• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر ، گھنٹہ گھر چوک پر قائم غیر قانونی پارکنگ ایریا ختم نہیں ہوسکا

اسکھر (بیورو رپورٹ) شہر کے اہم ترین کاروباری مرکز گھنٹہ گھر چوک پر قائم غیر قانونی پارکنگ ایریا ختم نہیں ہوسکا، سیکڑوں کی تعداد میں موٹر سائیکلیں پارک ہونے کے باعث گھنٹہ گھر چوک اور اطراف کے تجارتی مراکز میں بدترین ٹریفک جام رہنا روز کا معمول بن گیا، جس کے باعث خریداری کے لئے شہر و بیرون شہر سے آنیوالے افراد بالخصوص خواتین و بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے ادارے کے روینیو میں اضافے کے لئے گھنٹہ گھر چوک سمیت شہر کی مختلف اہم شاہراہوں و تجارتی مراکز میں پارکنگ کے ٹھیکے دیے تھے تاہم شہریوں و تاجروں کی بڑھتی ہوئی شکایات اور بدترین ٹریفک جام رہنے کے باعث مذکورہ ٹھیکے منسوخ کردیے گئے تھے مگر اس کے باوجود گھنٹہ گھر چوک پر غیر قانونی پارکنگ ایریا قائم ہے، گھنٹہ گھر چوک شہر کا اہم ترین کاروباری مراکز ہے، جہاں سے سکھر کے دیگر کاروباری علاقوں کو بھی راستے جاتے ہیں اور نہ صرف شہر بلکہ بیرون شہر سے بھی خریداروں کی ایک بڑی تعداد گھنٹہ گھر کا رخ کرتی ہے تاہم گھنٹہ گھر چوک پر غیر قانونی طور پر قائم پارکنگ ایریا کے باعث چھوٹی و بڑی گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنس کر رہ جاتی ہیں، موبائل مارکیٹ کے باہر موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کی وجہ سے مذکورہ علاقے میں اس قدر بدترین ٹریفک جام ہوتا ہے کہ شہریوں کا پیدل چلنا بھی محال ہوجاتا ہے،میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی طور پر قائم پارکنگ ایریا ختم کرانے کے لئے کسی بھی قسم کی کارروائی نہ کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کمشنر سکھر ڈویژن، ودیگر بالا حکام سے مطالبہ کیا کہ گھنٹہ گھر چوک پر قائم غیر قانونی پارکنگ ایریا فوری طور پر ختم کرایا جائے تاکہ ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہوسکے۔

تازہ ترین