برطانوی دارالحکومت لندن میں منعقدہ پروقار تقریب میں کمیونٹی کے لیے خدمات فراہم کرنے پرپاکستانی نوجوان ہارون یاسین،حسن مجتبیٰ زیدی اور ماہ نور سید کو ملکہ الزبتھ نے نوجوانوں کے لیے خصوصی اعزاز سے نوازا۔یہ ایوارڈ ایشیا، افریقا،یورپ، کیریبین اور امریکا بھر کے نوجوان لیڈرز کو ان کی مختلف شعبہ جات اور سماجی حلقوں میں خدمات پر دیا جاتا ہے۔پاکستانی نوجوانوں کو معاشرے میں مثبت سرگرمیوں خصوصاً بچوں اور ضرورت مندوں کے لیے جدوجہد کرنے کے اعتراف میں ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیاہے ۔گزشتہ دنوںشاہی محل بکنگھم پیلس میں’ ’کوئنز ینگ لیڈرز‘‘ ایوارڈ کی تقریب منعقد کی گئی، جس میںتین پاکستانی نوجوانوں ہارون یاسین، حسن مجتبیٰ اور ماہ نور سید کو ’’کوئنز ینگ لیڈرز‘‘ ایوارڈ دیا گیا۔ تقریب میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے ان تمام نوجوانوں کو اعزاز سے نوازا گیا، جو معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے کوشاں ہیں۔یہ ایوارڈ کامن ویلتھ گروپ کے رکن ممالک کے ایسے نوجوانوں کی شناخت کرتا ہے جن کی عمر 18 سے 29 برس ہو اور وہ اپنی کمیونٹی میں کسی اہم سماجی کام کا بیڑا اٹھائے ہوئے ہوں، جو کسی کو جینے کی صحیح راہ اور امید دکھا رہے ہوں۔ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی جانب سےان نوجوانوں کو سماجی خدمات انجام دینے پراس ایوارڈ سے نوازا گیا ۔واضح رہے کہ پاکستانی نوجوان حسن مجتبٰی زیدی ،’’ڈسکورنگ نیو آرٹسٹس‘‘ کے بانی ہیں، جو آرٹ کے ذریعے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارتے ہیں۔ وہ بچوں کو مفت آرٹ ٹریننگ دیتے ہیں اور اس کے ساتھ جو طلباءتعلیمی اخراجات نہیں اٹھا سکتے انہیں تعلیم بھی فراہم کرتے ہیں۔ہارون یاسین ’’اورینڈا‘‘ کے بانی ہیں ،جو قومی نصاب کو کارٹون سیریز میں بدل کر بچوں کے لیے پیش کرتے ہیں، جس کا نام ’’تعلیم آباد‘‘ ہے۔ ہارون ان بچوں کو نصابی اور ڈیجیٹل تعلیم دینے کے لیے گامزن ہیں، جن کے پاس علم حاصل کرنے کے لیے وسائل موجود نہیں ۔ماہ نور ’’اسپریڈ دی ورڈ‘ ‘کی بانی ہیں ،جو بچوں کے ساتھ زیادتی، جسمانی اور ذہنی دباؤ کو ختم کرنے کے لیے مختلف سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں،علاوہ ازیں ماہ نور ’’خواجہ سرا سپورٹ‘‘ آرگنائزیشن سے بھی منسلک ہیں اور ان کے لیے فنڈز جمع کرتی ہیں۔کوئینز ینگ ایوارڈز جیتنے والوں کو لندن میں تربیت اور رہنمائی دی جائے گی۔واضح رہے کہملکہ برطانیہ ہر سال دنیا بھر سے منتخب نوجوانوں کو ایوارڈ سے نوازتی ہیں، کوئینز ینگ لیڈر کے تحت 18 سے 29 سال کے ایسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، جو اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے خود کو منواتے ہیں۔
یہ ایوارڈ دولت مشترکہ ممالک کے ایسے نوجوانوں کو دیاجاتا ہے، جو اپنی کمیونٹی میں اہم سماجی کام کا بیڑا اٹھاتے ہیں۔اس پروگرام کا آغاز 2014 میں کوئین الزبتھ ڈائمنڈ جوبلی ٹرسٹ نے کامن ریلیف اور رائل کامن ویلتھ سوسائٹی کی شراکت سے کیا تھا۔