• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
جلفریزی . . . جنوبی ایشیاء کا لذیز پکوان

جلفریزی جسے جھل فریزی، جفریزی یا زلفریزی بھی کہا جاتا ہے ، پاکستان ، بنگلہ دیش اور بھارت کے اہم پکوانوں میں سے ایک ہے ۔

جلفریزی کی ریسیپی برطانوی راج کے دوران پکوان کی کتابوں کی زینت بنی۔ لفظ جلفریزی بنگالی زبان کے لفظ جلفریزی سے ماخوذ ہے، جب کہ بنگالی میں جھل کے معنی مصالحہ دار کھانا اور فارسی میں فریزی سے مراد بہترین غذاہے۔ جنوبی ایشیا ء میں یہ ڈش بنگلہ دیشی، چائنیز، پاکستانی چائنیز، ڈش یا ہندوستانی چائنیز ڈش کے نام سے مقبول ہے ۔ 

یوں تو یہ عرصہ دراز سے برصغیر پاک و ہند کے دستر خوان کا حصہ رہی ہے تاہم2008ءکے بعددنیا بھر میں اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوا۔ ایک اندازے کے مطابق جلفریزی2011ءمیں برطانوی ، انڈین اور نیپالی ریسٹورانٹس کی مقبول ترین ڈش تھی۔جلفریزی ہمیشہ گرما گرم پیش کی جاتی ہے جب کہ اس کے ساتھ چٹنیاں بھی کھائی جاسکتی ہیں۔ مختلف اقسام کی جلفریزی بنانے کی تراکیب قارئین کی نذر ہیں۔

جلفریزی بھری شملہ مرچیں

اجزاء۔

شملہ مرچیں۔ آٹھ عدد

گاجر (کدوکش) ۔ایک عدد

آلو (اْبلے ہوئے) ۔دو عدد

ہری مرچیں (چوپ کی ہوئی) ۔تین عدد

مرغی کی بوٹیاں (اْبلی اور ریشہ کی ہوئی)۔چھ عد د

مٹر۔ڈیڑھ پیالی

ٹماٹو کیچپ۔ڈیڑھ پیالی

بھْنا اور پسا ہوا سفید زیرہ۔ایک چائے کا چمچ

پسا ہو ا لہسن ،ادرک ۔ایک چائے کا چمچ

چلی ساس۔ایک چائے کا چمچ

سرخ مرچ ۔ایک کھانے کا چمچ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

تیل۔ڈیڑھ پیالی

ترکیب۔

شملہ مرچ کودرمیان سے دوٹکڑوںمیںتقسیم کرلیں اور چھری کی مدد سے بیج نکال لیں۔

سوس پین میں تین کھانے کے چمچ تیل گرم کرکے لہسن اور ادرک فرائی کرلیں۔

اس میں آلو، مٹر، گاجر، سرخ مرچ، زیرہ، ٹماٹو کیچپ، مرغی ، چلی سوس، ہری مرچیں اور نمک ملا کر بھونیں ۔

اسے ٹھنڈا کرلیں، شملہ مرچ میں تھوڑا ساآمیزہ بھر لیں، جو بچ جائے اسے محفوظ کرلیں۔

شملہ مرچ کے کٹے ہوئے ٹکڑوں کوایک دوسرے کے اوپر رکھ دیں اور ٹوتھ پکس کی مدد سے بند کردیں۔

فرائینگ پین میں باقی تیل گرم کرکے شملہ مرچوں کو تَل کر نکال لیں۔

شملہ مرچوں کو بچے ہوئے آمیزے پر رکھ کر دَم دیں اور کچھ دیر بعد سرو کریں ۔

چکن جلفریزی

جلفریزی . . . جنوبی ایشیاء کا لذیز پکوان

اجزاء۔

مرغی ۔آدھا کلوگرام ( ہڈی کےبغیر)

پیاز۔تین عدد (باریک کٹے ہوئے سلائس)

شملہ مرچ۔ایک عدد

ادرک۔ ایک سے ڈیڑھ انچ کا ٹکڑا

لہسن۔دس عدد

تازہ ہرا دھنیا۔ایک گٹھی

پسی ہوئی سرخ مرچ ۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

سرکہ۔دو کھانے کے چمچ

زیرہ۔ڈیڑھ چائے کا چمچ

ثابت مرچیں ۔تین عدد

ٹماٹو پیوری۔آدھا کپ

ٹماٹو کیچپ۔دو چائے کے چمچ

نمک۔حسب ذائقہ

تیل۔حسب ضرورت

ترکیب۔

مرغی دھو کر اس کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم کر لیں۔

شملہ مرچ کے چوکور چھوٹے ٹکڑے کر لیں۔

ادرک کو دو حصوں میں تقسیم کرلیں، اس کے آدھے حصے کو باریک کاٹ لیں اور باقی ادرک لہسن کے ساتھ پیس لیں۔

مرغی کے ٹکڑوں میں سرکہ،آدھی سرخ مرچ، آدھا لہسن ادرک پیسٹ اور نمک ملا کر فریج میں میرینیٹ ہونے کے لئے رکھ دیں۔

ایک پین میں تیل گرم کرکے اس میں زیرہ ڈالیں۔پھر ثابت مرچ ڈال کر کچھ سیکنڈز کیلئے فرائی کرلیں۔اب اس میں پیاز ڈال کر تھوڑا سا فرائی کریں۔

