• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

گھر میں پردوں کا استعمال دلکش بھی اور ضرورت بھی

گھر میں پردوں کا استعمال دلکش بھی اور ضرورت بھی

پردے کا استعمال گھروں میں عمومی طور پرروشنی سے بچاؤ اور آپ کی رازداری کو قائم رکھنے کے لیے کیاجاتا ہے، دن میں یہ سورج کی شعاعوں اورتپش سے بچا تاہے جب کہ رات کو کمرے میں اندھیرا کرنے کے کام آتاہے۔کھڑکیوں کے لیے بھاری پردے بنائے جاتے ہیںاور کوشش کی جاتی ہے کہ پردوں کو کھڑکی سے ممکنہ حد تک قریب لگایا جائے تاکہ وہ روشنی کو باآسانی روک سکیںاور آپ گھر کے درجہ حرارت کو بھی کنٹرول کریں۔کھڑکیوں کے لیے پردوں کا انتخاب بنیادی ہے کیونکہ وہ صرف گھر کی سجاوٹ کو مکمل کرنے کے لئے نہیں ہیں بلکہ ان کے ذریعہ ماحول زیادہ آرام دہ محسوس ہوتاہے۔

بیڈروم اور ڈائننگ روم میں ماحول کی خصوصیات کی وجہ سے وسیع پردے بہت اچھے معلوم ہوتے ہیں۔آپ کو آرام دہ اور پرسکون کمرے بنانے کے لئے کپڑے کی اچھی قسم کا انتخاب کرنا ہوگا۔ اگر جگہ بڑی ہے اور کپڑاچھوٹے طول وعرض کا ہے تو آپ ایک پردے کے ساتھ دوسرے پردے کو یکجا کر سکتے ہیں۔پردے کے ڈیزائن کو منتخب کرنے کے لئے کھڑکی کی شکل کو ذہن میں رکھنا ضروری ہے۔ کھڑکی کے طول و عرض کے مقابلے میں لمبائی اور کپڑے کی مقدارکے تناسب کو برقرار رکھا جانا چاہئے۔صحیح طریقے سے کپڑے کی مقدار کا حساب لگائیں تاکہ پردے اچھے لگیں اور کھڑکی کی پوری سطح کو ڈھانپ لین۔اس کے لیے آپ مندرجہ ذیل کام کرسکتے ہیں۔

فولڈ کی تعداد:آپ کوکھڑکی کی چوڑائی تک 30 سینٹی میٹر کا اضافہ کرنا ہوگااور اس کو 2 یا 3 سے ضرب دی جائے تاکہ آپ کے پاس پردے میں فولڈ یا قطاروں کی تعدادآجائے۔

لمبائی: عام کھڑکی کی لمبائی میں 15 سینٹی میٹر کا اضافہ کرنا ضروری ہے۔ اگر آپ کپڑے کی زیادہ مقدارکو ترجیح دیتے ہیں تو10سینٹی میٹر زیادہ شامل کرلیں۔

لٹکنے والا کپڑا: بھاری کپڑے کےپردے زیادہ جاذبِ نظر ہوتے ہیں۔ اگر آپ پردوں میں تازگی چاہتے ہیں تو کینوس، کاٹن اور لینن مثالی کپڑے ہیں۔

زیورات: پردوں کو باندھنے کے لیے خوبصورت ربن کااستعمال بہت عام ہے۔ آج کل مارکیٹ میں ایک سے ایک جھالروالے ربن دستیاب ہیں، جن کاانتخاب آپ کے کمرے کی طرز پر منحصر ہے۔ اس کے علاوہ ریلنگ کوکونوں پرلگانے کے لیے منفرد ڈیزائن کے اسٹاپر بھی مل جاتے ہیں جوپردوں کی خوبصورتی بڑھانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

