جب خوب صورتی، فٹنس اور پُرکشش جلد کی بات کی جائے تو ہالی ووڈ میں ایک سے ایک آرٹسٹ موجود ہے۔ تاہم ان میں سے ، آپ کو کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے تو بہت سوں کا انتخاب جینیفر لوپز ہی ٹھہریں گی۔جینیفر لوپز جب ریڈ کارپٹ پر قدم رکھتی ہیں تو لوگ انھیں مڑ مڑ کر دیکھنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ ایسے میں لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ وہ آخر ایسا کیا کرتی ہیں کہ 48سال کی عمر میں 28سال کی نظر آتی ہیں؟ ہرچند کہ جینیفر کی خوب صورتی کے پیچھے ان کے جینز اور بے داغ چہرے کا کردار ہوسکتا ہے، تاہم ہالی ووڈ کی معروف میک اپ آرٹسٹ میری فلپس کا کہنا ہے کہ اچھی جِلد کا تعلق انسان کے اندر سے ہوتا ہے۔ ’اگرآپ اچھی نیند نہیں لیتی، مناسب مقدار میں پانی نہیں پیتی اوروٹامنز نہیں لیتی تو یہ آپ کی شخصیت میں نظر آئے گا۔آپ یہ سب کرنے لگیں، اس کے بعد آپ اپنے ذہن اور دماغ میں تبدیلی محسوس کریں گی‘۔جینیفر لوپز نے دو بچوں کی ماں ہونے کے باوجود، اپنی عمر کے لیے وقت کو کیسے ایک جگہ روک لیا ہے، آئیے جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔
صبح جلد اُٹھنا
اگر آپ یہ سمجھتی ہیں کہ جینیفر لوپز نے یہ خوبصورتی صبح دیر تک اپنے بیڈ میں سوکر حاصل کی ہے تو آپ بالکل غلط سوچ رہی ہیں۔ وہ صبح جلدی اُٹھ کر سب سے پہلےمراقبہ (Meditation ) کرتی ہیں، جسے وہ خوب صورت نظرآنے اور اچھا محسوس کرنے کی بنیادی وجہ قرار دیتی ہیں۔ اس کے بعد وہ جم جاتی ہیں۔ جسمانی مشقت اور ڈانس جینیفر لوپز کی روزانہ کی مصروفیت میں شامل ہے۔
کم میک ۔اَپ
جینیفر لوپز بیوٹی روٹین کو کم سے کم رکھنے میں یقین رکھتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں، ’’جب کام پر ہوتی ہوں تو مجھے بہت زیادہ میک اپ کرنا پڑتا ہے، اس لیے جب کام پر نہیں ہوتی اس وقت ’کم سے کم میک اپ‘ یا ’نو میک اپ‘پر عمل پیرا رہتی ہوں‘‘۔ وہ اپنے ڈرمیٹالوجسٹ کا تجویز کردہ کلینزر استعمال کرتی ہیں۔ کلینزر کے معاملے میں وہ بہت زیادہ احتیاط سے کام لیتی ہیں کیوں کہ کام کے بعد بہت زیادہ میک اپ سے جان چھڑانے کے لیے کلینزر کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے۔
40s کا بیوٹی روٹین
جینیفر لوپز کہتی ہیں، ’میرا بیوٹی روٹین آج بھی وہی ہے، جو میرے 20s اور 30s میں تھا۔ میں نے زندگی میں جو روٹین بھی اختیار کیا، اسے برقرار رکھنے میں ہی کامیابی کو چُھپا پایا ہے۔میری کوشش ہوتی ہے کہ صحت مند روٹین اختیار کرکے اسی پر فخر محسوس کرسکوں، چاہے وہ صرف جلد کاخیال رکھنا ہو یا پھر پورے جسم کا۔میں SPFکریمز میں یقین رکھتی ہوں‘۔ اس کے علاوہ جینیفر کوشش کرتی ہیں کہ انھیں زیادہ دیر باہر دھوپ میں نہ رہنا پڑے۔
بیوٹی ٹپس
جینیفر لوپز کے نزدیک خوبصورت نظرآنے کا سب سے بہترین مشورہ یہ ہے کہ بھرپور نیند لیں۔ ’اس بات پر میں جتنا زیادہ زور دوں، وہ اتنا ہی کم ہے‘، جینیفر لوپز کہتی ہیں۔ وہ 9سے 10گھنٹے کی نیند کو آئیڈیل قرار دیتی ہیں، جب کہ اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ کم از کم 8گھنٹے کی نیند تو ضرور لیں۔ جینیفر کہتی ہیں، ’میں سمجھتی ہوں کہ خوبصورتی آپ کے اندر سے جھلکتی ہے۔ آپ کو دماغ، روح، جسم اور جذبہ کو ایک دوسرے کے ساتھ توازن میں رکھنا ہوتا ہے‘۔
اپنی ذات پر کام کریں
جینیفر لوپز سے ان کی خوبصورتی کے بارے میں جب بھی پوچھا جاتا ہے، وہ اکثر ایک بات کہتی ہیں، ’جب میں چھوٹی تھی تو مجھے اکثر یہ سُننے کو ملتا تھا کہ 25یا 30سال کی عمر تک آپ اس چہرے کے مالک ہوتے ہیں جو قدرت نے آپ کو عطا کیا ہے۔ اس کے بعد آپ کو وہ چہرہ ملتا ہے، جس کے آپ حقدار ہوتے ہیں۔یہ سننے کے بعد میں یہ سوچتی تھی کہ بہتری اسی میں ہے کہ میں اپنی ذات میں اچھی بنوں‘۔
پروٹین کا استعمال
48سال کی عمر میں جینیفر لوپز کی ’سِکس پیک‘ جسامت کو دیکھ کر کوئی بھی اندازہ لگا سکتا ہے کہ وہ اپنی غذاء کے معاملے میں کس قدر احتیاط پسند ہیں۔ وہ کہتی ہیں، ’بھوک میں ہر انسان کا دل چاہتا ہے کہ جو چیز دستیاب ہو بس وہ کھالی جائے، تاہم میں اس معاملے میں بڑی سخت ہوں۔ میں اس بات کو یقینی بناتی ہوں کہ بھوک میں ایسی غذا کھاؤں جو پروٹین سے بھرپور ہو۔اس سے بھوک زیادہ دیر تک دور رہتی ہے۔ صرف یہی نہیں، پٹھے بنانے کے لیے بھی پروٹین بہترین چیز ہے‘۔
ایک نہیں، دو پرسنل ٹرینرز
نیویارک میں ڈیوڈ کرچ، جینیفر لوپز کے پرسنل ٹرینر ہیں اور جب وہ لاس اینجلس میں ہوتی ہیں ، وہاں ان کی پرسنل ٹرینر ٹریسی اینڈرسن ہوتی ہیں۔
تین چیزوں سے دور رہیں
جینیفر لوپز کہتی ہیں، وہ اچھی صحت، اچھی جلد اور مجموعی خوب صورتی کے لیے تین چیزوں سے ہمیشہ دور رہتی ہیں۔ شراب، سگریٹ اور کیفین۔ ’عمر بڑھنے کے ساتھ یہ چیزیں آپ کی خوبصورتی اور جلد کے لیے زہرِ قاتل بن جاتی ہیں‘، جینیفر لوپز کہتی ہیں۔