• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
گرم موسم میں پہنیں ٹھنڈے کلرز

گرمی کی مناسبت سے لباس اوراس کے رنگ کا انتخاب کچھ حد تک گرمی کو مات دینے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔اگر آپ باہر کی گرمی سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو لباس اوراس کےرنگو ں کا انتخاب محتاط رہ کر کریں۔ خواتین اور لڑکیاں چونکہ بہت حساس طبیعت کی مالک ہوتی ہیں اس لئے وہ لباس کے انتخاب میں بھی حد درجہ احتیاط سے کام لیتی ہیں، لباس کے انتخاب میں موسم کو ہمیشہ مد نظر رکھا جاتا ہے ۔ کیا آپ نے کبھی محسوس کیا ہے کہ گرمی میں بعض رنگ پہن کر آپ بہتر محسوس کرتے ہیں جب کہ کچھ رنگ آپ کو گرمی کا احساس دلاتے ہیں؟ایسا کیوں ہے ؟ 

ان سب باتوں کا تعلق رنگوں کی خصوصیات سےجڑا ہے کیونکہ ہر رنگ اپنی ایک تاثیر اور توانائی رکھتا ہے۔ کچھ رنگوں کا مزاج گرم ہوتا ہے تو کچھ کا ٹھنڈا،پاکستان میں چونکہ موسم گرما طویل عرصے رہتا ہے اس لیےضروری ہے کہ ایسے لباس کا انتخاب کیا جائے جو خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ آرام دہ اور ہلکے رنگوں کا ہو۔ لباس کے لیے رنگوں کا انتخاب ایک اہم ترین مرحلہ ہے، بالخصوص موسم گرما میں۔ کیا آپ بھی کنفیوژن کا شکار ہوتی ہیں کہ رنگوں کا انتخاب کیسے کیا جائے؟ اگر ایسا ہے تو آئیے جانتے ہیں کہ وہ کون سے رنگ ہیں جن کااستعمال آپ کو موسم گرما میں ضرور کرنا چاہیے۔

لائٹ پرپل

گرم موسم میں پہنیں ٹھنڈے کلرز

سرخ اور نیلے رنگ کا ملاپ’’ کاسنی رنگ ،،پرسکون زندگی اور ہلّے گلّے کی عادت کے بیچ جنگ کا اظہار ہے ۔موسم گرما میں کاسنی رنگ کے ملبوسات کا استعما ل بڑھ جاتا ہے۔ 

یہ رنگ پہننے والے کو ہی نہیں بلکہ دیکھنے والوں کی آنکھوں کو بھی سکون کا احسا س فراہم کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ موسم گرما میں یہ رنگ خواتین کی پسند پر غالب رہتا ہے ،اس رنگ کو پہننے کے بعد یقیناً آپ بھی خود کو ہلکا پھلکا محسوس کریں گی۔

آسمانی

گرم موسم میں پہنیں ٹھنڈے کلرز

یہ رنگ چونکہ سفید اور نیلے رنگ کی آمیزش سے بنتا ہے، اس لیے یہ ٹھنڈا رنگ مانا جاتاہے ۔ورکنگ ویمن موسم گرما میں اس رنگ کا انتخاب دن کے اوقات میں کریں تو بہترہے ۔

اس رنگ کی تاثیر چونکہ ٹھنڈی ہے اس لیےیہ رنگ پہننے کے بعد آپ خود کو ہلکا پھلکا محسوس کریں گی ۔


گلابی

گرم موسم میں پہنیں ٹھنڈے کلرز

سرخ اور سفید رنگ کے امتزاج سے بننے والا گلابی رنگ مزاج میں ٹھنڈا ہوتا ہے۔ دنیا بھر میں گلابی رنگ کو لڑکیوں میں بہت مقبول سمجھا جاتا ہے اور دیکھنے میں بھی بہت بھلا لگتا ہے۔ 

اگر اس رنگ کا استعمال تھوڑے گہرے شیڈ میں کیا جائے تو تشدد اور ذہنی انتشار کو کم کرنے کے لیے مؤثر سمجھا جاتا ہے۔ بے بی پنک رنگ کے ملبوسات کا مقابلہ نہیں ہوسکتا، اس رنگ کو پسند کرنے والی خواتین پرسکون رہنا پسند کرتی ہیں۔

لائٹ گرین (ہلکاسبز)

گرم موسم میں پہنیں ٹھنڈے کلرز

لائٹ گرین کہیں یا ہلکاسبز رنگ ،اپنے ٹھنڈے مزاج کے باعث یہ موسم گرما کے لیے بہترین رنگ ہے۔ اس رنگ کو دیکھتےہی ٹھنڈک کا احساس ہونے لگتا ہے، یہ رنگ دن اور رات کے اوقات میں یکساں طور پر زیب تن کیا جاسکتا ہے۔

اس رنگ کو ہلکے اور گہرے دونوں شیڈز کے کنٹراسٹ کے ساتھ پہنا جائے تو آپ کےلیے اپنی شخصیت کا ایک خاص تاثر قائم کرنا بے حد آسان ہوجاتا ہے۔ موسم گرما میں ہونے والی شادی بیاہ کی تقریبات کے لیے بھی سبز رنگ کے ساتھ سلور کڑھائی یا کام گرمیوں کی مناسبت سے کافی موزوں ہوتاہے۔

سفید

گرم موسم میں پہنیں ٹھنڈے کلرز

سفید رنگ سخت اور چلچلاتی گرمی کے لیے بہترین ہے۔ یہ رنگ مزاج میں ٹھنڈا ہونے کے باعث سورج کی تیز شعاعوں کو منعکس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔اس وجہ سے سورج کی تیز شعاعیں جسم میں داخل نہیں ہوپاتیں۔ 

یہی وجہ ہے کہ معروف ڈیزائنر بھی موسم گرمامیں ایسے ملبوسات، جن میں سفید رنگ نمایاں ہو، پہننے کا مشورہ دیتے ہیں۔ تیز دھوپ میں باہر نکلتے وقت سفید رنگ کا اسکارف یا دوپٹہ سرڈھانپنے کے لیے موزوں ہے۔

گرے (سرمئی)

گرم موسم میں پہنیں ٹھنڈے کلرز

سرمئی درمیانہ رنگ کہلاتا ہے،ا س کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے ۔چنانچہ موسم گرما میں اس رنگ کا استعما ل بھی بہترین ہے ۔تاہم ماہرین کی رائے اس رنگ کے زیادہ استعمال کے حق میں نہیں ہے کیونکہ اس رنگ کا زیادہ استعمال چاہے کمرے میں کیا گیا ہو یا وارڈروب میں، شخصیت میں اداسی لاتا ہے۔

اگر آپ بھی یہی سوچتی ہیں تو آج سے اپنی ائے تبدیل کریں اور موسم گرما میں سرمئی رنگ کے ملبوسات بھی اپنی وارڈروب میں شامل کرلیں۔

تازہ ترین