موسم گرما کا آغاز ہوچکا ہے اور درجہ حرارت بڑھنے پر ہر کسی کو ایسی غذاؤں کی ضرورت ہوتی ہے جو جسم کو ٹھنڈا رکھ سکے اور پانی کی کمی بھی نہ ہونے دے۔جب جسم میں پانی کی مناسب مقدار برقرار رکھنے اور ٹھنڈک پہنچانے کی بات ہو تو تربوز سے بہتر کیا ہوسکتا ہے۔اس مزیدار پھل کا 92 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے اور یہ صحت کے لیے بھی انتہائی فائدہ مند ہے۔اس کا ذائقہ ہی زبردست نہیں، اس میں متعدد قدرتی اجزاءجیسے وٹامن اے، بی سکس اور سی، پوٹاشیم، لائیکوپین اور دیگر موجود ہوتے ہیں۔تربوز ایک بیل دار پودے پر لگتا ہے۔ جو کچا کھایا جاتا ہے۔ یہ بڑا اور وسیع ہوتا ہے۔ یہ ہر سال اپنے مخصوص موسم میں رونما ہوتا ہے۔ یہ پھل جنوبی افریقہ سے تعلق رکھتا ہے۔ اس پھل کا چھلکا سخت اور گہرا ہوتا ہے۔ یہ پھل اندر سے لال ہوتا ہے۔ اس پھل کا اندر کا لال حصہ میٹھا ہوتا ہے۔ اس میں سخت کالے بیج ہوتے ہیں۔اس پھل میں وٹامن سی کی بہت زیادہ مقدار پائی جاتی ہے جس سے انسان کی جلداور نظر اچھی رہتی ہے۔تربوز میں فائبر کی اچھی مقدار پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے یہ نظام انہضام کے لئے بہت مفید ہے۔تربوز میں پانی کی وافر مقدار پائی جاتی ہے اور اس کے استعمال سے جسم میں پانی کی کمی دور ہوتی ہے۔صبح کے وقت خالی پیٹ اگر تربوز کھایا جائے تو یہ سارا دن آپ کو تروتازہ رکھے گا۔
تربوز سے ان گنت طبی فوائد بھی ہیں چند توجہ فرمائیں۔
شریانوں اور ہڈیوں کی صحت
تربوز میں موجود لائیکو پین خون کی شریانوں کی صحت کے لیے بہت اہم ہے جبکہ یہ ہڈیوں کی صحت کو بھی بہتر بناتاہے۔ تربوز کا زیادہ استعمال خون کی شریانوں کے افعال کو بہتر بناتا ہے کیونکہ اس سے دوران خون بہتر ہوتا ہے جبکہ بلڈ پریشر کی سطح معمول پر آتی ہے۔ تربوز میں پوٹاشیم بھی ہوتا ہے جو کہ جسم میں کیلشیئم کی سطح برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے جو کہ مضبوط ہڈیوں کے لیے ضروری جز ہے۔
جسمانی چربی میں کمی
تربوز میں موجود سٹرولائن خلیات میں چربی کے اجتماع کی شرح کم کرتا ہے، سٹرولائن ایسا امینو ایسڈ ہے جو کہ جسم میں جاکر آرجنین میں تبدیل ہوجاتا ہے جو کہ گردوں کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔ سٹرولائن فیٹ سیلز میں ایسی سرگرمیوں کو روکتا ہے جو کہ جسم میں چربی پیدا کرنے کا باعث بنتے ہیں ۔
ورم کش
تربوز میں مختلف اجزاءجیسے فلیونوئڈز، کیروٹین اور دیگر شامل ہوتے ہیں، کیروٹین جسم میں ورم کی سطح میں کمی لانے اور مضر صحت اجزاءسے نجات میں مدد دیتا ہے۔
جگر اور گردوں کے لیے مفید
تربوز پیشاب کی روانی کو بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔ یہ پھل جگر کے افعال جیسے امونیا کے اخراج میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے جس میں خرابی کی صورت میں اضافی سیال مواد بڑھتا ہے اور گردوں پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔
مسلز کے لیے مفید
پوٹاشیم سے بھرپور ہونے کی وجہ سے تربوز اعصاب اور مسلز کے ایکشن کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے، پوٹاشیم مسلز کے زاویوں اور حجم کا تعین کرتا ہے جبکہ اعصاب کو کنٹرول کرتا ہے۔
آنکھوں کی صحت کے لئے بہتر بنائے
تربوز بیٹا کیروٹین کے حصول کا بھی اچھا ذریعہ ہے جو کہ جسم میں جاکر وٹامن اے میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ عمر بڑھنے سے بینائی میں آنے والی تنزلی سے بچاتا ہے۔ وٹامن اے صحت مند جلد، دانت اور نرم ٹشوز کے لیے بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
صحت مندجلد
تربوز میں لائیکو پین ہوتا ہے،جو جلد کو سورج کی شعاعوں سے ہونے والے نقصان سے بچاتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق تربوز میں ٹماٹر کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ نباتاتی کیمیکل ہوتا ہے جو سن اسکرین کی طرح آپ کی جلد کی چمک دمک برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
جہاں تربوزکھانا مفید ہے وہیں تربوز سے مختلف پکوان بھی بنائے جا سکتے ہیں ۔
تربوز سے بنے چند پکوانوں کی ریسیسپی توجہ فرمائیں۔
تربوز سیلڈ
اجزاء۔
تربوز – ۔ایک عدد
لیموں۔ – دو عدد
پودینہ۔چند پتے
کٹی کالی مرچ – ۔آدھا کھانے کا چمچ
ادرک۔ – دو کھانے کے چمچ
پیاز۔ – ایک عدد
کھیرا۔ایک عدد
شہد۔ – دو کھانے کے چمچ
چینی۔ – دو کھانے کے چمچ
نمک – ۔ حسب ذائقہ
ترکیب۔
تربوز کے چوکور چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ کر بیج نکال دیں۔ پھر ایک پیالے میں تربوز ڈال کر فریج میں رکھ دیں، تاکہ ٹھنڈا ہو جائے، اب فرائنگ پین میں شہد، لیموں کا رس، چینی اور حسب ذائقہ نمک ملاکر کیریمل سوس بنائیں اور اس میں ادرک ملا دیں ۔پھر اسے تربوز کے اوپر چاروں طرف ڈالیں اور کالی مرچ چھڑک دیں۔اس کے بعد پودینے کے چند پتے ڈال کر سب چیزیں ملالیں۔ آخر میں آدھے گھنٹے فریزر میں رکھنےکے بعد سرو کریں۔
تربوز ملک شیک
اجزاء۔
تربوز۔ – ایک کلو
دودھ – ۔آدھا کلو
لال شربت۔ – ایک کپ
کریم – ۔آدھا کپ
برف – ۔حسب ضرورت
پودینہ – ۔گارنش کے لئے
بادام، پستے – ۔چار کھانے کے چمچ (باریک کٹے ہوئے)
ترکیب۔
بلینڈر میں تربوز، دودھ، لال شربت، کریم اور برف ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کریں۔ اب بادام پستے ڈالیں اور پودینے سے گارنش کرکے سرو کریں۔
تربوز کا شربت
اجزاء۔
تربوز۔ – دو کپ (ٹکڑوں میں کٹا ہوا)
پانی۔ – حسبِ ضرورت
لیموں کا رس۔ – ایک کھانے کے چمچ
لال سیرپ۔ – ایک چائے کا چمچ
چینی۔ – حسبِ ضرورت
برف کے ٹکڑے۔ – حسبِ ضرورت
لیموں اور پودینے کے پتے – ۔گارنشنگ کے لئے
ترکیب۔
بلینڈر میں تربوز شامل کرکے تھوڑے سے پانی کے ساتھ بلینڈ کرلیں۔پھر اسے کسی برتن میں نکال کر چھان لیں۔پھر لیموں کا رس، لال سیرپ اور چینی شامل کریں ۔آخر میں لیموں، پودینے کے پتے اور برف کے ٹکڑوں کے ساتھ گلاس میں ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔ تربوز کا شربت سرو کرنے کے لیے تیار ہے۔
تربوز کیک
اجزاء
تربوز۔ – ایک عدد
ناریل (کھوپرا) پاؤڈر۔حسبِ ضرورت
ویپ کریم۔حسبِ ضرورت
بلیک بیریز۔ – 5 سے 6
رس بیریز۔ – 5 سے 6
سٹرا بیریز۔ – 5 سے 6
بادام۔حسب ضرورت( چاپ کیےہوئے)
ترکیب۔
1۔تربوز کو چھلکے کے بغیرکیک کی شکل میں کاٹ لیں۔ یعنی کہ درمیان سے کاٹ کر تقریباً 4 سے 6 انچ اونچا اور تقریباً 8 انچ قطر کا ہونا چاہیے۔
2۔ویپ کریم میں ناریل کا برادہ اچھی طرح ملا کر کٹے ہوئے تربوز پر سب طرف اچھی طرح لگا دیں۔
3۔پھر اس پربلیک بیریز ،سٹرا بیریز اور رس بیریزسے سجاوٹ کرلیں۔
4۔چاپ کیئے ہوئے بادام اس کے اطراف میں لگا دیں۔
تربوز کے کٹلٹس
اجزاء۔
تربوز کے چھلکے۔کدوکش اور اسٹیم
آلو ۔ایک کپ ابلے ہوئے
قیمہ ۔آدھا کپ اسٹیم کیا ہوا
ہری مرچ۔حسبِ ذائقہ
ہرا دھنیااورپودینہ۔دو چمچ
لیموں کا رس۔ایک چمچ
نمک اور کالی مرچ۔حسبِ ذائقہ
پسا سفید زیرہ۔ایک چمچ
ترکیب۔
1۔تمام اجزاء مکس کر کے چھوٹی چھوٹی ٹکیاں بنا کر انڈہ اور بریڈ کرمبز میں کوٹ کر کے فرائی کر لیں۔
2۔اب تربوز کے کٹلٹس پلیٹ میں رکھ کر سرو کریں۔
تربوز کے چھلکوں کا سالن
اجزاء۔
پیاز۔ایک عدد
ٹماٹر۔دو عدد
ہری مرچ۔دو عدد
میتھی دانہ،رائی ،کلونجی اور سونف۔دوچمچ(مکس کر کے)
ترکیب۔
تربوز کے چھلکے کدوکش کر کے تھوڑے سے پانی کے ساتھ گلا لیں۔پیاز ہلکی گلابی کر کے ٹماٹر اور ہری مرچ کاٹ کر ڈال دیں۔جب ٹماٹر گل جائیںتو میتھی دانہ،رائی ،کلونجی ، سونف اور ایک چٹکی نمک شامل کر کے تربوز کے چھلکے ڈال کر پانچ منٹ بھون لیں۔سالن سرو کرنے کے لیے تیار ہے۔
۔یہ گردوں، جوڑوں کے درد،یو ٹی آئی،لو اور لو سے ہونے والے سردرد اور سوجن کے لیے انتہائی مؤثر ہے۔