• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں اس سے انتشار پیدا ہو گا، چوہدری شجاعت

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری ی شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بیرونی سازشوں کی موجودگی میں ذاتیات کی بنیاد پر الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں اس سے انتشار پیدا ہو گا، تمام سیاستدانوں کو چاہیے کہ وہ متحد ہو جائیں۔ عوام پاکستان مسلم لیگ کو ووٹ دیں،ہم نے پہلے بھی عوام کی خدمت کی آئندہ بھی کریں گے،وہ سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی، سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین، مونس الٰہی، شافع حسین، حسین الٰہی اور مسلم لیگی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ چوہدر ی شجاعت حسین نے کہا کہ عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کے درمیان ملک کے فیصلے ہونے ہیں لیکن اس وقت ملک کے خلاف بیرونی سازشیں ہو رہی ہیں،ایسے حالات میں جو الیکشن ہوں گے اس کے نتائج سے انتشار پیدا ہو گا، ذاتیات پر الیکشن ہونے ہیں تو ان کا کوئی فائدہ نہیں ملک کی سلامتی سب سے پہلے ہونی چاہئے اس لیے تمام سیاستدانوں کو میرا مشورہ ہے کہ سب مخالفت چھوڑ کر اکٹھے ہو جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آ چکا ہے، ڈالر کا ریٹ اوپر جانے سے عام آدمی کو بہت فرق پڑ رہا ہے، میرے خیال میں عوام کے پاس اس وقت سنہری موقع ہے کہ ن لیگ سے اس سے عوام دشمن اقدامات پر انتخابات میں بدلہ لیں، لوڈشیڈنگ نے معیشت کو تباہ کر دیا، ڈالر مسلم لیگ ن کے بیانیہ کی طرح بے لگام ہو چکا ہے، ن لیگ نے ملک کو معاشی طور پر برباد کر دیا ہے، ن لیگ نے جو کرنا تھا وہ کر چکی اب اس کا حساب دینے کا وقت آ گیا ہے، عوام پاکستان مسلم لیگ کو ووٹ دیں، ہم نے پہلے بھی عوام کی خدمت کی، آئندہ بھی کریں گے۔
تازہ ترین