سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کے صدرانجینئر عبدالفتاح شیخ نے پیٹرول 5.40 ،ہائی اسپیڈ ڈیزل 6.2 ، مٹی کا تیل 12 اور لائٹ ڈیزل آئل 10.50 روپے فی لیٹر مہنگا ہونے پر تحفظات کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ نگراں حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بلا دریغ اضافہ کرنے کے بجائے تیل کی اضافی قیمتوں کو ٹیکسز میں کمی لا کر عوام کو سہولت پہنچا سکتی تھی مگر ایسا نہیں کیا گیا اور اس صورتحال میں ٹرانسپورٹیشن مہنگی ہوجانے سے اشیائے خورد و نوش اور دوسری اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔ تجارتی مال بھی مہنگا ہوجائیگا جس کے نتیجے میں تمام طبقہ ہائے زندگی بری طرح متاثر ہونگے۔ وہ ایوان کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم و گیس اور بینکنگ / فنانس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں ظفر احمد شیخ ، محبوب علی شیخ ، محمد رفیق ڈوسانی، عبدالمجید قریشی و دیگر موجود تھے۔