• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابات کا بروقت انعقاد خوش آئند ہے،حمزہ شہباز

لاہور (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ بعض عناصر ابھی تک ملک میں بے یقینی کی فضاء قائم کرنے کیلئے الیکشن کے التواء کے درپے ہیں لیکن الیکشن کمیشن کی طرف سے عام انتخابات کے بروقت انعقاد کا فیصلہ خوش آئند ہے، انشاء اللہ عوام 25جولائی کو شیر کے حق میں فیصلہ دینگے اور جیت مسلم لیگ (ن) کی ہی ہو گی۔ مسلم لیگ (ن) کے ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ جمہوری اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے پارٹی منشور کے ساتھ عوام سے رجوع کرنا چاہئے، مسلم لیگ (ن) کے وفاق او رپنجاب میں 5 برسوں کے اہم منصوبے اور عوامی و فلاحی اقدامات تاریخی ہیں جن کو مخالفین بھی جھٹلا نہیں سکتے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ کیا پی ٹی آئی اور عمران خان پشاور اور خیبر پختونخوا کی کارکردگی پر فخر کرسکتے ہیں؟ جنہوں نے 5 برسوں میں پشاور کی اکھاڑ پچھاڑ کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کو گمراہ کرنے کی کوشش بھی ناکام ہو چکی کیونکہ نوجوانوں کو تعلیم اور خود روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں بھی صوبہ پنجاب سب سے آگے ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ 25 جولائی حق اور سچ کی فتح اور کامیابی کا دن ہو گا اور انشاءاللہ آئندہ حکومت مسلم لیگ (ن) ہی بنائے گی۔ حمزہ شہباز نے پشاور میں پاک فضائیہ کے 2 پائلٹوں کی شہادت پر بھی گہر ے دکھ اور دلی افسوس کا اظہار کیا۔

تازہ ترین