• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن نے ملتان اور نارووال میں امیدواروں پر تشدد کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد(طاہر خلیل) الیکشن کمیشن نے ملتان اور نارووال میں امیدواروں پر تشدد کا نوٹس لے لیا ہے ،اس ضمن میں چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سے جواب طلب بھی طلب کیا گیا ہے ،جبکہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری کےنام مراسلہ میں اس بات کی یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ امیدواروں کو ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کی اطلاعات ہیں، ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے، اس لیے انتظامیہ کو مستعد رکھا جائے۔دوسری طرف ملک بھر میں انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آگئی، حلقوں میں انتخابی دفاتر کھل گئے، سیاسی پارٹیوں اور امیدواروں نے گھر گھر انتخابی مہم بھی شروع کردی ہے ملک بھر میں الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیموں نے امیدواروں کے انتخابی اخراجات کی نگرانی کا کام شروع کردیا ہے۔ انتخابی عمل کو پرسکون رکھنے اور امن و امان کے مسائل پر الیکشن کمیشن متحرک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ملتان میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا اقبال سراج پر تشدد کا نوٹس لے لیا۔الیکشن کمیشن رانا اقبال سراج پر مبینہ تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے جواب طلب کرلیا۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو سیکورٹی فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کو یکساں سیکورٹی کی فراہمی کے لیے احکامات جاری کر چکے تھے۔ الیکشن کمیشن نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے نام ایک خط میں انتخابی امیدواروں کی سیکور ٹی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ملتان اور نارووال میں امیدواروں سے پیش آنے والے واقعات افسو سنا ک ہیں ۔ ایسے واقعات کی روک تھام اور صاف شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے نگران حکومت ۔ انتظا میہ اور پولیس ذمے داری پوری کریں ۔ الیکشن کمیشن کے خط کی نقول سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز کو بھی ارسال کی گئی ہیں ۔ (ن) لیگی امیدوار رانا اقبال سراج کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ان کا دعویٰ تھا کہ انتخابی دوڑ سے نکلنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا گیا اور انہیں خطرناک نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان پر تشدد کیا گیا اور کاروبار تباہ کرنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں، میڈیا پر خبر آنے کے بعد میاں نواز شریف نے لندن سے بیان جاری کیا اور ان پر مبینہ تشدد کی مذمت کی جس پر رانا اقبال سراج نے ویڈیو پیغام کے ذریعے اس تمام معاملے کی تردید کردی اور کہا کہ یہ واقعہ غلط فہمی میں ہوا تھا، تحریک انصاف کےشا ہ محمود قریشی کاکہنا تھا کہ نواز شریف نے کسی تصدیق کے بغیر بیان جاری کیا،بیان واپس لیں یارانا اقبال سے پارٹی ٹکٹ واپس لیں۔

تازہ ترین