خیرپور (بیورو رپورٹ) الیکشن 2018 امیدواروں کیلئے ڈرائونا خواب بنتا جارہا ہے، شہریوں کی جانب سے گھیرائو کے بعد اب خیر پور کے ووٹروں نے امیدواروںکیلئے سوال نامہ تیار کر لیا ہے،سوال نامے میں گیارہ سوال شامل ہیں،5برس کہاں تھے،اب آئے ہو تو کیا لائے ہو، جیسے عجیب و غریب سوال سوال نامے کا حصہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق خیرپور کی مختلف یونین کونسلوں کا اجلاس سید مختیار حسین شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں گذشتہ 10برس کے دوران یونین کونسل گوندرڑو کے دیہات میں ترقیاتی کام نہ کرانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا،اجلاس میں شریک مختلف برادریوں کے رہنماؤں نے اپنی تقریروں میں کہاکہ پیپلزپارٹی نے 10برس تک سندھ پر راج کیا لیکن ان کے علاقے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کرایا ۔ اجلاس کے دوران الیکشن لڑنے والے امیدواروں کیلئے سوال نامہ بھی تیار کیا گیا ،جس میں گیارہ سوال شامل کئے گئےہیں۔پہلا سوال یہ کیا جائے گا کہ آپ 2013میں آئے تھے ،اس کے بعد 5برس کہاں تھے ،اب آئے ہو تو کیا لائےہو، دوسرا سوال یہ ہو گا کہ آپ بتائیں کہ 5برس اپنے ملک میں تھے یا ملک سے باہر تھے ؟ تیسرا سوال یہ ہے کہ آپ اس علاقے کے اسمبلی ممبر ہیں، آپ نے اسمبلی میں ہمارے علاقے کی کیا نمائندگی کی، آپ نے ہمارے علاقے کے ووٹروں کے لیے پینے کے صاف پانی کی اسکیمیں کیوں نہیں بنائیں اور دیگر سوالات شامل ہیں ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں شامل لوگوں نے فیصلہ کیا ہےکہ جو امیدوار ان کے سوالوں کے تسلی بخش جواب نہیں دیں گے ان کو ووٹ نہیں دیئے جائیں گے۔