اسلام آباد( نمائندہ جنگ)سابق چیئرمین سینیٹ سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہاہے کہ نگران حکومت آئین اور قانون کے تحت دیےگئے مینڈیٹ پر عملدرآمد میں ناکام ہوگئی ہے۔ ایف اے ٹی ایف پلان پرآمادگی مینڈیٹ سےتجاوز، معاملہ ایوان بالامیں اٹھایا جائیگا ،ایک بیان میں انہوں نےکہاکہ نگران حکومت صاف شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی معاو نت اورامیدواروں کو سیکورٹی اور تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے،میاں رضا ربانی نے کہاکہ نگران حکومت یہ بات واضح کرنے میں ناکام رہی ہے جس کے تحت افواج کو ریٹرننگ افسران کی معاونت کے لئے طلب کیا گیا ہے، انہوں نےکہاکہ نگران حکومت نے ایف اے ٹی ایف کے دیے گئے پلان پر آمادگی ظاہر کر کے اپنے مینڈیٹ سے تجاوز کیا ہے اس اقدام سے انھوں نے نئی بننے والی حکومت کو ان معاہدوں پر عملدرآمد کا پابند کر دیا ہے۔