• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، عید کے موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد میں تفریحی مقامات پر آمد

سکھر(بیور ورپورٹ) عید الفطر مذہبی جوش وجذبے ، عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی،نماز عید کی ادائیگی کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں نے جن میں خاص طور پر خواتین اور بچے شامل تھے مختلف تفریحی مقامات اور پارکوں میں دکھائی دیئے جہاں بچے ، بڑے سب ہی عید کے پر مسرت موقع پر خوشیوں کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بچوں کے ساتھ کھیل کود میں مصروف رہے، بچوں کی بڑی تعداد جھولے جھولنے میں مصروف دکھائی دی جبکہ چھوٹے بڑے سب پارکوں میں موجود کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹال جن میں پانی پتاشے، چاٹ، فنگر چپس، برگر ودیگر باربی کیو، مشروبات سمیت کھانے پینے کی مختلف اشیاء تھیں ان سے لطف اندوز ہوتے رہے جبکہ متعدد گھرانے ایسے تھے جو گھروں سے بریانی ودیگر کھانے پینے کی اشیاء پارکوں میں ساتھ لے کر آئے اور وہاں پکنک مناتے ہوئے کھانے پینے کا بھی بھرپور اہتمام کیا گیا۔عید کے موقع پر لوگوں کی بڑی تعدا د تفریحی مقام لب مہران میں موجود تھی جہاں خواتین اور بچوں نے کشتی میں بیٹھ کر دریائے سندھ کی سیر کی ، کشتی چلانے والے افراد کا کہنا ہے کہ وہ پورا سال کوئی خاطر خواہ آمدن حاصل نہیں کرتے لیکن عید الفطر کے تین سے چار روز وہ کشتی میں لوگوں کو سیر کرا کر انہیں اچھی خاصی آمدن ہوجاتی ہے اور اس آمدن سے ان کی عید کی خوشیاں بھی دو بالا ہوجاتی ہیں ، عید الفطر کے موقع پر مختلف علاقوں سے آئے ہوئے محنت کش افراد ہاتھوں میں کھلونے اور غبارے لئے شہر کے مختلف علاقوں، پارکوں اور تفریحی مقامات پر گھومتے دکھائی دیئے ، بچے ان محنت کشوں سے غبارے، کھلونے اور دیگر اشیاء خریدنے میں مصروف تھے۔تفریحی پارکوں اور پبلک مقامات، چوراہوں، شاہراہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی ، شہر کے داخلی راستوں پر پولیس کی جانب سے مشکوک گاڑیوں اور مشتبہ افراد کی کڑی نگرانی کی جارہی تھی خاص طور پر گلوب چوک پر پولیس کی جانب سے متعدد گاڑیوں کو روکاگیا اور ان کی چیکنگ کے ساتھ ساتھ مکمل کوائف بھی دیکھے گئے۔

تازہ ترین