بھارت کے معروف گلوکار، موسیقار اور اداکار ہمیش ریشمیا نے ریکارڈ قائم کر دیا، بلومبرگ کی گلوبل پاپ پاور لسٹ میں جگہ بنانے والے پہلے بھارتی فنکار بن گئے۔
معروف گلوکار ہمیش ریشمیا نے بین الاقوامی سطح پر ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا، انہوں نے بلومبرگ کی گلوبل پاپ پاور لسٹ میں شامل ہونے والے پہلے بھارتی فنکار کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
اس فہرست میں بیونسے، پوسٹ مالون، سبرینا کارپنٹر، کولڈ پلے اور شکیرا جیسے عالمی موسیقی کے بڑے نام شامل ہیں۔
ہمیش ریشمیا کو ان کے منفرد انداز گائیکی اور مخصوص آواز کے لیے جانا جاتا ہے۔
بلومبرگ کی یہ فہرست 7 ڈیٹا بیسڈ میٹرکس پر مشتمل ہوتی ہے، جن میں حالیہ لائیو شوز سے حاصل ہونے والی آمدن، ٹکٹوں کی فروخت، البمز اور ڈیجیٹل گانوں کی فروخت اور یوٹیوب ویوز شامل ہیں۔ انہی معیارات کی بنیاد پر دنیا کے بااثر ترین پاپ اسٹارز کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ ہمیش ریشمیا اب تک 2000 سے زائد سپرہٹ گانے دے چکے ہیں جبکہ یوٹیوب پر ان کے گانوں کو 200 ارب ویوز مل چکے ہیں، ان کے حالیہ کنسرٹس اور موسیقی کے شوز کو شائقین کی بھرپور پذیرائی ملی۔
یاد رہے کہ ان کے پہلے اسٹوڈیو البم آپ کا سرور نے عالمی سطح پر تہلکہ مچا دیا تھا اور یہ مائیکل جیکسن کے تھرلر کے بعد دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا البم بنا تھا۔