کیا آپ کا گھر بھی چھوٹا ہے اور سامان کی زیادتی کے باعث اسٹوریج کی کم جگہ آپ کو پریشان کردیتی ہے؟اگر ایسا ہے تو اپنے اردگرد نظر دوڑائیں، آپ کے اپنے ہی گھر میں ایسی بہت سی جگہیں موجود ہیں جنہیں آپ نظر انداز کررہے ہیں ۔ ہم بات کررہے ہیں آپ کے گھر کی دیواروں ۔ دیواریں کسی بھی گھر کی بنیادکا ایک اہم جزہیں، جن کے بغیر کسی بھی عمارت کی تکمیل ممکن نہیں۔ ہر کمرہ کم از کم چار دیواری پر مشتمل ہوتا ہے جن کو آپ بطوراسٹوریج بھی استعمال میں لاسکتے ہیں۔ اگر آپ بھی گھر میں اسٹوریج کے مسائل سے آشنا ہیں اور گھر کی تعمیرکرتے وقت پیسے بچانا چاہتے ہیں تو ہمارے پاس اس کا بہترین حل موجود ہے۔ درج ذیل اسٹوریج کے کچھ طریقے بتائے جارہے ہیں جن کو آپ اپنے گھر کی تعمیر کے دوران کام میں لاسکتے ہیں۔
لکڑی کے شیلف
اسمارٹ آرگنائزر کے طور پر آپ لیونگ روم،بیڈروم ،ہوم آفس روم یا کچن کی دیوار میں لکڑی کے ہینگنگ شیلف بنواسکتے ہیں ۔ان شیلف میں آپ ضروری میگزین ،گلاسز ،تصویریںاور ڈائری وغیرہ باآسانی جمع کرسکتے ہیں۔اس شیلف کو چھوٹی چھوٹی اور ضروری اشیاءسنبھال کر رکھنے کے لیےاستعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ نہ صرف ایک طرف آپ کے کمرے کی خوبصورتی بڑھائے گا تو دوسری طرف آپ کو اسٹوریج کی جگہ بھی فراہم کرے گا۔
کڈزبیڈ شیلف
بچوں کا روم گھرکے دوسرے بیڈروم کی نسبت چھوٹا ہوتا ہے لیکن سامان پورے گھر میں سب سے زیادہ بچوں کا ہی ہوتا ہے ۔ اس کی وجہ بہت عام سی ہےاور وہ یہ کہ ہم بچوں کی شاپنگ دل کھول کر کرتے ہیں،کتابیں ہوں یا کھلونے، زیادہ سے زیادہ خریدے جاتے ہیں۔ تاہم انھیںحفاظت سے رکھنے کے لیے بچوں کے بیڈ کے اردگرد دیوار میںاسٹائلش شیلف بنواکراسٹوریج کا آسان حل نکالا جاسکتا ہے۔ یہ شیلف گہرے رنگ کے ہوں تو زیادہ مناسب ہےاور ان کی لمبائی اور چوڑائی بیڈ کے سائز کے حساب سے ہونی چاہیے۔
لیونگ روم وارڈروب
وارڈروب کا خیال آتے ہی بیڈروم کا تصور ذہن میں آتا ہے لیکن آپ کچھ نیا کیجیے۔ لیونگ روم کی وہ دیوارجو ایل سی ڈی کے لیے مختص کی گئی ہو، اس پرایل سی ڈی کے نیچے ایک کیبنٹ بنوادیجیے۔کیبنٹ کا سائز ایل سی ڈی کے مقابلے میںتھوڑا کم ہونا چاہیے اور اس کارنگ لیونگ روم میں موجود فرنیچرکے رنگ سے ملتا جلتا ہونا چاہیے ۔
گیراج اسٹینڈ
کیا آپ کے گھر میں گیراج موجود ہے؟ اگر ہے تو گاڑیوں کا سامان اور ضروری اشیاءرکھنے کے لیے آپ کے پاس اچھی خاصی جگہ موجود ہوگی لیکن اگر ایسا نہیں ہے تو آپ گیراج یا گھر کی کسی بھی بیرونی اور عقبی دیوار پر آئرن اسٹینڈ بنواسکتے ہیں۔یہ اسٹینڈ ورٹیکل اسٹائل میں ہو تو زیادہ مناسب ہے، اس اسٹینڈ پر آپ گاڑیوں کا سامان اورگارڈننگ کی ضروری اشیاء رکھ سکتے ہیں ۔اسٹوریج کا اسٹوریج اور اسٹائل کا اسٹائل دونوں ہی آپ کے ہاتھ میںہوںگے۔
ڈسپلے اسٹوریج
ڈسپلے اسٹوریج کے لیےآپ کی راہداری یا ڈرائنگ روم کی دیوار بہترین ہے۔ ان میں کسی ایک دیوار پر افقی حالت میں (Horizontal) میں لکڑی کی سادہ شیلف لگوائی جاسکتی ہیں جنھیں آپ اپنی پسندیدہ کتابوں ،تصویروں اور ڈیکوریشن پیس رکھنے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔یہ شیلف آپ کےگھر کومنظم رکھنے میں بہترین کردار اداکریں گے۔
کچن اسٹوریج
کچن گھر کا لازمی گوشہ ہے، برتنوں کی بڑھتی تعداد کچن میں جگہ کی کمی کا باعث بنتی ہے۔اس کا بہترین حل کچن کی دیوارں کو کام میں لانا ہےاور کچن کیبنٹ کی تعمیر ان دیواروں کے بہترین استعمال کا ایک طریقہ ہے۔ دور جدید میںنت نئے کیبنٹ اسٹائل انسان کی توجہ اپنی جانب مرکوز کروا رہےہیں، آپ بھی اپنی کچن کی دیواروں کو ان کیبنٹ کے جدید اسٹائل سے آراستہ کرنے کے بارے میں سوچ سکتے ہیں۔
سیڑھیوں کے نیچے جگہ سے فائدہ اٹھائیں
خواتین عام طور پر گھروں میں موجود سیڑھیوں کی نچلی سطح کو نظر انداز کردیتی ہیں،اس جگہ کو بیکار سمجھ کر اس سے خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھاپاتیں۔ ا گر آپ چاہتی ہیں کہ محدود جگہ پر زیادہ اسٹوریج کا حصول باآسانی ممکن ہوسکے تو سیڑھیوں کے نیچے موجود خالی جگہ پر سادہ سی الماری یا کیبنٹ بنوالیں۔اس کیبنٹ میں آپ کم استعمال ہونے والے کپڑوں، کھلونوں ، جوتوں اور دوسرے لوازمات کو بے فکری سے یہاں محفوظ کرسکتی ہیں۔
ڈیکوریشن ہینگر
کچن کی چھوٹی چھوٹی جگہوں پرہینگرز کا استعمال
منفرد طریقے سے کیا جاسکتا ہے۔ یہ کوئی
ریک یا کیبنٹ نہیں ہے لیکن یہ ایک بہترین اسٹوریج ہے۔ان میں آپ پلاسٹک یا شیشے کےجار رکھ سکتی ہیں، جو آپکو ہر وقت استعمال کرنا ہوتے ہیں۔