امریکی ریاست اوہائیو کی جینی نامی گھوڑی نے اپنی غیر معمولی لمبی دُم کی وجہ سے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں جگہ بنالی۔
اس گھوڑی کی دم کی پیمائش کی گئی تو لمبائی 13 فٹ 6 انچ (تقریباً 4.13 میٹر) ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد تقریباً 19 سال سے قائم سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
جینی امریکی سیڈل بریڈ نسل کی گھوڑی ہے اور یہ نسل اپنی لمبی اور لہراتی دُم کے لیے مشہور ہے۔
جینی کی مالکن میکینزی لو اور ریچل ایسٹس نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم کو بتایا کہ اُنہوں نے گھوڑی کی دُم کو قدرتی طور پر بڑھنے دیا اور کئی سال تک اس کی دیکھ بھال کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ جینی ہمیں 2019ء میں ہماری 13ویں سالگرہ پر تحفے میں ملی تھی اور اس وقت اس کی دُم زمین تک تو پہنچتی تھی لیکن اتنی لمبی نہیں تھی۔
بعد ازاں اس کی دُم مسلسل بڑھتی رہی تو میکینزی لو اور ریچل ایسٹس نے اس کی لمبائی ناپنے اور عالمی ریکارڈ بنانے کی کوشش کرنے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ ریکارڈ جے جے ایس سمر بریز نامی گھوڑی کے پاس تھا، جس کی دُم 2007ء میں 12 فٹ 6 انچ ناپی گئی تھی۔