• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کشمیریوں کو انسانی ڈھال بنانے کا ایک اور واقعہ

مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو انسانی ڈھال بنانے کا ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، بزدل بھارتی فوجیوں نے پتھراؤ سے بچنے کیلئے کشمیریوں کو اپنی گاڑیوں کے سامنے بٹھالیا، پچھلے دنوں ایک بھارتی میجر نے حملوں سے بچنے کیلئے ایک کشمیری نوجوان کو جیپ کے بونٹ سے باندھ دیا تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک نئی ویڈیو میں دیکھا اور سنا جا سکتا ہے کہ کس طرح مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں سے ڈر کر نوجوان کشمیریوں کو اپنی گاڑیوں کے آگے انسانی ڈھال بنا رکھا ہے۔

ایک طرف بھارتی فوج ہے جسے پوٹا کے کالے قانون کے تحت غیر معمولی اختیارات حاصل ہیں اور دوسری جانب ہیں نہتے کشمیری ، ان نہتے کشمیریوں کو بھارتی فوج تمام بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی کھلے عام خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈھٹائی سے انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

اسی سال اپریل میں ایسی ہی ایک اور ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں بھارتی فوج کے میجر گوگوئی نے ایک کشمیری نوجوان کو چند مظاہرین کے خوف سے اپنی جیپ کے بونٹ سے باندھ رکھا تھا ، بعد میں اُس میجر کو فوجی اعزاز دیا گیا جسے بھارتیہ جنتا پارٹی کی مکمل حمایت حاصل رہی۔۔

بی جے پی کی اُسی حوصلہ افزائی کا نتیجہ یہ نکلا کہ بھارتی فوج نے انسانی ڈھال کو جیسے پالیسی ہی بنا لیا ہے۔

تازہ ترین