برج سرطان سے تعلق رکھنے والے افراد کا حاکم سیارہ قمرہے، اس حیثیت سے ان افراد میں قمر کی خصوصیات دیکھی جاسکتی ہیں۔ سرطان افراد میں سطحی فطرت، متلون مزاجی، صلح جوئی اور ممتا کے اوصاف نمایاں نظرآتے ہیں۔ساتھ ہی یہ خاموش اور پُر اسرار قسم کے لوگ ہوتے ہیں۔ ان کی شخصیت میں ایک خاص قسم کی کشش پائی جاتی ہے، جس کی وجہ سے دوسرے ان کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں۔ بے حد حساس اور تصوراتی فطرت کے مالک ہوتے ہیں۔
سرطان عورت
سرطان عورت لذیذ کھانے تیار کرنے میں ماہر، پُرسکون اور مطمئن، حساس، موسیقی سے لگاؤ اور دلچسپی رکھنے والی، محبت کے معاملے میں مخلص اور پُر جوش، خوش لباس، خوش گُفتار، کفایت شعاراور اپنے راز کو چھپا کر رکھنے والی ہوتی ہے۔ یہ ایسے مرد کی طالب ہوتی ہےجو خلوص، محبت اور تحفظ دے سکے، شوہر پرست، وفا شعار، مالی معاملات میں شوہر سے تعاون کرنے والی، خاوند کی خدمت گزار، بچوں سے مشفقانہ رویہ رکھنے والی، محتاط اور فکر مند، نسوانیت سے بھر پور، شرم و حیا کا پیکر، رازداری کے معاملات میں قابلِ اعتماد اور حافظے میں بے مثال ہوتی ہے۔
سرطان مرد
حساس فطرت کے مالک، کم گو، بے انتہا فراخدل، دوسروں کی مدد پر ہر وقت کمر بستہ، دل گہری محبت سے بھرپور، انتہائی مستقل مزاج، اِرادے کے اَٹل اور دُھن کے پکے، اپنے نظریات کے تحفظ کے لیے کسی دباؤ اور سزا کو خاطر میں نہ لانے والے، منصوبہ بندی کے ماہر، کسی کی حکمرانی یا بالادستی قبول نہ کرنے والے، متحرک شخصیت، اچھے حافظہ کے مالک، مخلص ، دیانتدار اور فرض شناس ہوتے ہیں۔ مختلف علوم میں کمال حاصل کرنے والے، زندگی کے اسرارورموز سے گہری دلچسپی رکھنےوالے،کاروباری امور میں اعلیٰ صلاحیتوں کے مالک، کفایت شعار، روپے پیسے کی قدر جاننے والے، جیون ساتھی کے لیے قابلِ بھروسہ، انتہائی قابلِ اعتماد اور منفرد شخصیت کے مالک ہوتے ہیں۔
سرطان کےتعلقات
سرطان افراد کا موافق عدد 2ہے۔ ان کے لیے زرد اور سبز رنگ مفید ثابت ہوتےہیں۔ زمرد اور سیاہ موتی پہننا ان کے لیے مفید رہتا ہے۔ دوسرے برجوں کے افراد میں سے، ان کے تعلقات عقرب اور حوت کے ساتھ بہت اچھے؛ ثور، جوزا، اسد اور سنبلہ کے ساتھ اچھے؛ حمل، میزان اور جدی کے ساتھ غیر یقینی؛ جبکہ قوس اور دلو کے ساتھ غیر جانبدارانہ رہتے ہیں۔
کون کیسا رہے گا؟
ستاروں کے علم کی روشنی میں، سرطان افراد کی ازدواجی زندگی کس برج کے افراد کے ساتھ کامیاب رہ سکتی ہے اور کس برج کے افراد اس کے ساتھ ناموزوں۔ اس بارے میں ایک مختصر جائزہ پیشِ خدمت ہے:
سرطان عورت اور سرطان مرد
سرطان مرد اور سرطان عورت کی رفاقت کامیاب رہتی ہے۔ بے شمار ایسی دلچسپیاں ہوتی ہیں، جن میں وہ مل جل کر حصہ لیتے ہیں۔ دونوں نازک خیالات کے مالک اور جذباتی ہوتے ہیں۔ غیر معمولی حساسیت اُن کے لیے مشکل کا باعث بن سکتی ہے۔ مگر یہ مشکل عارضی ہوتی ہے۔ دونوں لذیذ اور عمدہ کھانے پسند کرتے ہیں۔ دونوں زندگی میں سب سے زیادہ اہمیت دولت کو دیتے ہیں۔ شادی کے بعد بھی یہ اپنے بینک اکاؤنٹس الگ رکھتے ہیں اور اپنی بچائی ہوئی رقم ایک دوسرے کی نظروں سے پوشیدہ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ اگر یہ ایک دوسرے پر بے اعتمادی اور رازداری سے کام نہ لیں تو ان کی رفاقت انتہائی خوش گوار ہوسکتی ہے۔ سرطان عورت گھریلو ماحول اور جذباتی تحفظ کے لیے ازدواجی زندگی کو ہر قیمت پر عزیز رکھتی ہے جبکہ سرطان مرد کبھی بے وفائی نہیں کرتا۔
سرطان عورت اور اسد مرد
یہ آگ اور پانی کا ملاپ ہے۔ برج سرطان کا مزاج پانی اور برج اسد کا مزاج آگ کی تاثیر رکھتا ہے۔ جب یہ دونوں ایک دوسرے کی محبت کے اسیر ہوتے ہیں تو انہیں درج ذیل صورتوں میں سے کسی ایک کا سامنا کرنا پڑتا ہے:
۱۔ چند برس کی رفاقت کے بعد اسد مرد، سرطان عورت کو اپنے شاہانہ مزاج کے سامنے سرجُھکانے پر مجبور کر دیتا ہے۔ یہ بات سرطان عورت کے مزاج میں اُلجھن کا باعث بنتی ہے اور وہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ ’’موڈی‘‘ ہو جاتی ہے۔۲۔ رفاقت کے چند برس بعددونوں ایک دوسرے کے مزاج کو بخوبی سمجھ جاتے ہیں اور باہمی اختلافات ختم کر کے ذہنی ہم آہنگی پیدا کر لیتے ہیں۔ صحیح معنوں میں دُکھ سُکھ کے سچے ساتھی بن جاتے ہیں اور خوش و خرم رہنے لگتے ہیں-اس دوسری صورت کو عملی جامہ پہنانا آسان نہیں ہوتا بلکہ یہ جوئے شیر لانے کے مترادف ہوتا ہے۔ اسد مرد بھی سرطان عورت کی طرح چیزوں کو شدت سے محسوس کرنے کاعادی ہوتا ہے۔ اگر یہ دونوں ایک دوسرے کے مزاج کو سمجھتے ہوئے اپنی اپنی برتری تسلیم کرانے سے باز رہیں، تو زبردست جوڑ ثابت ہوسکتے ہیں۔