کراچی (الیکشن سیل) سیاسی وفاداریاں بدلنے میں پنجاب کا ضلع جھنگ سرفہرست۔ آئندہ الیکشن میں حصہ لینے کیلئے پانچ موجودہ و سابق ایم این اے دوسری جماعتوں میں چلے گئے۔ غلام بی بی بھروانہ، نذیر سلطان، محبوب سلطان اور غلام محمد لالی مسلم لیگ ن کو چھوڑکر تحریک انصاف میں شامل ہوچکے ہیں۔ جبکہ جھنگ شہر سے سابق ایم این اے شیخ وقاص اکرم نے مسلم لیگ ن کا ٹکٹ لینے سے انکارکردیا ہےاور آزاد حیثیت میں الیکشن میںحصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف 2013 کا الیکشن آزاد لڑنے والے فیصل صالح حیات اس مرتبہ پی پی پی کے ٹکٹ پر الیکشن میںحصہ لیں گے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ن لیگ سے تحریک انصاف میں جانے والی غلام بی بی بھروانہ نے 2008 کا الیکشن مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر لڑا جبکہ پیپلزپارٹی میں جانے والے فیصل صالح حیات نے بھی 2008 کا الیکشن ق لیگ کے ٹکٹ پر لڑا۔ نذیر سلطان، شیخ وقاص اکرم اور محبوب سلطان بھی ق لیگ کے امیدوار تھے۔پاکستان کے پہلے عام انتخابات میں جہاں پورے پاکستان میں پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی وہیں جھنگ کی تینوں سیٹوں پر جمعیت علمائے پاکستان کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جن میںصاحبزادہ نذیر سلطان، غلام حیدر بھروانہ اور مولانا محمد ذاکر تھے۔