کراچی( اسٹاف رپورٹر) قائد تحریک الطاف حسین کی میڈیا پر تقریر ، تصویر اور بیانات کی اشاعت اور نشر کرنے پرعائد پابندی کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام چار روزہ علامتی بھوک ہڑتال دوسرے دن بھی کراچی پریس کلب کے باہر پرجوش انداز میں جاری رہی۔ ہڑتالی کیمپ میں اظہار یکجہتی کیلئےمختلف سیاسی ، سماجی، مذہبی ، تاجر ، صنعتکار شخصیات اور مختلف این جی اوز اور اداروں کے وفود کی آمد کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ان وفود اور شخصیات نے ہڑتالی کیمپ میں بیٹھ کر الطاف حسین کی پر عائد پابندی کیخلاف اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔ہفتہ کو علامتی بھوک ہڑتال کے دوسرے دن بھوک ہڑتال کا آغاز ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے سینئرڈپٹی کنوینرز عامر خان، ڈاکٹر محمدفاروق ستار،ارکان رابطہ کمیٹی عبدالحسیب ، محمد حسین ، اقبال مقدم ، گل فراز خان خٹک، محترمہ ریحانہ نسرین، عارف خان ایڈووکیٹ اور حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے کراچی پریس کلب کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ پر صبح11بجے بیٹھ کر کیا۔اس موقع پر بھوک ہڑتالی کیمپ میں بلدیاتی انتخابات میں کراچی کے چھ ڈسٹرکٹ سے منتخب ہونے والے یوسی چیئرمین ، وائس چیئرمین اور ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان اور خواتین بھی بڑی تعداد میں موجود تھیں ۔ بھوک ہڑتالی کیمپ کے شرکاء نے اپنے منہ پر پتیاں پہن رکھی تھی جن پر سلے ہوئے ہونٹ بنے ہوئے جبکہ اسی پٹی پر ’’قائد تحریک جناب الطا ف حسین کی زباں بندی ، نامنظور نامنظور ‘‘ کامطالبہ جعلی حروف میں تحریر تھا ۔ بھوک ہڑتالی کیمپ کے شرکاء جب بھوک ہڑتال پر بیٹھ رہے تھے تو انہوں نے الطا ف حسین کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے اور ان سے مکمل یکجہتی کااظہار کیا ۔بھوک ہڑتال کے دوسر ے روزبھی مختلف سیاسی، مذہبی، سماجی، صحافی شخصیات سمیت تاجروں ، صنعتکاروں ، انجینئرز ، ڈاکٹروں، وکلاء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معروف شخصیات کے علاوہ اے پی ایم ایس او کی مرکزی کابینہ کے اراکین نے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء کے ایک بڑے وفد کے ہمراہ بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ کیا اور کیمپ پر بیٹھ کر الطاف حسین پر پابندی کے خلاف یکجہتی کااظہار کیا ۔ اس موقع پر وفود نے میڈیا کے سامنے الطاف حسین پر عائد پابندی پر اپنے خیالات کااظہار کیا اور اس کی بھر پور مذمت کی ۔ بھوک ہڑتالی کیمپ کے دوسرے روز ایم کیوایم شعبہ اطلاعات لٹریچر کمیٹی کے رکن اصغر انقلابی نے انقلابی اور تحریک سے وابستگی کی نظمیں پڑھیں جنہیں بھوک ہڑتالی شرکاء نے بے حد سراہا۔