• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک دن کی حکومت بھی ملی تو وہ شریعت کی ہوگی، سراج الحق

ایک دن کی حکومت بھی ملی تو وہ شریعت کی ہوگی، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کو ایک دن کی حکومت بھی ملی تو وہ شریعت کی حکومت ہو گی۔

پشاور میں ایم ایم اے کے جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ ہم کامیاب ہو کر پاکستان کو کلین پاکستان بنائیں گے، ملک کو حقیقی جمہوریت کی ضرورت ہے، لوٹا کریسی کی نہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ ایم ایم اے کامیاب ہو کر پاکستان کو کلین اور گرین بنائے گی،آنے والا کل روشنی کا ہے، اندھیر نگری کا نہیں ہے، اس ملک کو آئین کی روشنی میں خوشحال بنانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ طیب اردوان کی ترکی میں جیت کے بعد ایم ایم اے پاکستان میں جیتے گی، یہاں ڈرگ اور کرپٹ مافیا کو شکست ہوگی،ہمارے قافلے میں جو جماعتیں شامل ہیں ان کا نام پاناما میں نہیں ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نیب اور عدالت کرپٹ لوگوں کا احتساب نہیں کرسکا، عوام کریں گے،ایم ایم اے کی حکومت دفاع کے بعد تعلیم پرزیادہ خرچ کریں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ ڈھائی کروڑ بچے تعلیم سے دور ہیں، موقع ملا تو پاکستان کے ہر بچے کے ہاتھ میں کتاب اور کاپیاں دیں گے، تمام بے روزگار نوجوانوں کو روزگار الاؤنس دیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں ایم ایم اے پاکستان میں کامیاب ہوگی،پرویز مشرف نے طاقت، بدمعاشی کے ذریعے ایم ایم اے کے قانون کو بلڈوز کیا تھا۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ نگران حکومت نے ایک ہفتے میں 12کھرب کا قرضہ لیا ہے، قوم کے کندھوں پر بوجھ ڈال دیا، جن کو جیل میں ہونا چاہیے تھا ان کو عوام پر مسلط کرنے کی کوشش کی گئی۔

تازہ ترین