• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
سافٹ ویئر ڈیویلپمنٹ بطور کیریئر

کمپیوٹر یا موبائل فون کے اندر کسی بھی مخصوص کام کو سر انجام دینے کے لیے ہدایات کے مجموعے کو سافٹ ویئر کہتے ہیں۔ کمپیوٹر کی بنیادی زبان چونکہ مشینی ہے،لہٰذا انسان اور مشین کے درمیان رابطے کے لیے ایک دوسری ’لینگویج‘ استعمال ہوتی ہے، جسے’’ پروگرامنگ لینگویج‘‘ کہتے ہیں۔ فی زمانہ سافٹ ویئرز کی تیاری کے لیے کئی ا قسام کی پروگرامنگ اور اسکرپٹنگ لینگویج مارکیٹ میں دستیاب ہیں، جن میں زیادہ مشہور سی (C)، جاوا (Java)، پائتھن (Python)، روبی (Ruby)، ایچ ٹی ایم ایل (HTML)، ایکس ایم ایل (XML)، پی ایچ پی (PHP)، ڈاٹ نیٹ (.Net)اورڈیلفائی (Delphi) وغیرہ شامل ہیں۔

سافٹ ویئر پروگرامنگ کااستعمال

آج کے ڈیجیٹل دور میں شاید ہی کوئی فرد ہو جو کسی سافٹ ویئر پروگرام کو استعمال نہ کررہا ہو۔ گھڑی کے الارم، کیلکولیٹر، موبائل فون، مائیکروویو اوون، انٹرنیٹ اور ویب کا وسیع جہان، ان سب کے پیچھے مختلف سافٹ ویئرز ہی ہیں جن سے ہماری زندگی بہت آسان ہوچکی ہے۔ سافٹ ویئرز کی وجہ سے آج مواصلات سے لے کر تصویر کشی اور ویڈیو پروڈکشن سے لے کر گرافک ڈیزائننگ اور اینیمیشن تک زندگی کے ہر شعبے میں انقلاب آچکا ہے۔

سافٹ ویئر ڈیویلپمنٹ ایجوکیشن

پاکستان میں سافٹ ویئر ڈیو کی مختلف سطح پر تعلیم کے مواقع موجود ہیں۔ ملک بھر کے تمام ہی سرکاری اور نجی کالجوں میں انٹرمیڈیٹ کی سطح پر اس کے مختلف پروگرامز مثلاً انٹرمیڈیٹ مع کمپیوٹر سائنس، آئی سی ایس اور تین سالہ ڈپلومہ کورسز ہوتے ہیں جبکہ یونیورسٹی سطح پر بیچلرز، ماسٹرز، اور پی ایچ ڈی تک بہت سے تعلیمی پروگرامز دستیاب ہیں جن کی تکمیل کے بعد خود روزگاری (self employment) اور نوکری کے زیادہ بہتر مواقع میسر آتے ہیں۔ سرکاری کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اس کی نشستوں کے لیے مقابلہ زیادہ اور میرٹ کا معیار بہت سخت ہوتا ہے ،نیز بہت سےایسے کورسز بھی موجود ہیں جن کی مدت تکمیل تین سے چھ ماہ ہے۔ شارٹ کورسز کی تعلیم ویب سائٹ ڈیزائننگ کی طرح رسمی اور غیر رسمی طریقوں سے حاصل کی جاسکتی ہے۔

کاروبار کے لیےسافٹ ویئر ڈیویلپمنٹ

وہ تمام خواتین و حضرات جو سافٹ ویئر ڈیویلپمنٹ کی تعلیم مکمل کر چکے ہیں اور وہ کل وقتی یا جز وقتی کوئی کاروبار کرنا چاہتے ہیںتووہ اس کو بطور مکمل بزنس چلا سکتے ہیں۔ چونکہ یہ سروسز یعنی خدمات کا شعبہ ہے اس لیے اسے کاروبار کے طور پر شروع کرنے میں بہت زیادہ سرمائے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ بس آپ کے پاس اتنا سرمایہ ضرور ہونا چاہیے کہ آپ ایک سال تک ایک چھوٹےآفس کا کرایہ،بل،ابتدائی اخرجات اورایک معاون شخص کی تنخواہ ادا کر سکیں۔کم وقت یا سرمائے کی صورت میں آپ بطور فری لانسر بھی اپنا کام کرسکتے ہیں۔ تقریباً ایک سال کا تجربہ رکھنے والے افراد مقامی مارکیٹ میں اپنی خدمات سے سالانہ 5 سے 6 لاکھ روپے یعنی تقریباً 40 سے 50 ہزارروپے ماہانہ بآسانی کما لیتے ہیں۔

سافٹ ویئر کے میدان میں زیادہ آمدنی

سافٹ ویئر ڈیو کے شعبے میں آمدنی دوسرے شعبوں کی نسبت زیادہ ہے،اس لیے کہ اس کے ابتدائی اخراجات کافی کم ہیں، دوسرا یہ کہ آپ ایک ہی کام بہت سے گاہکوں کو فروخت کرسکتے ہیں۔ یعنی اگر آپ نے ایک چھوٹی دکان یاآفس کے لیے اکاؤنٹنگ سافٹ ویئر تیار کیا ہے تو اس کو آپ کئی دیگر جگہوں پر بھی فروخت کرسکتے ہیں۔ چونکہ اس کی دوسری کاپی کی لاگت نہ ہونے کے برابر ہے اس لیے اس میں منافع زیادہ حاصل ہوتاہے۔

