• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام 25جولائی کو کرپٹ حکمرانوں کا یوم احتساب بنادیں،سراج الحق

کراچی (اسٹاف رپوٹر )جماعت اسلامی پاکستان کے امیر و نائب صدر مجلس عمل پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام 25جولائی کو کرپٹ حکمرانوں کا یوم احتساب بنادیں اور مجلس عمل کو کامیاب بنائیں ۔کرپٹ حکمرانوں اور ملک کو لوٹنے والوں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ہونی چاہئیں ، ہم کرپٹ عناصر اور طبقہ اشرافیہ سے ملک اور قوم کو نجات دلائیں گے ۔25جولائی کا دن انقلاب ، احتساب اور کرپٹ حکمرانوں سے حساب کتاب کا دن ہے ۔منبر ومحراب سے کرپشن کے خلاف جہاد کرنا ہوگا،کراچی ملک کی معاشی اور نظریاتی شہہ رگ ہے،اس شہر کے اندر وہ لوگ آباد ہیں جنہوں نے اسلام کی خاطر بننے والے ملک کے لیے اپنا گھر بار اور علاقہ چھوڑ کر ہجرت کی۔آج علماء کرام متحد اور ایک ہیں اور باطل قوتیں اور عالم کفر علماء کے اتحاد سے خوف زدہ ہیں ۔علماء کی طاقت نے ہی ملک اور قوم کو بھی ایک اور متحد رکھا ہے ۔عوام علماء کرام کے ساتھ ہیں اور عوام اور علماء کی قوت سے ملک کو سیکولر اور لبرل بنانے والوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی شب حکیم سعید شہید گراؤنڈ گلشن اقبال میں ’’اتحاد امت علماء کنونشن ‘‘ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن سے مجلس عمل پاکستان کے دیگر مرکزی وصوبائی قائدین نے بھی خطاب کیا ۔کنونشن میں تمام مسالک اور مکاتب فکر کے علماء کرام ،مشائخ عظام اور ائمہ مساجد نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ سینیٹر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کراچی عالم اسلام اور پاکستان کا قائد شہر ہے ، اس شہر نے شاہ احمد نورانی ، پروفیسر غفور احمد ، حکیم سعید سمیت ایسی شخصیا ت دیں ہیں جن پر پورا ملک اور قوم فخر کرتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ روس جب افغانستان میں داخل ہوا تو لبرل اور سیکولر قوتوں نے روس کے ٹینکوں کو خوش آمدید کیا لیکن افغانستان کی قوتوں نے ان کا راستہ روکا اور اس کو شکست دی بعدمیں سب کہنے لگے کہ امریکا نے روس کو شکست دی حقیقت میں روس کو شکست دینی قوتوں نے دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ علماء کرام معاشرے کی ایک حقیقت ہیں اور روازانہ کروڑوں افراد علماء کرام کے پاس آتے ہیں اور ان سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں ۔علماء کرام کی قوت سے ملک کے اندر بڑی اور پائیدار تبدیلی آسکتی ہے اور مجلس عمل ان شاء اللہ معاشرے اور ملک کے نظام میں حقیقی طور پر تبدیلی لائے گی ۔کراچی سے چترال تک مجلس عمل کا پیغام عام ہورہا ہے ۔جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ و مجلس عمل کے مرکزی نائب صدر شاہ اویس نورانی نے کہاکہ پاکستان کو اس کے نظریے اور اس کے مقصد سے دور کرنے کی سازش کی گئی اور حکمرانوں نے ملک کو تباہ و برباد کردیا ۔ رشوت ، کرپشن اور اقربا پروری عام کیا گیا اور عوام کو بنیادی ضروریات تک سے محروم کردیا گیا ۔جمعیت علمائے اسلام اور مجلس عمل کے رہنما قاری محمد عثمان نے کہاکہ پاکستان کے وجود کا بنیادی مقصد ہی یہ تھا کہ یہاں اسلام نظام نافذ کیا جائے مگر بد قسمتی سے یہاں اسلامی نظام کا راستہ روکنے کی اور پاکستان کو سیکولر و لبرل بنانے کی کوشش کی گئی مگر دینی قوتوں نے اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے ۔ جمعیت اہلحدیث بلوچستان کے رہنما و مجلس عمل کے مرکزی قائد شیخ علی محمد ابو تراب نے کہاکہ 25جولائی کا دن علمائے کرام کی جدوجہد کی کامیابی اور عوام کی خوشحالی کا دن ہوگا ۔مجلس عمل کے مرکزی رہنما و نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو نے کہاکہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار نعمتیں دیں ہیں جو دیگر ممالک کے پاس نہیں لیکن حکمرانوں کی نا اہلی اور کرپشن نے ملک کو تباہ و برباد کردیا۔ اسلامی تحریک صوبہ سندھ کے صدر و مجلس عمل صوبہ سندھ کے جنرل سکریٹری علامہ ناظر عباس تقوی نے کہاکہ علماء انبیاء کے وارث ہیں یہ کسی بھی قوم اور مکتب کا سرمایہ اور اثاثہ ہیں ۔جمعیت علمائے اسلام ،مجلس عمل سندھ کے رہنما محمد اسلم غوری نے کہاکہ کراچی کے عوام کے پاس شہر میں خون ریزی کرنے والوں سے نجات حاصل کرنے کا موقع ہے ۔ جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر و مجلس عمل صوبہ سندھ کے نائب صدر ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے کہاکہ آج کراچی میں مجلس عمل نے ایک علماء کنونشن بلایا تھا لیکن یہ ایک زبردست بڑا اور عظیم الشان جلسہ عام بن گیا ہے اور ثابت ہوگیا ہے کہ کراچی اسلام سے محبت کرنے والوں کا شہر ہے ۔جماعت اسلامی کراچی کے امیر صدر مجلس عمل کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے میزبان کی حیثیت سے تمام قائدین اور علماء کرام کو خوش آمدید کیا اور ان کی آمد کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ 25جولائی کو ان شاء اللہ کراچی کے عوام کتاب کے نشان پر مہر لگاکر مجلس عمل کے حق میں فیصلہ دیں گے۔

تازہ ترین