• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’عید ملن‘‘ آج کھانے میں کچھ نہیں بہت کچھ خاص ہے

عید کی گہماگہمی اور دعوتوں کا سلسلہ جاری ہے،نت نئے کھانوں کی خوشبو سے کچن مہک رہے ہیں،یقیناً آپ بھی چاہتی ہوں گی کہ عید ملن پر ایسی دعوت کی جائے جو کھانوں کی لذت کے باعث یادگار ہو،لیجیے آج ہم نے ’’عید ملن ‘‘کے لیے کچھ خاص اہتمام کیا ہے،ان لذیز تراکیب کو آزما کر آپیقیناََ مہمانوں کے دل جیت سکتی ہیں۔

بہاری چکن

اجزاء:

چکن (آٹھ حصے کرلیں) ایک کلو، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ ،نمک حسب ذائقہ، لال مرچ پسی ہوئی (ایک کھانے کا چمچ )،خشخاش دو کھانے کے چمچ، گرم مسالہ پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ،

کچا پپیتا پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، کچی پیاز (پسی ہوئی) آدھی پیالی، تلی ہوئی پیاز آدھی پیالی، دہی آدھی پیالی، کوئلہ چھوٹا ٹکڑا، کوکنگ آئل آدھی پیالی

ترکیب:

چکن کے ٹکڑوں کو دو سے تین کٹ لگا کر اچھی طرح دھو لیں اور صاف کپڑے سے خشک کر لیں- پھر ادرک لہسن، نمک، سرخ مرچ،خشخاش،گرم مسالہ، کچا پپیتا، کچی اور تلی ہوئی پیاز اور دہی لگا کر چکن کو دو سے تین گھنٹوں کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ کوئلے کو چولہے پر رکھ کر اچھی طرح دہکا لیں ،دیگچی میں مسالہ لگی ہوئی چکن ڈال دیں- بیچ میں فوائل پیپر یا پیاز کا چھلکا رکھ کر اس پر کوئلہ رکھ دیں- کوئلے کے اوپر کوکنگ آئل ڈال دیں اور فوراً ڈھک دیں تاکہ دھواں نہ نکلنے پائے- پندرہ سے بیس منٹ بعد کوئلہ نکال کر چکن کو درمیانی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ چکن کا پانی اچھی طرح خشک ہوجائے- پھر پانچ منٹ ہلکی آنچ پر پکا کر چولہے سے اتار لیں-

افغانی نمکین بوٹی

اجزاء:

بکرے کا گوشت (بون لیس) 1/2کلو ،چربی 1پاؤ، کُٹی سیاہ مرچ۔1چائے کا چمچہ ،لہسن ادرک پیسٹ1کھانے کا چمچہ ،پپیتے کا پیسٹ 1/2کپ ،پسی دار چینی1/2چائے کا چمچہ، تیل دو کھانے کے چمچے 

لاہوری نمک حسب ذائقہ

ترکیب:

چربی کے کیوبز کاٹ لیں ۔ ایک مکسنگ باؤل میں بکرے کے گوشت کی بوٹیاں ، چربی ، کُٹی کالی مرچ ،1کھانے کا چمچہ لہسن کاپیسٹ ، 1/2چائے کا چمچہ پسی دار چینی ، حسب ذائقہ لاہوری نمک اور 1/2کپ پپیتے کا پیسٹ مکس کرکے ڈیڑھ سے دو گھنٹوں کے لیے چھوڑ دیں ۔ اب چربی اور مٹن کو باربی کیو اسٹکس پر ایک ایک کرکے لگائیں اور پہلے سے گرم اوون میں بیک کرلیں یاکوئلوں پر سینک لیں یا پھر فرائی کرلیں ۔ آخر میں سیخوں کے ساتھ سرو کریں ۔

حیدرآبادی چکن جنجر

اجزاء:

چکن بون لیس آدھاکلو ،کچی پسی پیاز 2عدد، باریک کٹی ہوئی ہری مرچ 6عدد، کڑی پتے چند عدد، تیل 1پیالی، املی کا رس 1/2پیالی، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، کٹی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ،

ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، ثابت دھنیا ایک کھانے کا چمچہ ،خشخاش ایک کھانے کا چمچہ ،کٹی ہوئی ادرک 2کھانے کے چمچے ،سفید تل 2کھانے کے چمچے،سفیدزیرہ 2/1کھانے کا چمچہ،

نمک حسبِ ذائقہ

ترکیب:

پہلے توے پر ایک کھانے کا چمچہ ثابت دھنیا ، 2/1کھانے کا چمچہ سفید زیرہ، ایک کھانے کا چمچہ خشخاش اور 2 کھانے کے چمچے سفید تل ڈال کر ہلکا سا بھونیں اور پیس لیں۔

