• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوجرخان میں نئی لینڈ فل سائیٹ کی قیمتوں پر نظر ثانی

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) ڈسٹرکٹ پرائس اسیسمنٹ کمیٹی نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیلئے گوجرخان میں نئی لینڈ فل سائیٹ کی قیمتوں پر نظر ثانی کی ہےجس سے کروڑوں کی بچت ہو گی۔ اب 2240کنال تین مرلہ اراضی تقریبا 16/17کروڑ روپے میں ایکوائر ہوگی۔جو قبل ازیں 2457کنال دس مرلہ تھی جس کیلئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے273ملین روپے لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر اے سی گوجرخان کو فراہم کئے تھے۔اس میں بھی 255کنال اراضی کم نکلی تھی جس کا نوٹس ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے لیا تھا۔جس کے بعد اراضی کا تعین اور قیمت پر نظر ثانی کی گئی۔اس حوالے سےڈسٹرکٹ پرائس اسیسمنٹ کمیٹی کا اجلاس ڈسٹرکٹ کلیکٹر /ڈپٹی کمشنر طلعت محمود گوندل کی زیر صدارت ہواجس میں ایگزیکٹیو انجینئر بلڈنگ راولپنڈی،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر پراپرٹی راولپنڈی اور اے سی گوجرخان مہرین فہیم عباسی نے شرکت کی۔اجلاس میں پرانی قیمتوں پر غور کرکے نئی قیمتوں کا تعین کیا گیاجس کے مطابق موضع بجنیال میں مختلف اقسام کی718کنال گیارہ مرلہ اراضی چار کروڑ55لاکھ46ہزار5سو روپے کی بن رہی ہے۔موضع ڈیرہ پوٹھی میں1374کنال دو مرلہ اراضی تقریبا سات کروڑ پچاس لاکھ45ہزار5سو روپے ،موضع ساہنگ میں 149کنال نو مرلہ اراضی 83لاکھ 53ہزار5سو روپے میں لی جائے گی جبکہ کل رقم کا 25فیصدکمپلسری لینڈ ایکوزیشن چارجز ہوں گے۔ذرائع کے مطابق پہلے بجنیال میں میرہ اراضی ایک لاکھ بیس ہزار روپے کنال،بنجر قدیم نوے ہزار روپے کنال،غیر ممکن اراضی65ہزار روپے کنال میں خریدنے کی منظوری دی گئی تھی ،اسی طرح ڈیرہ پوٹھی میں لپاڑہ ڈیڑھ لاکھ روپے کنال،میرہ ایک لاکھ بیس ہزار روپے کنال،رکھ نوے ہزار روپے کنال،بنجر قدیم اسی ہزار روپے کنال اور غیر ممکن اراضی 65ہزار روپے کنال میں لینے کی منظوری دی گئی۔ساہنگ میں ریلوے اراضی کے قریب خسرہ نمبر2482میں اراضی کی قیمت ڈھائی لاکھ روپے کنال،میرہ ایک لاکھ بیس ہزار روپے،لپاڑہ ڈیڑھ لاکھ روپے کنال اور رکھ نوے ہزار روپے کنال،بنجر قدیم اسی ہزار روپے اور غیر ممکن اراضی 65ہزار روپے کنال میں لینے کی منظوری گئی تھی۔جس پر ڈسٹرکٹ پرائس اسیسمنٹ کمیٹی نے دوبارہ نظر ثانی کرکے عوام کے کروڑوں روپے بچائے ہیں۔
تازہ ترین