• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کا مقدمہ گوجرانوالہ میں درج

اسلام آباد/گوجرانوالہ(ایجنسیاں) وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر قائم کی گئی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی سفارش پر بھارت میں پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملے کا مقدمہ گوجرانوالہ میں درج کر لیا گیا‘انسداد دہشتگردی پولیس نے مقدمہ ڈپٹی سیکرٹری داخلہ اعتزاز الدین کی درخواست پر6 نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج کیا، جس میں قتل،اقدام قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں‘ایف آئی آربھارتی قومی سلامتی مشیر کی جانب سے دی گئی معلومات اور دستاویزات کو مدنظر رکھ کردرج کی گئی ہے ‘مقدمے میں نامعلوم ملزمان کی شہریت کا ذکر نہیں‘ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم اس کیس کی تحقیقات کا باقاعدہ آغازکریگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پنجاب کے علاقے پٹھان کوٹ میں فوجی بیس پر حملے کا مقدمہ گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی پولیس نے درج کرلیا ہے ۔یہ مقدمہ ڈپٹی سیکرٹری وزارت داخلہ اعتزازالدین کی درخواست پر اور سب انسپکٹر کی مدعیت میں نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج کیاگیاہے ،مقدمے میں302،324،109،721اور دہشتگردی کی دفعات شامل ہیں‘ مقدمے میں 6 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے تاہم پولیس حکام کی جانب سے کسی قسم کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں کہ آیا یہ مقدمہ پاکستانی شہریوں کے خلاف درج کیا گیا ہے یا ایئر بیس پر حملے میں ملوث کسی ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس کی اطلاع پر مقدمہ درج کیا گیا ہے ‘ ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ بھارتی سکیورٹی ایڈوائزر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 5 سے 7 حملہ آور گوجرانوالہ ریجن سے بھارت میں داخل ہوئے اور پٹھانکوٹ ائیربیس پر حملہ کیا ۔ سی ٹی ڈی ترجمان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پٹھان کوٹ ایئر بیس حملے کی ایف آئی آر سی ٹی ڈی پولیس گجرانوالہ کی جانب سے 4 مبینہ حملہ آوروں اور ان کے مبینہ معاونین کے خلاف درج کرلی گئی ہے‘مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 302 , 324 اور 109 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات 7 اور 21 ( آئی ) کے تحت درج کیا گیا ہے، جس کی ایف آئی آر نمبر 6 / 2016 ہے۔پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کے حوالے سے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم ( جے آئی ٹی ) پہلے ہی تشکیل دی جاچکی ہے، اور اب مقدمے کے اندراج کے بعد باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا جائے گا۔

٭… لاہور(ایجنسیاں) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی گوجرانوالہ میں 6 نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیاگیا ہے، پاکستان نے اپنی سنجیدگی دکھادی ‘بھارت کو اب شکوک وشبہات سے نکلنا ہوگا ،ثبوت ملے تومولانامسعود اظہر کے خلاف بھی کارروائی کریں گے ‘دہشت گردی اسی وقت ختم ہوگی جب بھارت اورافغانستان بھی ایک پیچ پرہوں گے،نیب کو پنجاب میں ویلکم کہتے ہیں ،نندی پور اور میٹرو منصوبوں کی تحقیقات کیلئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے احاطہ میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان پٹھانکوٹ حملے کی شفاف تحقیقات کرے گا‘بھارت نے جو معلومات فراہم کی ہیں ان کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا ہے‘ جو دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی سنجیدگی کو ظاہرکرتا ہے‘ اگر ہمیں دنیامیں اپناامیج بہتر بنانا اور پاکستان کے خلاف دیگر ممالک کے پروپیگنڈے کو ختم کرنا ہے توپھر ایسے اقدمات کرنا ہوں گے ۔
تازہ ترین