سافٹ ویئر ڈیویلپمنٹ کے بڑے شعبہ جات

ملکی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں سافٹ ویئر ڈیویلپمنٹ کے تین بڑے پلیٹ فارم ہیں جن میں کام بہت زیادہ ہے۔ ان میں ڈیسک ٹاپ سافٹ ویئر ڈیویلپمنٹ، ویب سافٹ ویئر ڈیویلپمنٹ اور موبائل فون ایپلی کیشنز ڈیویلپمنٹ شامل ہیں

ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشنز ڈیویلپمنٹ

اس سے مراد ایسے سافٹ ویئرز کی تیاری ہے جو ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز میں استعمال ہوسکیں، مثلاً کسی کمپنی کا اکاؤنٹ، پے رول سسٹم، اسکول یاکالج مینجمنٹ سسٹم، لائبریری مینجمنٹ سسٹم، وغیرہ۔ آپ اپنے کمپیوٹر میں جو بھی سافٹ ویئر استعمال کرتے ہیں، مثلاً مائیکروسافٹ آفس وغیرہ، یہ سب ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشنز کہلاتے ہیں۔ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشنز عموماً کسی ایک مخصوص آپریٹنگ سسٹم (ونڈوز، میکن توش، لینکس وغیرہ) کے لیے تیار کی جاتی ہیں، لیکن ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشنز کو کچھ اس طرح بھی تیار کیا جاسکتا ہے کہ ایک سے زیادہ آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرسکیں۔ڈیسک ٹاپ ڈیویلپمنٹ کے لیے بہت سی پروگرامنگ لینگویجز استعمال ہوتی ہیں جن میں مائیکروسافٹ کی ڈاٹ نیٹ، وژوئل اسٹوڈیو (Visual Studio)، جاوا اور سی شارپ (#C) لینگویجز کی مارکیٹ میں زیادہ مانگ ہے۔

ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشنز میں مہارت رکھنے والے افراد ایسے سافٹ ویئر پروگرام بھی تیار کر سکتے ہیں جو مخصوص مشینوں پر کام کرتے ہوں، مثلاً ٹیلی فون ایکسچینج، فوٹو کاپی مشین اورپرنٹر کے اندر موجود سافٹ ویئر، جو صرف ایک ہی مخصوص کام کرتے ہیں۔ ایسے سافٹ ویئرز ’ایمبیڈیڈ سافٹ ویئر‘ (embedded software) کہلاتے ہیں۔

ویب ایپلی کیشنز ڈیویلپمنٹ

ویب ایپلی کیشنز اس قسم کے سافٹ ویئرز کو کہا جاتا ہے جو براؤزر پر چلتے ہیں۔ اس طرح کے سافٹ ویئر کی خوبی یہ ہے کہ یہ تقریباً ہر طرح کی مشین پر استعمال کے قابل ہوتے ہیںیعنی ڈیسک ٹاپ، ٹیبلٹ، اسمارٹ فون وغیرہ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ براؤزر بیس ہوتے ہیں۔ جس بھی مشین میں براؤزر انسٹال ہو، یہ ایپلی کیشنز کام کرتی ہے۔ ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشنز کے مقابلے میںانہیں زیادہ بہتر تصور کیا جاتا ہے، کیونکہ ویب ایپلی کیشنز ہر طرح کے آپریٹنگ سسٹمز (ونڈوز، میکن توش، لینکس) اور مشین (کمپیوٹر/فون/ٹیبلیٹس) وغیرہ پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ویب ایپلی کیشنز کی ڈیویلپمنٹ کے لیے زیادہ تر کام ’ایچ ٹی ایم ایل‘، 'ایکس ایم ایل‘، ’پی ایچ پی‘، ’سی ایس ایس‘، ’جاوا سکرپٹ‘ (JavaScript)، اور ’ایس کیو ایل‘ (SQL) وغیرہ میں ہوتا ہے۔

موبائل ایپلی کیشن ڈیویلپمنٹ

موبائل فون کے اندر جو مختلف طرح کے فنکشن ،خاص طور پر اسمارٹ فون میں ہم اپنی ضرورت کی جو ’ایپس‘ استعمال کرتے ہیں، ان کی تیاری ’موبائل فون ایپلی کیشن ڈیویلپمنٹ‘ کہلاتی ہے۔ اس مارکیٹ میں گوگل کے ’اینڈرائیڈ‘ آپریٹنگ سسٹم کا راج ہے۔ اس میں ایپ ڈیویلپمنٹ کے لیے آپ کو ’جاوا‘ یا ’سی پلس پلس‘ میں مہارت ہونی چاہیے۔ اس فیلڈ میں دوسرے اہم کھلاڑی ’ایپل‘ کا آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم ہےجو آئی فون کے بعد اب آئی پیڈ اور ایپل ٹی وی میں بھی استعمال ہو رہا ہے، اس میں کام کرنے لیے آپ کو ’آبجکٹیو۔ سی‘ (Objective-C) میں مہارت کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین