اور عیدگاہوں کے اطراف سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے۔

کوئٹہ میں بھی عید الفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے، شہر میں 180 عید گاہوں، مساجد سمیت مختلف مقامات پر عیدالفطر کے اجتماعات منعقد ہوئے۔

کوئٹہ میں 180سےزائد عید گاہوں ، مساجد سمیت مختلف مقامات پر عیدالفطر کے اجتماعات کا اہتمام کیا گیا۔

شہر میں عیدالفطر کا مرکزی اجتماع عیدگاہ طوغی روڈ پر منعقد ہوا، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز عید ادا کی، بعد ازاں سب ایک دوسرے سے ملے اور عید کی مبارک باد دی۔

صدر مملکت نے نماز عید کراچی، وزیر اعظم نے اسلام آباد میں ادا کی
جامع مسجد آرام باغ کراچی میں نماز عیدالفظر کی ادائیگی کے بعد شہری دعا مانگ رہے ہیں-- فوٹو:  سہیل رفیق

اس موقع پر بچے بھی نئے کپٹر ے اور جوتے پہنے انتہائی خوش دکھائی دئیے، عیدالفطر کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات انتظامات کیےگئے، عید کے اجتماعات کے موقع پر پولیس اور ایف سی کے اہلکار تعینات رہے ۔

لاہورمیں 4 ہزار سے زائد مقامات پر عید کے چھوٹے بڑےاجتماعات ہوئے،مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے منصورہ، گورنر پنجاب نے بادشاہی مسجد جبکہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے گارڈن ٹاؤن کی جامع مسجد میں نماز عید ادا کی۔

لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں منعقد ہوا جہاں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے نماز عید ادا کی۔

صدر مسلم لیگ ن اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں نماز عید پڑھی اور کارکنوں سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے نماز عید کراچی، وزیر اعظم نے اسلام آباد میں ادا کی
سبیل والی مسجد گرومندر کراچی میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد شہری باہر نکل رہے ہیں، جبکہ رینجرز اہلکار ان کی حفاظت کے لیے موبائل میں موجود ہیں-- تصویر سہیل رفیق
صدر مملکت نے نماز عید کراچی، وزیر اعظم نے اسلام آباد میں ادا کی
جامع مسجد آرام باغ کراچی میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد کا ایک منظر--- تصویر: سہیل رفیق

شہباز شریف نے اس موقع پر ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی ،جبکہ قوم کے نام پیغام میں انہوں نے اپنی بھابھی بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل کی ہے۔

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے منصورہ میں نماز عید ادا کی،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ 70 سال میں اسلامی نظام نہ ہونے کی وجہ سے ملک غیر یقینی صورت حال کا شکار ہے، الیکشن کے ذریعے پر امن انقلاب واحد حل ہے۔

گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے بادشاہی مسجد میں نماز عید ادا کی، گرینڈ جامع مسجد بحریہ ٹاؤن میں نماز عید کا پر شکوہ اجتماع میں فرزندان اسلام نے ملکی سالمیت اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔

علامہ ابتسام الٰہی ظہیر نے مینار پاکستان گراؤنڈ، جبکہ حافظ عاکف سعید نے باغ جناح میں نماز عید پڑھائی۔

تازہ ترین