• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا اور اسرائیل کو ’شکستوں‘ کا سامنا ہے: ایران کا دعویٰ

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

ایران نے ملک بھر میں حکومت مخالف عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے سیکڑوں افراد کی گرفتاری کا اعلان کیا ہے، ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کو جاری کشیدگی میں شکستوں کا سامنا ہے۔

ایرانی حکومت کے مطابق امریکا اور اسرائیل ایران میں نظام کی تبدیلی کی کوشش کر رہے ہیں اور پاسدارانِ انقلاب اور بسیج فورسز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ اسرائیلی حملوں میں سیکیورٹی چیف علی لاریجانی، بسیج کمانڈر غلام رضا سلیمانی اور دیگر اعلیٰ حکام کی شہادت ہوئی جبکہ اسرائیلی میڈیا نے مزید اعلیٰ کمانڈرز کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

ایسے میں ایرانی عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی ایاہ ای نے بیان دیا ہے کہ ’امریکا کو شکست پر شکست ہو رہی ہے‘ اور عالمی طاقتیں آبنائے ہرمز کے بحران پر مدد مانگ رہی ہیں۔

’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی عدلیہ نے جنگ سے متعلق سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے ایک نوجوان کوروش کیوانی کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں سزائے موت دینے کی بھی تصدیق کی ہے۔

ایرانی وزارتِ انٹیلیجنس کے مطابق 31 میں سے 26 صوبوں میں کارروائیاں کر کے 111 مبینہ ’بادشاہت نواز سیلز‘ کو ناکام بنایا گیا ہے جو حکومت مخالف سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’فارس‘ کے مطابق تہران کے قریب شہر کرج میں گرفتار بعض افراد پر سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی تصاویر کی بے حرمتی کا الزام ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایرانی حکومت نے اپنے عوام سے مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاع دینے کی اپیل بھی کی ہے، ملک میں تقریباً 3 ہفتوں سے انٹرنیٹ بند ہے جبکہ بیرونِ ملک میڈیا کو ویڈیوز بھیجنے کے الزام میں 21 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

حکام نے اسمگل کیے جانے والے 350 اسٹارلنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ ٹرمینلز ضبط کرنے کا بھی دعویٰ کیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید