لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث وہ پولیس افسر جنہیں بطور قاتل انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے طلب کر رکھا ہے انہیں کیس کے حتمی فیصلے تک انکے عہدوں سے الگ کیا جائے، شفاف الیکشن کے ساتھ مظلوموں کو انصاف فراہم کرنا بھی نگراں حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، 4سال ظالم اشرافیہ کیخلاف حصول انصاف کی جنگ لڑی، نظام کرپشن کو جنم اور کرپٹ عناصر کو تحفظ دیتا ہے، اسے بدلے بغیر کچھ نہیں بدلے گا۔ 17جون کو شہدائے ماڈل ٹاؤن کی چوتھی برسی پر مرکزی سیکریٹریٹ میں یادگار شہداء پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ حصول انصاف کیلئے ساری توجہ قانونی جدوجہد پر ہے، نواز شریف اور شہباز شریف سمیت سانحہ میں ملوث سابق وزراء کی طلبی کا اہم کیس لاہور ہائیکورٹ کا فل بنچ سن رہا ہے، 4سال ظالم اشرافیہ کے خلاف حصول انصاف کی جنگ لڑی، اس ظالم نظام کے خلاف ہماری جدوجہد 3دہائیوں پر محیط ہے،ہم سمجھتے ہیں یہ نظام کرپشن کو جنم اور کرپٹ عناصر کو تحفظ دینے والا ہے اسے بدلے بغیر کچھ نہیں بدلے گا۔