مثالی رنگ: پردوں کے رنگ کا انتخاب بھی بہت اہمیت رکھتا ہے، کمرے کے رنگ وروغن اور فرنیچر کے رنگ سے مطابقت رکھتے ہوئے پردوں کے رنگ کا انتخاب بہتر ہوتا ہے۔ اگرچہ غیرمماثل رنگ کسی بھی انداز کے لئے بہترین ہیں۔

پردے کے انتخاب کے بعد انھیں لٹکانے کا مرحلہ آتا ہے اور کوشش کی جاتی ہے کہ جتنی محنت پردے کے ڈیزائن کو منتخب کرنے میں صرف کی ہے تو اس کو لٹکانے کا انداز بھی جاذب نظر ہونا چاہیے۔یوں توپردے کو لٹکانے کے مختلف انداز ہیں جن کا انتخاب آپ اپنی پسند کو ملحوظ خاطر رکھ کر کر سکتے ہیں

فلیٹ پینل: یہ اسٹائل بہت سادہ مگر ورسٹائل ہوتا ہے ۔ اس میں کھڑکی کے سائز کا پورا ایک ہی کپڑاہوتا ہے جو کلپ یا رنگ کی مدد سے ریلینگ پر لٹکا دیاجاتاہے۔

پینل پیئر:یہ بہت عام اور مقبول اسٹائل ہے جس میں ریلینگ کی دونوں جانب دو پردے لٹکادیے جاتے ہیں۔

ٹیب ٹاپ: اس قسم کے پردوں میں ہک یا کلپ لگانے کے بجائے اوپر کی طرف لٹکانے کے لیے تھوڑے تھوڑے فاصلے پر کپڑے میں ہی پٹیاں بنائی جاتی ہیںتاکہ وہ باآسانی ریلنگ کے پائپ میں آرپار ہوجائیں۔

رِنگ یاواشر:پردے کے اوپری حصے میں سوراخ کرکے اس میں رِنگ ڈالے جاتے ہیں اور ان میں سے ریلنگ کے پائپ کوگزار کر پردوں کو لٹکایاجاتاہے۔

راڈپاکٹ: آج کل مارکیٹ میں یہ ڈیزائن مقبول ہے، جس میں پردے کے اوپر سے ایک دو انچ کپڑا چھوڑ کر ریلنگ کی راڈ گزارنے کے لیے پاکٹ کی سلائی کی جاتی ہے جس سے پرداایک طرح سے فکس ہوجاتا ہے۔

تھرمل یا بلیک آؤٹ: ایسے پردوں میں مختلف پرتوں میں کپڑے کی سلائی کی جاتی ہے جو روشنی کو روکنے اور کمرے کو ٹھنڈا رکھنے میں بہت زیادہ معاون ثابت ہوتے ہیں۔

کرٹین لائنر: پردوں کو گیلا ہونے سے بچانے کے لیے ضرورت پڑنے پر ان کے اوپرایک اور کپڑالگایا جاتا ہے تاکہ اصل پردہ خراب ہونے سے محفوظ رہے۔

گھر میں کچھ تبدیلی لانی ہو یا ایک نیا انداز دینا ہو تو اس مقصدکے لیے خصوصی طورپر نئی چیزیں خریدی جاتی ہیں، ایسے میں ڈرائنگ روم، بیڈروم اور ٹی وی لائونج کے پردوں کوتبدیل کرنے کا خیال آتا ہے۔بازاروں میں مختلف ڈیزائن،کپڑے، سائز، رنگ اور نقش و نگار کے پردے دستیاب ہیں، اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اپنے کمروں کے لیے کس قسم کی میچنگ یاکنٹراسٹ کے پردے بناناچاہتے ہیں۔ پردوں کے لیے ڈیزائن کا انتخاب بھی کافی اہمیت رکھتا ہے، کیوں کہ خوب صورت ڈیزائن کمرے کاحسن بڑھادیتا ہے اوربعض اوقات تو یہ کمرے کامرکزی نقطہ بن جاتا ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین