• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس عید پر کوکٹیل کھانوں سے لطف اندوز ہوں!

اس عید پر کوکٹیل کھانوں سے لطف اندوز ہوں!

کوکٹیل کی اصطلاح مختلف اشیاء کے ملاپ سے بنائے جانے والے کھانوں یا مشروبات کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔ اس کا آغاز سترھویں صدی سے مختلف مشروبات کویکجا کر کے بنانے سے کیا گیا۔رفتہ رفتہ کوکٹیل کا ٹرینڈ مقبولیت پاتا گیا اور عوام نے اس کے بنیادی نظریے مختلف اشیاء کے مکس کرنے کے عمل کا استعمال تمام تر کھانوں میں شروع کر دیا۔ دیسی بدیسی کھانوں اور اجزاء کے ملاپ سے ہوٹلوں، ریستورانوں اور گھروں میں کھانے بننے لگے۔ کوکنگ شوز میں شیفس نے مختلف کھانوں کو ملا کر کوکٹیل کی تراکیب متعار ف کروانے کی ابتداء کر دی ۔ اس طرح کوکٹیل کا یہ رواج ہر دلعزیز بن گیا اور کھانے کی شوقین عوام نے انہیں شوق سے کھانا بھی شروع کر دیا۔کوکٹیل کھانوں کی جلد مقبولیت کی وجہ ان کا خوش ذائقہ ہونے کے ساتھ ساتھ فائدہ بھی ہے کہ ایسے افراد جو کسی مخصوص سبزی یا فروٹ کو نا پسند کرتے ہیں ، کوکٹیل میں ان کو اس کی موجودگی سے کوئی مسئلہ نہیں ہوتا اور وہ مختلف غذائی اجزاء کا ذائقہ لیتے ہوئے اس خوراک سے لطف اندوز ہو جاتے ہیں۔کوکٹیل کھانوں کے نئے ٹرینڈ کی پسندیدگی اور ان کی مقبولیت کے پیشِ نظر عید پرگھروں میں خواتین کے ذرا ہٹ کر دعوتوں کے اہتمام کے لئےچند مزیدار کھانوں کی تراکیب پیش کی جارہی ہیں۔

میکسیکن پران کوکٹیل

اجزاء:

جھینگے( اُبلے ہوئے )۔ دوسوپچاس گرام

ہری پیاز۔دوکھانے کے چمچ

نمک۔ڈیڑھ چائے کا چمچ

لیموں سلائس۔دوعدد

ڈریسنگ کے لئے:

مایونیز۔چھ کھانے کے چمچ

کیچپ۔چارکھانے کے چمچ

ٹوباسکو۔دوکھانے کے چمچ

چلی گارلک سوس۔ایک کھانے کا چمچ

کریم ۔ایک کھانے کا چمچ

اُبلے انڈے کی سفیدی۔دوکھانے کے چمچ

زیتون (باریک کٹے ہوئے)۔ایک کھانے کا چمچ

نمک۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

کٹی لا ل مرچ ۔ڈیڑھ چائے کا چمچ

ترکیب:

پہلے ایک پیالے میںدوسوپچاس گرام ابلے جھینگوں کو 1کپ پانی،ڈیڑھ چائے کا چمچ نمک،دوکھانے کے چمچے ہری پیاز اور 2عدد لیموں سلائس کے ساتھ8سے 10منٹ کے لئے رکھ دیں۔کوکٹیل ڈریسنگ کے لئے ایک پیالے میں چھ ھانے کے چمچے مایونیز، 4کھانے کے چمچے،2کھانے کے چمچے ٹوباسکو، 1کھانے کا چمچ چلی گارلک سوس، 1کھانے کا چمچ کریم، 2کھانے کے چمچے ابلے انڈے کی باریک کٹی سفیدی ، ایک کھانے کا چمچ باریک کٹے، زیتون، 4/1چائے کا چمچ نمک اور ڈیڑھ چائے کا چمچ کٹی لال مرچ ڈال کر مکس کرلیں۔اب ابلے جھینگوں کو اس میں فولڈ کریں۔پھر کوکٹیل کپس کولیٹس لیوز کے ساتھ پھیلائیں۔ اوپر پران مکسچر ڈال دیں۔آخر میں لیموںسلائس اور پارسلے سے گارنش کرکے ٹھنڈا سرو کریں۔

چکن کوکٹیل پلاؤ

اجزاء:

چاول۔ ایک کلو

مرغی (بون لیس)۔ایک کلو

ہری پیاز(ہرا حصہ باریک کٹا ہوا)۔ چار عدد

گاجر(باریک اور چھوٹے کیوبز)۔ چار عدد

شملہ مرچیں(باریک اور چھوٹے کیوبز )۔چار سے چھ عدد

ادرک، لہسن( پیسٹ)۔ دو کھانے کے چمچ

سیاہ مرچ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

لونگ (باریک پسی ہوئی )۔پانچ عدد

اجوائن (پسی ہوئی)۔ ایک چائے کا چمچ

دار چینی (باریک پسی ہوئی)۔ایک انچ کا ٹکڑا

سونف(باریک پسی ہوئی )۔ ایک چائے کا چمچ

چائنیز نمک۔ دو کھانے کے چمچ

سرکہ۔ دو چائے کے چمچ

سویا سوس۔ دو کھانے کے چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

زعفران۔ چٹکی بھر

گھی۔ حسب ضرورت

ہری مرچیں(بڑی )۔دس عدد

ترکیب:

