• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ نے جہلم میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھادیا ہے، لال حسین

بلیک برن( مظہر اقبال چوہدری) پنجاب بھر کی طرح  ضلع جہلم میں بھی ہم نے ترقیاتی کاموں کا جال بچھادیا ہے۔ اگلے ماہ ہونے والے انتخابات میں ہم اپنی کارکردگی عوام کے سامنے لے کر آئیں گے۔ ان خیالات کااظہار مسلم لیگ ن کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی جہلم چوہدری لال حسین نے بلیک برن میں مسلم لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب کاانعقاد مسلم لیگ ن لنکا شائر نے کیا تھا۔ مظفر سلہری، ملک ابرارحسین، چوہدری شفیق القمر، چوہدری محمد خالق اور کونسلر چوہدری تسلیم فاضل نے خطاب کرتے ہوئے چوہدری لال حسین کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ضلع جہلم میں ہم مسلم لیگ ن کے پورے پینل کو کامیاب کرائیں گے۔ چوہدری لال حسین نے کہا کہ ضلع جہلم میں ہمارا مقابلہ ظالم اور کرپٹ لوگوں کے پینل سے ہے، جنہوں نے اپنے گزشتہ دور اقتدار میں ضلع جہلم کے غریب لوگوں کی زمینوں پر قبضے کیے اور جھوٹے مقدمات میں مخالفین کو پھنسایا گیا لیکن ہمارے دور میں کسی قسم کی کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی گئی بلکہ ہم نے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کی طرف توجہ مرکوز رکھی اور ضلع جہلم میں ریکارڈ لاگت سے سڑکوں، ہسپتالوں اور پلوں کے ساتھ ساتھ سکولوں اور کالجوں  کی تعمیر مکمل کی، جہلم گرین بیلٹ کے قیام سے جہلم شہر کی عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا پینل جو گزشتہ انتخابات میں جیتا تھا انشاء اللہ اب بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگا اور میاں نوازشریف اور شہباز شریف کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری رہے گا۔
تازہ ترین