کہا جاتا ہے کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان کسی بھی فلم انڈسٹری کو بین الاقوامی مارکیٹ میں کامیابی دلاسکتے ہیں کیونکہ تعلیم کسی بھی شعبے میں کامیابی کی ضمانت جو ٹھری۔ شوبز انڈسٹری کے لیے ایک خاص تاثر قائم کیا جاتا ہے کہ ہمارے پسندیدہ فنکار، اداکاری کے میدان میں تو پیش پیش ہیں ہی لیکن تعلیمی میدان میں ان کی کارکردگی قابل تعریف نہیں ہوتی یہی وجہ ہے کہ وہ شوبز میں قدم رکھ دیتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہیں اگرچہ بالی ووڈ میں ایسے کئی اداکار ہیں جو انتہائی کم تعلیم یافتہ ہیں لیکن اداکاروں کی اکثریت وہاں بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کی سند رکھتی ہے۔
آئیے ذکر کرتے ہیں ان اداکاروں کا جو شوبز میں توکمال کی اداکاری کرتے ہی ہیں تاہم تعلیمی میدان میں بھی انھیں ایک خاص مقام حاصل ہے۔
فواد خان
پر کشش شخصیت، رعب دار آواز اور جاندار اداکاری کے ذریعےکم عرصے میں سپر اسٹار بن جانے والے اداکار فواد خان پاکستان سمیت پڑوسی ملک بھارت میں بھی کافی مشہور ہیں۔
دوسری جانب اگرفوادکی تعلیم کی بات کی جائے توشاید بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ فواد کے پاس ٹیلی کام انجینئرنگ کی ڈگری ہےجو انھوں نےنیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈامرجنگ سائنس کالج لاہور سے حاصل کی ۔
شائستہ لودھی
ہمارے اردگرد ایسے بھی لوگ موجود ہیںجو میڈیکل اورسی ایس ایس کی ڈگری حاصل کرنے کے باوجوداپنی فیلڈ کے بجائے دوسرے شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔ ایسے ہی افراد میں سے ایک شائستہ لودھی ہیں۔
مارننگ شوز کا ایک خوبصورت چہرہ ،اداکارہ اور ماڈل شائستہ لودھی نے سندھ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی مگر پریکٹس نہیں کی اورطب کے بجائے اداکاری کو اپنا پیشہ بنایا۔
نعمان اعجاز
نعمان اعجاز کا نام پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کے ساتھ 90ء کی دہائی سے جڑا ہوا ہےلیکن شعبہ وکالت سے ان کا رشتہ شوبز میں آنے سے پہلے سے قائم ہے۔
اداکاری کے علاوہ میزبانی کے فرائض سرانجام دینے والے نعمان اعجاز وکالت کی ڈگری رکھتے ہیں۔ نعمان نے یہ ڈگری قائداعظم لاء کالج سےحاصل کی۔
نتالی پورٹمین
کامیابی حاصل کرتے اور شہرت کی دہلیز پھلانگنے میں تمام عمر کی مسافت طے ہوجاتی ہے تو کبھی محض ایک لمحہ ہی آکاش کو چھوتی کامیابی سے ہمکنار کردیتا ہے۔جی ہاں !بات ہورہی ہے فلم ” بلیک سوان‘‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی امریکی اداکارہ نتالی پورٹمین کی جو اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ماہرنفسیات کی ڈگری بھی رکھتی ہیں۔نتالی نے شوگر سے ہائیڈروجن کی انزائمیٹک پروڈکشن کے مظاہرے کا سادہ سا طریقہ بھی ایجاد کیا۔
روون ایٹکنسن(مسٹر بین)
بچوں اور بڑوں سب کے پسندیدہ شہرہ آفاق مسٹر بین تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے الیکٹریکل انجینئر ہیں۔
مسٹر بین نے یورپ کی دو بڑی یونیورسٹیوں نیو کیسل اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگریاں حاصل کررکھی ہیں۔
ایشلے جڈ
ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ ایشلے جڈ اداکاری میں کمال دکھانے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم یافتہ بھی ہیں۔
ایشلے نے فرینچ میں بیچلر ڈگری یونیورسٹی آف کینٹکی سے حاصل کی جبکہ ہارورڈ یونیورسٹی سےپبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹر ز کی ڈگری حاصل کی ۔
امیتابھ بچن
بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن تعلیمی میدان میں بھی کسی شہنشاہ سے کم نہیں۔امیتابھ بچن نے نینی تال سے گریجویشن کرنے کے بعد سائنس اور آرٹس میں ڈبل ماسٹرز کیا، ساتھ ہی بہت سے شارٹس کورسز بھی کررکھے ہیں۔
پریتی زنٹا
گالوں میں پڑتے ڈمپل سے خوبصورتی میں ہوتا اضافہ ،بالی ووڈ کی چلبلی اداکارہ پریتی زنٹا کو بالی ووڈ کی سب سے پڑھی لکھی اداکارہ مانا جاتا ہے ۔
اور ایسا یقیناً ہے بھی کیونکہ پریتی نے شملہ کالج سے انگلش میں آنرز کیااور اس کے بعد کرمنل نفسیات میں ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کی۔
جان ابراہم
جان ابراہم نہ صرف خوش شکل ہیں بلکہ کافی ذہین بھی ۔انھوں نے ممبئی اسکاٹش اسکول سے ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ممبئی کالج سے اکنامکس میں گریجوشن کیا اور اس کے بعد انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اسٹڈیز سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی۔
اپنی اچھی شکل اور مضبوط جسمانی ساخت کی بدولت وہ اگر شوبز میں کامیاب نہ ہوتے تو میڈیا پلاننگ کے پروفیشن میں انتہائی کام یاب رہتے۔