اب ایک دیگچی میں ایک پیالی تیل گرم کرکے اس میں 2عدد کچی پسی پیاز ڈلا کر ہلکی گلابی کریں۔ پھر اس میں چکن، ایک کھانے کا چمچہ ادرک لہسن کا پیسٹ حسبِ ذائقہ نمک اور ایک چائے کا چمچہ ہلدی ڈال دیں۔ جب چکن کا پانی خشک ہونے لگے تو اسے ہلکا سا بھون کر ایک کھانے کا چمچہ کٹی لال مرچ ، بھنا اور پسا مسالہ، باریک کٹی ہوئی ہری مرچ، چند کڑی پتے اور املی کا رس شامل کرکے ہلکی آنچ پر دم پر رکھ دیں۔

جب تیل اوپر آنے لگے تو اس میں 2کھانے کے چمچے کٹی ہوئی ادرک ڈال کر مزید 5منٹ کے لئے دم پر رکھ دیں۔ مزے دار حیدآبادی چکن جنجر تیار ہے۔

سنگا پور ین رائس

اجزاء:

مرغی آدھا کلو بغیر ہڈی والا گوشت، پتلے ٹکڑے کرلیں، باسمتی چاول دو پیالی، ابلے ہوئے ،لہسن ادرک دو چائے کے چمچ، پساہوا، انڈے والے نوڈلز500گرام ابلے ہوئے، ٹماٹوکیچپ ایک پیالی، لال مرچ ایک چائے کا چمچ پسی ہوئی، لال مرچ ایک چائے کا چمچ، کٹی ہوئی، سفید مرچ آدھا چائے کا چمچ ، پسی ہوئی، براؤن چینی ایک چائے کا چمچ، سویا سوس 8چائے کے چمچ،گاجر ایک عدد ،بند گوبھی100گرام، شملہ مرچ ایک عدد، ہری پیاز دو عدد،ہری مرچ تین عدد،ادرک ایک انچ کا ٹکڑا کدوکش کیا ہوا ،انڈے دو عدد، آملیٹ کی طرح تلے ہوئے ،نمک حسبِ ذائقہ، کالی مرچ پسی ہوئی ،حسبِ ذائقہ ،

تیل تین کھانے کے چمچ

ترکیب:

مرغی میں نمک، پسی ہوئی کالی مرچ اور ایک چائے کا چمچ سویا سوس ملا کر رکھ لیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کرکے نوڈلز تل کر رکھ لیں۔دیگچی میں ایک کھانے کا چمچ تیل گرم کریں۔ ایک چائے کا چمچ پسا ہوا لہسن ادرک ڈال کر سنہری کریں۔ اس میں مرغی شامل کرکے رنگ تبدیل ہونے تک پکائیں۔اس میں ٹماٹو کیچپ، براؤن چینی، پسی اور کٹی ہوئی لال مرچ،ایک چوتھائی چائے کا چمچ، سفید مرچ،نمک اور تین چائے کے چمچ سویا سوس، ہلکی آنچ پر پکائیں۔ایک کڑاہی میں دو کھانے کے چمچ تیل گرم کرکے ایک چائے کا چمچ لہسن ادرک سنہری کریں۔ اس میں سبزیاں (باریک کٹی ہوئی)، ادرک،ایک چوتھائی چائے کا چمچ سفید مرچ، نمک،چار چائے کے چمچ، سویا ساس، انڈے اور چاول ملا لیں۔سرونگ ڈش میں چاول، مرغی اور نوڈلز کی تہہ لگا کر گرما گرم پیش کریں۔

رس ملائی

اجزاء:

خشک دودھ ایک کپ ،سوجی ایک چائے کا چمچہ، بیکنگ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ ،تیل ایک چائے کا چمچہ ،انڈا ایک عدد، چینی ایک کپ ،دودھ ایک کلو ،الائچی چھ عدد ،بادام ، پستہ

ترکیب:

خشک دودھ میں بیکنگ پاؤڈر، تیل ، الائچی پاؤڈر اور سوجی مکس کرلیں ۔ انڈے کو پھینٹ کرآہستہ آہستہ مکسچر میں شامل کرکے گوندھ لیں اور پیڑے بنا لیں ۔ دودھ میں الائچی ، چینی شامل کرکے اتنا پکائیں کہ دودھ تین پاؤ رہ جائے ۔ اب پیڑے ڈال کر ڈھکن بند کرکے پکائیں تاکہ اندر تک نرم ہو جائیں ۔ پندرہ منٹ بعد پستہ، بادام شامل کرکے پیش کریں۔

تازہ ترین