گوشت میں ادرک، لہسن کا پیسٹ، تھوڑا سرکہ، سویا سوس، زعفران اور نمک ڈال کر میرینیٹ کرکے رکھ دیں۔ اس کے بعد اسے دھیمی آنچ پر فرائی کر کے گولڈن کر کے نکال لیں۔ ایک پتیلی لیں اس میں گھی گرم کر کے اس میں ہری پیاز ڈال کر اسٹرفرائی کر لیں۔ اس میں گاجر اور شملہ مرچیں شامل کر لیں اور اچھی طرح چمچہ چلائیں۔ اس میں سیاہ مرچ پاؤڈر، لونگ، دار چینی، سونف ، اجوائن، نمک اور چائنیز نمک ڈالیں۔ ایک چائے کا چمچ سرکہ اور ایک چائے کا چمچ سویا سوس ڈال کر فرائی کیا ہوا گوشت اور بھگوئے ہوئے چاول ڈالیں اور اس میں اتنا پانی شامل کر یں کہ چاول کھڑے کھڑے رہیں، ابال آنے کے بعد دم پر رکھ دیں۔ آخر میں بڑی ہری مرچیں ڈال کر اچھی طرح مکس کر یں اور سرو کر یں۔

کوکٹیل میٹ بالز

اجزاء

چکن/بیف یا مٹن کا قیمہ ۔پانچ سو گرام

اسپیگٹی۔دو سو گرام

آئل۔ ایک چوتھائی کپ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

پارمیزان چیز۔ تین کھانے کے چمچ

اوریگانو پاؤڈر۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

پارسلے(چوپ)۔ چار کھانے کے چمچ

لال مرچ۔ دو چائے کا چمچ

پیاز(چوپ کیا ہوا )۔ آدھا

ہری مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

بریڈ کرمز۔ چار کھانے کے چمچ

کارن فلور ۔ایک چائے کا چمچ

میدہ ۔ایک چائے کا چمچ

زیتون کا تیل ۔تین کھانے کے چمچ

لہسن(چوپ کیا ہوا) ۔ایک چائے کا چمچ

ٹماٹو کیچپ ۔ڈیڑھ کپ

لیموں کا رس۔ دو چائے کا چمچ

ٹماٹر(چوپ کیا ہوا)۔ دو چائے کے چمچ

ترکیب:

ایک برتن میں چکن قیمہ،نمک،پارمیزان چیزدو کھانے کے چمچ، اوریگانو پاؤڈر،پارسلے دو چائے کے چمچ، کُٹی ہوئی لال مرچ،پیاز، ہری مرچ کٹی ہوئی،بریڈ کرمز،کارن فلوراور میدہ ڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔ملانے کے بعد قیمے کے کوفتے (میٹ بالز) بنا لیں۔ پکانے والے بر تن میں پانی، نمک، آئل ڈال کر اُبال لیں۔ اُبل جانے پر اسپیگٹی ڈال کر تین سے چار منٹ تک اُبال لیں اور چیک کرتے رہیں کہ گل گیا ہے کہ نہیں۔گل جانے پر ایک برتن میں الگ نکال لیں۔پین میں زیتون کا تیل ، لہسن چوپ ہوا ،کوفتے یا میٹ بالز ڈال کر ہلکی آنچ پر لائٹ براؤن ہونے تک دم پر رکھ دیں۔ لائٹ براؤن ہونے پر ٹماٹو کیچپ، لیموں کا رس،پارمیزان چیز ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ ، اور یگانو پیسا ہوا آدھا چائے کا چمچ،چوپڈ پارسلے ایک چائے کا چمچ،ٹماٹر چوپڈ دو چائے کے چمچ ڈال کر تین سے چار منٹ تک دم پر رکھ دیں۔اب ایک برتن میں اُبلی ہوئی اسپیگٹی ڈال کر میٹ بالزاورگریوی ڈال کر سرو کریں۔ آپکی مزے داراسپیگٹی وِد میٹ بالز تیار ہیں۔

کوکٹیل چکن شاشلک

اجزاء:

چکن۔ آدھا کلو

پیاز ۔ایک عدد

شملہ مرچ۔ ایک سے دو عدد

کارن فلور۔ ایک چائے کا چمچ

تیل۔ فرائی کے لیے

ساس کے لیے:

یخنی۔ ایک کپ

نمک۔ آدھا چائے کا چمچ

چلی ساس۔ ایک چوتھائی کپ

ٹماٹر (پیسٹ)۔ ایک کپ

چینی۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

میری نیشن کے لیے:

