اسلام آباد (این این آئی، آن لائن ،جنگ نیوز) نیب نے نوازشریف، شجاعت، پرویز الٰہی ودیگر کیخلاف تحقیقات بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کیپٹن صفدر سمیت درجنوں کیخلاف انکوائری کی منظوری دیدی نواز شریف و دیگر کیخلاف خوشحال پاکستان اسکیم میں انکوائری کی جارہی تھی، چوہدری منظور الٰہی، پرویز الٰہی، چوہدری شجاعت ،عبد الحمید خان ، ایس عرفان حمید خان،کبیر میڈیکل کالج پشاورانتظامیہ اور دیگر کے خلاف بھی ثبوت نہ مل سکے ،جس کی بناء پر مزید کارروائی روک دی گئی۔ امیر مقام ، ڈی ایچ اے اسلام آباد کی انتظامیہ، بحریہ ٹائون، چیئرمین سی ڈی اے،سابق وزیر خوراک بلوچستان اظہار حسین کھوسہ، وائس چانسلر سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈو جام مجیب الدین میمن، سابق صوبائی وزیر سندھ ضیاء الحسن لانجار،رکن خیبرپختونخوااسمبلی ملک قاسم، چیئرمین سی ڈی اے ، سابق سی پی او ملتان کیخلاف انکوائریوں کی منظوری دیدی گئی۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں منعقد ہوا جس میں مندرجہ ذیل فیصلے کئے گئے۔نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے فیصلوں کی تفصیل کے مطابق نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے پاکستان ٹیلی ویڑن میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں اور بدعنوانی کا کیس ایف آئی اے کو بجھوانے کی منظوری دی۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور دیگر کے خلاف خو شحال پاکستان اسکیم میں عدم ثبوت کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کی منظوری دی۔۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے افتخار رحیم خان، سابق سیکرٹری ورکرز ویلفیئرفنڈ اسلام آباد ، افسران/ اہلکاران اوردیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر تقرریوں اور میڈیکل کالج روات کیلئے 300 کنال زمین مہنگے داموں خریدنے کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 660 ملین روپے کا نقصا ن پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے ڈی ایچ اے اسلام آباد کی انتظامیہ، بحریہ ٹائون، چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر زمین الاٹ کرنے اور ڈی ایچ اے ویلی اور ڈی ایچ اے فیزٹو ایکسٹینشن کوڈویلیپ نہ کرنے کاالزام ہے جس سے ہزار ہا متاثرین کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا جس کا ازالہ کیا جائیگا۔نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق ایم پی اے چوہدری منظور الٰہی، سابق وزیر اعلی چوہدری پرویز الٰہی،سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین اور دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انوسٹی گیشن بند کرنے کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق ممبرپبلک سروس ٹرابیونل عبد الحمید خان ،سابق صدرجی او سی ایچ ایس عرفان حمید خان اور دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انوسٹی گیشن بند کرنے کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق چیف فنانشل آفیسر پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی اکرام نوید اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزم پرمبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے چیئرمین /ڈائریکٹرمیسرز ایرو لیوب پرائیویٹ لمیٹڈ محمد ارشد جلیل اور دیگر کیخلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پراختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بدعنوانی کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے وائس چانسلر سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈو جام ڈاکٹر مجیب الدین میمن اور دیگر کے خلا ف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر یونیورسٹی فنڈز میں خورد برد کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 100 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق سیکرٹری ریوینیوا سٹیمپس اور ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹیز حکومت سندھ گل حسن چنہ اور عبدالرزاق قریشی کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ملزمان پرمبینہ طور پر 770 ایکڑ حکومتی اراضی غیر قانونی طور پرمنتقل کرنے کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ (این آئی سی ایل) کراچی کی انتظامیہ کیخلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پرمبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سی ای او این آئی سی ایل کی غیر قانونی طور پر تقرری کرنے کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے پاکستان اسٹیٹ آئل کے افسران/ اہلکاران کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پرپیٹرولیم مصنوعات کی خریداری میں بدعنوانی اور خرد برد کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 14.2 ارب روپے کا نقصا ن پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق چیئرمین نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ (این آئی سی ایل) ایاز خان نیازی اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر سابق چیئرمین نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ کی تنخواہ اور دیگر مراعات کی شکل میں قومی خزانے کونقصان پہنچانے کا الزام ہے۔