• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعدرفیق کا عمران خان کو بدترین شکست دینے کا دعویٰ

سعدرفیق کا عمران خان کو بدترین شکست دینے کا دعویٰ

سابق وفاقی وزیر اور ن لیگ کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو لاہور کے حلقے این اے 131 کے الیکشن میں بدترین شکست دینے کا دعویٰ کیا ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے مخالفین کی انتخابی مہم جھنڈوں اور پینافلیکس پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان افتتاحی مہم کے دوران 200 کارکن بھی اکٹھے نہیں کرسکے لیکن ہم ہر روز 100گلیوں میں جاتے ہیں اور ہر گلی میں 200ووٹرز ہمارے ساتھ ہوتے ہیں۔

سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ عمران خان تُم لاہور سے بُری طرح ہارو گے اور ڈھونڈتے پھرو گے کہ تمہیں لاہور کے اس حلقے میں دھکا کس نے دیا تھا۔

سابق وفاقی وزیر ریلوے کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ملکی مسائل کا حل مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے اور بڑے ڈیم بھی وہی بنائیں گے جنہوں نے دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا، جنہوں نے ریلوے کو بحال کیا اور لواری ٹنل جیسے عشروں سے زیر تکمیل منصوبے مکمل کیے۔

ان کا کہنا ہے کہ میرا مخالف جھوٹا بھی ہے اور بُزدل بھی، یہ عدلیہ بحالی تحریک میں اس وقت جا کے چھپ گیا تھا جب مسلم لیگ ن نواز شریف کی قیادت میں سڑکوں پر تھی۔

اپنی ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ آئین اور جمہوریت کے لئے ماریں ہم کھائیں، قومی اور عوامی مسائل ہم حل کریں اور دودھ کوئی بلا آ کے پی جائے، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم قومی اداروں کا احترام کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ عوام کی نمائندہ پارلیمنٹ کا بھی احترام کیا جائے جو مدر آف انسٹی ٹیوشنز ہے جب کہ ہم امید کرتے ہیں کہ دھونس اور دھاندلی کی اطلاعات کا نوٹس لیا جائے گا، نگران حکومت کی طرف سے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قیمت میں کمی کی ذمہ داری مسلم لیگ (ن) پر کسی طور عائد نہیں کی جاسکتی، لہذا بے بنیاد پروپیگنڈہ نہ کیا جائے اور معیشت کی ذمہ داری جب تک مسلم لیگ (ن) کے پاس رہی روپے کی قیمت اور زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اب سب کو علم ہو گیا کہ اسحاق ڈار باصلاحیت، محب وطن اور عوام دوست وزیر خزانہ تھے جن کے معترف عالمی ادارے بھی ہیں جب کہ مہنگائی اور معیشت کی ابتری کی ذمہ داری دھرنے دینے والے اسد عمر اور ان کے سازشی ساتھیوں پر عائد ہوتی ہے جو اب مگر مچھ کے آنسو بہا رہے اور جھوٹ بولنے کے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ نواز شریف کی حکومت میں پیٹرول 70 روپے لٹیر رہا اور پیٹرول درآمد کرنے والے ملکوں میں سب سے سستا پیٹرول پاکستان میں رہا جس پر سب کو شکریہ نواز شریف کہنا چاہیے۔

یاد رہے کہ عام انتخابات 2018 کے موقع پر لاہور کے حلقے این اے 131 پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مدمقابل خواجہ سعد رفیق ن لیگ کے امیدوار ہیں۔

تازہ ترین