لہسن ، ادرک پیسٹ ڈال کردو سے تین منٹ تک پکنے دیں۔

اب مرغی ڈال دیں اورتین سےچھ منٹ تک پکنے دیں،اس دوران چمچ ہلاتے رہیں۔

اب اس میں ٹماٹو پیوری،ٹماٹو کیچپ ،ہرا دھنیا،شملہ مرچ اور باقی مصالحہ جات بھی ڈال دیں۔

تھوڑی دیر آنچ پر رکھ کر اتار لیں اور چاولوں کے ساتھ پیش کریں۔

مٹن جلفریزی

اجزاء۔

بکرے کا گوشت ۔آدھا کلوگرام

ٹماٹو کیچپ۔ ایک کپ

تیل۔ ایک کپ

شملہ مرچ (کیوبز)۔ دو عدد

پیاز۔ دو عدد

ہری مرچ ۔ چار عدد

کالی مرچ ۔ ایک چائےکا چمچ

تل کا تیل۔ ایک چائے کا چمچ

بھنا اور پسا سفید زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

سرخ مرچ ۔ ایک کھانے کا چمچ

ادرک ،لہسن کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

سفید سرکہ ۔دوکھانے کے چمچ

سویا سوس ۔دو کھانے کے چمچ

چلی سوس ۔دو کھانے کے چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

ترکیب ۔

کڑاہی میں تیل گرم کر یں ، اس میں پیاز ڈال کرہلکی گلابی کرلیں ۔

اس میں گوشت، ادرک لہسن کا پیسٹ اور نمک ڈال کر پکائیں۔

جب گوشت کا پانی خشک ہو جائے تو اس میں کٹی لال مرچ ، سویا سوس، سفید سرکہ، چلی سوس اور کٹی کالی مرچ شامل کرکے ہلکا سا بھونیں اور ٹماٹو کیچپ ڈال دیں۔

ایک الگ پین میں تھوڑا تیل شامل کرکے گرم کرلیں، اس میں شملہ مرچ، ہری مرچ اور پیاز اسٹر فرائی کرکے کڑاہی میں ڈال دیں۔

آخر میں تل کا تیل شامل کر کے پانچ منٹ ہلکی آنچ پر دم پر رکھیں۔

مزے دار مٹن جلفریزی تیار ہے۔

چکن جلفریزی مکھنی

اجزاء۔

چکن (بون لیس)۔ ایک کلوگرام

پیاز۔ چار عدد

ہری مرچ۔ چار عدد( کٹی ہوئی )

سرخ مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ

شملہ مرچ۔ آدھا پاؤ

انڈے(سخت ابلے ہوئے)۔ چار عدد

پسا گرم مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ

ٹماٹر۔ ایک پاؤ

لہسن ،ادرک پیسٹ ۔دو چائے کے چمچ

دہی۔ آدھی پیالی

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

ہلدی۔ آدھا چائے کا چمچ

سفید مکھن۔ آدھی پیالی

ترکیب۔

ایک دیگچی میں مکھن ڈال کر گرم کر یں، اس میں چار ٹماٹر کاٹ کر ڈال دیں۔

اب اس کے ساتھ لہسن ،ادرک، ہری مرچ اور ہلدی ڈال کر خوب بھونیں، جب سب اجزاء یکجان ہو جائیں تو دہی اور چکن بھی ڈال دیں۔

پیاز ، ٹماٹراور شملہ مرچ چوکور کاٹ لیں ۔

چار انڈے ابال کرچوکور کاٹ لیں۔

جب گوشت گل جائے تو ٹماٹر، شملہ مرچ، پیاز اور انڈوں کو ہانڈی میں ڈال کر گرم مصالحہ چھڑک دیں اور ساتھ ہی ہر ا مصالحہ بھی چھڑک کر پانچ منٹ کے لئے دم دے دیں۔

رائتے کے ہمراہ سرو کریں۔

سبزیوں کی جلفریزی

اجزاء۔

آلو۔ دو عدد

گاجر۔ دو عدد( گول ٹکڑے کاٹ لیں)

پیاز۔ دوعدد

ادرک( باریک کٹی ہوئی)۔ایک کھانے کا چمچ

ہری مرچ ۔تین عدد

سرخ مرچ ۔تین عدد

ٹماٹو سوس۔ ایک کھانے کا چمچ

سفید زیرہ ،بھنا اور پسا ہوا۔ایک چائے کا چمچ

تیل۔ آدھی پیالی

بند گوبھی۔ ایک پھول(کیوبز بنا لیں)

شملہ مرچ۔ تین عدد( کیوبز بنا لیں)

مٹر( چھلے ہوئے)۔ ایک پیالی

ہرا دھنیا۔ ایک گٹھی( باریک کٹا ہوا)

ٹماٹوپیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ

سفید سرکہ۔ ایک کھانے کا چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

ترکیب۔

سب سے پہلے ایک دیگچی میں سرخ مرچ اور تیل ڈال کر ہلکا سا گرم کر لیں۔

دو منٹ بعد گاجر ، مٹر ، بند گوبھی اور پیاز ڈال کر اسٹرفرائی کر لیں ،پھر ادرک ، نمک، ہری مرچ اور کالی مرچ ڈال دیں ۔

آلو فرائینگ پین میں چپس کی طرح ڈیپ فرائی کر لیں ۔

جب گولڈن برائون ہو جائیں تو دیگچی میں سبزیوں کے اوپر پھیلا کر ڈال دیں ۔

اس پر سرکہ ، ٹماٹو پیسٹ، ٹماٹو سوس اور زیرہ ڈال کر دس منٹ کے لئے ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں ۔

ہرا دھنیا ڈال کر گرم گرم چاولوں کے ساتھ پیش کریں ۔

تازہ ترین
تازہ ترین