• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ فٹ بال کپ آن ریکارڈ، برازیل کی آخری لمحات میں کامیابی

کراچی (عبدالحفیظ نوری) ورلڈ فٹ بال کپ کے گروپ۔ڈی میں نائیجیریا نے آئس لینڈ کو صفر۔2 گول سے ہرادیا دونوں گول احمد موسیٰ نے بنائے، ان کا ایک شاٹ کراس بار سے بھی ٹکرایا۔ آئس لینڈ کے گلفی سیگورڈسن نے پنالٹی کک ضائع کی۔ اس میچ میں بھی آئس لینڈ کے کھلاڑی کے زخمی ہونے پر 6؍ منٹ کا اضافی وقت دیا گیا۔ احمد موسیٰ انگلش پریمیئر لیگ میں لیسٹر سٹی فٹ بال کلب سے کھیلتے ہیں لیکن گزشتہ سیزن لون پر سی ایس کے اے ماسکو سے کھیلا۔ اس گروپ سے کروشیا پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرچکا ہے جوآئندہ منگل کو آئس لینڈ سے کھیلے گا جبکہ نائیجیریا اپنا فیصلہ کن میچ ارجنٹائن کے خلاف کھیلے گا۔ نائیجیریا ورلڈ کپ میں اپنا میچ جیتنے والی دوسری افریقی ٹیم ہے اس سے قبل گروپ۔ایچ میں سینیگال نے پولینڈ کو 2-1 گول سے ہرایا تھا۔ آئس لینڈ جس کے معنی برفانی سرزمین کے ہیں اس کے کھلاڑیوں کو ولووگراڈ کی گرمی نے مار دیا یہ ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنے والا آبادی کے لحاظ سے سب سے چھوٹا ملک ہے۔٭2018ء کے ورلڈ فٹ بال کپ میں برازیل نے کوسٹاریکا کو صفر۔2 گول سے ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کی پہلے میچ میں سوئٹزرلینڈ سے مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا تھا۔ کوسٹاریکا کے خلاف میچ میں برازیل کے دونوں گول انجری ٹائم میں بنے ۔ جوکوٹہنیو اور نیمار نے اسکور کئے۔ سربیا کے خلاف گول بھی کوٹہنیو نے بنایا تھا۔ برازیل نے کوسٹاریکا کے خلاف 11؍ میں سے 10؍ میچ جیتے ہیں۔ اسے 1960ء میں ایک دوستانہ میچ میں کوسٹاریکا کے خلاف واحد شکست ہوئی تھی۔ کوسٹاریکا نے ورلڈ کپ ٹوررنامنٹس میں اب تک دومیچ ہارے اور تین برابر کھیلے، کوئی میچ نہیں جیتا۔ نیمار نے برازیل کا دوسرا گول 96:49منٹ میں کیا جو 1966ء کے ورلڈ کپ کے بعد ریکارڈ اسٹاپیج ٹائم ہے۔ برازیل اب تک 13؍ میچوںمیں ناقابل شکست ہے 9؍ جیتے اور چار برابر کھیلے۔ نیمار کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ورلڈ کپ کے اب تک دو میچوں میں اس پر 14؍ فائول کئے گئے، اتنے کسی فٹبالر پر فائول نہیں ہوئے۔ برازیل کے لئے گزشتہ 17؍ میچوں میں نیمار 18؍ گول میں 10؍ گول بنائے اور 8؍ گول کرنے میں مدد دی۔ کوٹہنیو نے گزشتہ چار میچوں میں برازیل کے لئے تین گول کئے اور ایک میں معاونت کی۔٭ ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں کروشیا کی یہ ارجنٹائن کے خلاف پہلی کامیابی ہے۔ اس سے قبل چار میچوں میں ارجنٹائن نے کروشیا کو ہرایا۔ ارجنٹائن کی 1958ء کے بعد پہلے رائونڈ کے میچوں میں یہ بدترین شکست ہے جب چیکو سلواکیہ نے اسے 6-1 گول سے ہرایا تھا۔ 1974ء کے بعد ارجنٹائن پہلی بار اپنے دو اول میچ نہیں جیت سکا۔ کروشیا کا پہلا گول آنٹے ربچ نے بنایا جو اپنے ملک کے لئے اس کا دوسرا گول ہے۔ پہلا گول 2013ء میں لیچن اسٹائن کےخلاف بنایا تھا۔ ارجنٹائن کے لائنل میسی نے کروشیا کے خلاف میچ میں 64؍ منٹ تک گول پر کوئی ٹرائی نہیں کی وہ اب تک کوئی گول کرنے میں ناکام ہیں۔٭ 1978ء کی ورلڈ کپ فاتح ارجنٹائن ٹیم کے رکن اوسوالڈو آرڈیلز نے 2018ء کی ارجنٹائن ورلڈ کپ ٹیم کو ملک کی تاریخ کی بدترین ٹیم قرار دیا ہے۔ انہوںنے لائنل میسی پر ضرورت سے زیادہ بھروسہ کرنے پر ٹیم مینجر جورج سمپائولی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ میسی نے آئس لینڈ کے خلاف میچ میں پنالٹی کک بھی ضائع کی 65؍ سالہ آرڈیلز کے مطابق سمپائولی کا پلان ’’اے‘‘ یہ تھا کہ میسی کو گیند دو اور معجزے کا انتظار کرو لیکن یہ حربہ نہ چلنے کی صورت کوئی پلان ’’بی‘‘ تھا نہ ’’سی‘‘ اور ’’ڈی‘‘۔ اب تک ٹیم میں جو زوال تھا وہ میسی نے تنہا چھپا رکھا تھا وہ افشا ہوا تو پھر باقی کچھ نہ بچا۔ میسی نے ورلڈ کپ کے آخری کوالیفائنگ میچ میں ہیٹ ٹرک کرکے ارجنٹائن کو فائنل رائونڈ میں پہنچایا تھا وہ اپنے ملک کے لئے میچوںمیں 64؍ گول کئے لیکن وہ مسلسل جادو جگانے میں ناکام رہے۔
تازہ ترین