• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین میں ہونے والا ایشیاء کپ پاکستان کرکٹ ٹیم نے جیت لیا

اسپین میں ہونے والا ایشیاء کپ پاکستان کرکٹ ٹیم نے جیت لیا

کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے زیر اہتمام ہونے والا ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ ایک سنسی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نےبھارت کی ٹیم کو ہرا کر اپنے نام کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ سال ہونے والے ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کی زبردست کامیابی اور اسپین میں مقیم مختلف اقوام کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کے ساتھ ساتھ یورپ میں کرکٹ کے فروغ کے لئے کاتالان کرکٹ فیڈریشن نے ایشیاء کپ منعقد کیا جس میں پاکستان ، بنگلہ دیش اور انڈیا کی ٹیموں نے حصہ لیا ۔

اسپین میں ہونے والا ایشیاء کپ پاکستان کرکٹ ٹیم نے جیت لیا

بنگلہ دیش کی ٹیم کو پاکستان اور انڈیا نے بالترتیب ہرا دیا جس کی وجہ سے جیتنے والی دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں ۔ایشیاء کپ کے مہمان خصوصی معروف بزنس مین چوہدری امانت حسین مہر جبکہ ایشیاء کپ قونصل جنرل بارسلونا عمران علی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔

اسپین میں ہونے والا ایشیاء کپ پاکستان کرکٹ ٹیم نے جیت لیا

پاک ویلنسیا ایسوسی ایشن کے چیئر مین مہر جمشید احمد ایشیاء کپ میں شمولیت کے لئے خصوصی طور پر بارسلونا پہنچے تھے ، مقامی سیاسی جماعت سوشلسٹ کے سیکرٹری امیگریشن بارسلونا حافظ عبدالرزاق صادق ، چاچا رشید احمد ، صغیر احمد ، حافظ سرور ، اور کلونت سنگھ بھی بطور مہمان گراونڈ میں موجود رہے ۔

فائنل میچ میں انڈیا نے مقررہ اوورز میں 90رنز کا اسکور کیا اور پاکستان کو جیت کے لئے 91رنز کا ٹارگٹ ملا جو پاکستانی کھلاڑیوں نے آسانی سے پورا کر لیا۔

مین آف دی میچ یاسر احمد اور مرزا بابر قرار پائے جبکہ رنر اپ ٹیم کو ٹرافی اور میڈلز مہر جمشید احمد اور حافظ عبدالرزاق نے دیئے ۔

ونر ٹیم کے کپتان عبدالروف نے اپنی ٹرافی قونصل جنرل بارسلونا عمران علی اور چوہدری امانت حسین مہر سے وصول کی ۔ اس موقع پر امانت حسین مہر نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں نقد انعامات سے بھی نوازا ۔

اسپین میں ہونے والا ایشیاء کپ پاکستان کرکٹ ٹیم نے جیت لیا

قونصل جنرل کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اسپین میں کرکٹ تیزی سے فروغ پا رہا ہے جس کے لئے ایشین کمیونٹی خراج تحسین کی مستحق ہے ۔ چوہدری امانت حسین مہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسپین میں مقیم بزنس کمیونٹی کو کرکٹ کے فروغ کے لئے آگے آنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ یورپ کے بہت سے ممالک کی انٹرنیشنل ٹیموں میں پاکستانی کھلاڑی کھیلتے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب اسپین کی انٹرنیشنل ٹیم بنے گی اور اس میں پاکستانی کھلاڑی اپنی پرفارمنس دیں گے ۔

اسپین میں ہونے والا ایشیاء کپ پاکستان کرکٹ ٹیم نے جیت لیا

کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے صدر مرزا بشارت اور فنانس سیکرٹری سجاول خان نے آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ ہم ایسے مزید ٹورنامنٹس بھی منعقد کرائیں گے ۔

تازہ ترین