• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں انتخابی گہماگہمی عروج پر، قومی کی3 صوبائی کی9 نشستوں پر کانٹے کامقابلہ متوقع

کوئٹہ(رپورٹ:محمد ارسلان فیاض)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں گہماگہمی عروج پر پہنچ گئی کوئٹہ کی قومی اسمبلی کی 3جبکہ صوبائی اسمبلی کی 9 نشستوں پر کانٹے دار مقابلے کی توقع سیاسی جماعتیں متحرک امیدواروں کی جانب سے گھر گھر انتخابی مہم کا آغاز جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع ناراض رہنمائوں کارکنوں اور ووٹروں کو بھی منایا جانے لگا کارنر میٹنگز میں تیزی شہر کے گلی محلے پارٹی جھنڈوں و بینرز سے سج گئے رپورٹ کے مطابق الیکشن2018ء کے سلسلے میں صوبائی دارالحکومت میں گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ہے سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق کوئٹہ کی قومی اسمبلی کی 3 جبکہ صوبائی اسمبلی کی 9نشستوں پر کانٹے دار وسخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں سیاسی جماعتیں بھی میدان میں آگئی ہے اور اپنے اپنے امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے پر عزم ہیں جبکہ امیدوار بھی الیکشن مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور امیدواروں کی جانب سے گھر گھر انتخابی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے اور اپنے اپنے حلقوں میں جوڑ توڑ کیلئے بھی دائو پیچ آزمائے جارہے ہیں جبکہ امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے ناراض رہنمائوں، کارکنوں اور ووٹروں کو بھی منایا جانے لگا ،منت سماجت کی جارہی ہے اور منتخب ہونے کی صورت میں مختلف وعدے بھی کئے جارہے ہیں اور کارنر میٹنگز کاسلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے امیدواروں نے ووٹ کے حصول کیلئے عوام کو سبز باغ دکھانا شروع کردیئے ہیں جبکہ اپنی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے ہر امیدوار پر عزم ہے امیدواروں کی خواہش ہے کہ وہ حلقے میں اثرورسوخ رکھنے والی شخصیات کو اپنے قریب کریں انتخابی گہما گہمی کے سلسلے میں شہر کے گلی محلے مختلف سیاسی جماعتوں کے جھنڈوں و بینرز سے سج گئے ہیں دوسری جانب امیدواروں کا کہنا ہے کہ وہ اس عزم کے ساتھ انتخابی عمل میں اتریں کہ عوامی مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کئے جائیں گے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھا دیں گے عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ الیکشن کا انعقاد جمہوری عمل ہے اور ہر امیدوار کا حق ہے کہ وہ اپنا پیغام عوام تک پہنچائے انہوں نے کہا کہ اب عوام کو محض جھوٹے وعدوں اور دعوئوں سے بے وقوف نہیں منایا جاسکتا ہے اب عوام باشعور ہو چکے ہیں اور پچیس جولائی کو کرپٹ اور بد عنوان عناصر کا احتساب کریں گے انہوں نے کہا کہ عوام اپنا قیمتی ووٹ اہل اور ایماندار امیدواروں کے حق میں استعمال کریں تاکہ ان کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل ہوں ۔

تازہ ترین