کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان انٹر نیشنل جوبلی انشورنس اسکواش سرکٹ تھری ٹور نامنٹ 6سے11 جولائی تک روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلکس میں کھیلا جائے گا جس کے کوالیفائنگ رائونڈ ابتدائی دو دن ہوں گے۔ پاکستان کے انٹرنینشل کھلاڑی عاصم خان کو انٹرنیشنل اسکواش سرکٹ کے مینز ایونٹ کا ٹاپ سیڈ قرار دیا گیا ہے، انجری کا شکار ہونے والے سابق قومی نمبر 1 فرحان زمان ایونٹ کے سیڈ2کھلاڑی ہوں گے، قطری کھلاڑی کو وائلڈ کارڈ انٹری مل گئی، فائزہ ظفر خواتین ایونٹ کے ٹا پ سیڈ جبکہ ان کی بہن مدینہ ظفر سیکنڈ سیڈ کھلاڑی قرار پائی ہیں، اسکواش لیجنڈ اور سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے چیئرمین جہانگیر خان آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ ہیں، اس بات کا اعلان صوبائی اسکواش ایسوسی ایشن کے سیکریٹری راشد احمد نے پیر کوبدھ سے شروع ہونے والے کلوز سرکٹ کے حوالے سے منعقدہ میڈیا بریفنگ میں کیا، اس موقع پر طاہر احمد اور شاہ جہاں صلاح الدین بھی موجود تھے، مینز ایونٹ کے فاتح کو ٹرافی کے ساتھ 18سو ڈالرز کا انعام دیا جائے گا جبکہ خواتین ایونٹ کی ونر کو ٹرافی اور 9سو ڈالرز دئیے جائیں گے، محمد نسیم ٹورنامنٹ ریفری ہوں گے۔