لہسن ادرک (پیسٹ)۔ ایک چائے کا چمچ

سویا ساس۔ ایک کھانے کا چمچ

بیکنگ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

سرکہ۔ ایک کھانے کا چمچ

انڈے کی سفیدی۔ ایک عدد

میدہ ۔ایک چائے کا چمچ

ترکیب:

چکن اور سبزیوں کو ایک جیسے چوکور ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔چکن کو لہسن ادرک کا پیسٹ، سویا ساس، بیکنگ پاؤڈر، سرکہ، انڈے کی سفیدی اور میدے کے ساتھ آدھے گھنٹے کے لئے میری نیٹ کریں۔پھر ڈیپ فرائی کرکے کچن پیپر پر نکال کر رکھیں تاکہ تیل نکل جائے۔سبزیوں کو تین کھانے کے چمچ تیل میں ہلکا سا فرائی کرکے نکال لیں۔یخنی، نمک، چلی ساس، ٹماٹر پیسٹ اور چینی ملا کر ساس تیار کر لیں۔چکن اور سبزیاں ساس میں ملا کر آخر میں کارن فلور ملائیں۔گرما گرم کوکٹیل شاشلک فرائڈ رائس کے ساتھ سرو کریں۔

کوکٹیل کباب

اجزاء:

چکن (کیوبز کی شکل میں)۔آدھا کلو

ادرک لہسن( پیسٹ)۔ ایک چائے کا چمچ

تلی ہوئی پیاز۔ 2سے3چائے کے چمچ

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

پسا دھنیہ۔آدھا چائے کا چمچ

سرخ مرچ (کٹی ہوئی)۔آدھا چائے کا چمچ

گرم مصالحہ۔ آدھا چائے کا چمچ

پسا زیرہ۔آدھا چائے کا چمچ

ہلدی پاؤڈر۔آدھا چائے کا چمچ

چنے کا پاؤڈر۔ ایک سے دو چائے کے چمچ

پسا ہرا دھنیہ۔ 2 چائے کے چمچ

چیڈر چیز (کدو کش کی ہوئی )۔ 4 چائے کے چمچ

تیل۔ 2 چائے کے چمچ

ترکیب:

ایک چوپر میں چکن، ادرک لہسن کا پیسٹ، تلی ہوئی پیاز،نمک، دھنیہ، کٹی لال مرچ، گرم مصالحہ پاؤڈر، زیرہ، ہلدی، چنے کا پاؤڈر اور ہرا دھنیہ ڈال کر اچھی طرح پیس لیں۔اس قیمے میں چیڈر چیز شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں اور 30 منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ہاتھوں میں تھوڑا سا تیل لگائیں اور قیمے کو سیخ کباب کی شکل دے دیں۔آخر میں کباب کو ہلکی آنچ پر تیل میں پکا لیں اور گھر والوں کو کیچپ کے ساتھ پیش کریں۔

کوکٹیل جوس

اجزاء:

کیلے۔ تین عدد

انناس:ایک عدد

سیب ۔دو عدد

گریپ فروٹ۔ آدھا

شہد یا چینی ۔تین کھانے کے چمچ

برف۔ چار ٹکڑے

لیموں۔ آدھا

ترکیب:

کیلے چھیل کر شہد یا چینی کے ساتھ گرائنڈر میں ڈالیں۔انناس، سیب، لیموں، گریپ فروٹ کا جوس نکال کر کیلے کے ساتھ تیز رفتار پر چلائیں۔برف بھی ساتھ ہی شامل کر یں۔دو منٹ چلا کر نکال لیں۔

چنا کوکٹیل سیلڈ

اجزاء:

چنے (ابلے ہوئے)۔ ایک پیالی

کوکٹیل فروٹ ۔ ایک پیالی

پائن ایپل (باریک کٹےہوئے)۔ تین سلائس

پودینہ۔ایک چوتھائی گٹھی

ہرا دھنیا۔ یک چوتھائی گٹھی

آئس برگ ۔ آدھا پھول

کالی مرچ(کٹی ہوئی ) ۔ایک چائے کا چمچ

کالی مرچ(پسی ہوئی)۔ آدھا چائے کا چمچ

لیموں کا رس۔ دو کھانے کے چمچ

مایونیز۔ پانچ کھانے کے چمچ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

ترکیب:

پہلے ایک پیالے میں کوکٹیل فروٹ اور ا’بلے چنے ڈال کر مکس کرلیں۔ ساتھ میں باریک کٹی ہوئی آئس برگ کا آدھا پھول شامل کردیں ۔ پھر اس میں باریک کٹے پائن ایپل ، باریک کٹا ہرا دھنیا ، پودینہ، نمک ، پسی کالی مرچ ، کٹی کالی مرچ ، لیموں کا رس اور مایونیز ملا کر مکس کریں اور ٹھنڈا ٹھنڈا سرو کریں۔

تازہ ترین