• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر،اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ،9؍موٹر سائیکلیں چھن گئیں

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر شہرمیں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اچانک اضافہ ہوگیا، 9موٹر سائیکلیں چوری اور اسلحہ کے زور پر چھین لی گئیں، سائیٹ ایریا کے علاقے قریشی گوٹھ کے قریب ملزمان نے اسلحہ کے زور پر بختیار علی سے موٹر سائیکل چھین لی اور مزاحمت پر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ شہر کے مختلف تھانوں کی حدود میں چند روز کے دوران اسٹریٹ کرائم خاص طور پر موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کے واقعات میں اچانک اضافہ ہوگیاہے۔ شہر کے تھانوں اے ، بی ، سی، سائیٹ، نیوپنڈ، ایئرپورٹ کی حدود میں موٹر سائیکل کی چوری کی وارداتیں ہوئیں جس کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے کیونکہ سکھر گزشتہ کئی برس سے پولیس کی بہتر حکمت عملی ، ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشن کے باعث ایک پر امن ضلع بن چکا تھا اور موٹر سائیکل چھیننے، چوری سمیت اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا تھا تاہم حالیہ ضلعی پولیس افسران کے تبادلوں کے بعد سکھر ضلع میں بھی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے، تھانہ اے سیکشن کی حدود سے اعجازاور راجہ نامی افراد کی موٹر سائیکلیں چوری کرلی گئیں۔ تھانہ ایئرپورٹ کی حدود سے میر محمد جبکہ دو موٹر سائیکلیں تھانہ بی سیکشن کی حدود سے چوری کی گئی ہیں، پولیس ترجمان کے مطابق پانچ موٹر سائیکلیں ان کے مالکان کو واپس کردی گئی ہیں وہ چوری نہیں ہوئی تھیں بلکہ بغیر لاک لگی کھڑی ہوئیں تھیں جنہیں پولیس نے اپنی تحویل میں لیا اور بعد میں مالکان کو تنبیہ کر کے موٹر سائیکلیں ان کے حوالے کردی گئی ہیں، جبکہ سائیٹ تھانے کی حدود میں مسلح ملزمان نے اسلحہ کے زور پر ایک شخص سے موٹر سائیکل چھینی اور فرار ہوتے ہوئے فائرنگ بھی کی ، ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ چار سے پانچ روز کے دوران سکھر شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اچانک اضافہ ہوا ہے جبکہ تھانہ اے سیکشن، بی سیکشن، سی سیکشن کی حدود سمیت ضلع بھر میں نشہ آور مصنوعات پان پراگ، گٹکا بھی کھلے عام فروخت کیا جارہا ہے، خاص طور پر تھانہ اے اور بی سیکشن کی حدود میں اسمگل شدہ اور مقامی سطح پر تیار ہونے والے گٹکے کی خرید و فروخت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
تازہ ترین