• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر،ٹرانسفارمر درست نہ کئے جانے کیخلاف خواتین سراپا احتجاج

سکھر (بیورو رپورٹ ) سلیم کالونی میں 20روز گزرنے کے باوجود خراب ٹرانسفارمر درست نہ کئے جانے کیخلاف خواتین سراپا احتجاج بن کر سڑکوں پر نکل آئیں۔ خواتین نے ہاتھوں میں دستی پنکھے اٹھاکر احتجاجی جلوس نکالا اور سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں شامل مسماۃ نعیمہ، زینت، ارشاد بی بی و دیگر نے کہا کہ ہمارے علاقے میں عیدالفطر کے دن خراب ہونیوالا ٹرانسفارمر تاحال درست نہیں کیا گیا ہے، شدید گرمی کے موسم میں بجلی سے محروم رہنے کے باعث ہماری زندگیاں اجیرن ہوگئی ہیں، سیپکو افسران و اہلکار ٹرانسفارمر کی درستی کے لئے رقم طلب کررہے ہیں، رمضان المبارک میں علاقے کے ٹرانسفارمر کو 5مرتبہ چندہ جمع کرکے بنوایا مگر چند گھنٹے گزرنے کے بعد اوور لوڈ ہونے کے باعث وہ پھر سے خراب ہوجاتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ علاقے میں تعینات لائن مین اور لائن سپرنٹنڈنٹ کی معاونت سے لوگوں نے براہ راست کنکشن لگارکھے ہیں اور ایئرکنڈیشنڈ چلائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ٹرانسفارمر اوور لوڈ ہوکر خراب ہوجاتا ہے۔ سیپکو اہلکار براہ راست بجلی چلانے والوں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کررہے جس کا خمیازہ ہمیں بھگتنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے سیپکو چیف و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ علاقے کا خراب ٹرانسفارمر فوری طور پر درست کرکے بجلی کی سپلائی بحال کی جائے، براہ راست ایئرکنڈیشنڈ چلانے والے اور ان کی معاونت کرنیوالے سیپکو اہلکاروں کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ واضح رہے کہ سب ڈویژن پرانا سکھر کے فیڈر جئے شاہ کے علاقے سلیم کالونی کا علاقہ 250سے زائد گھروں پر مشتمل ہے، جہاں پر 200کے وی کا ٹرانسفارمر نصب ہے، علاقے میں 200کے وی کا ایک اور نیا ٹرانسفارمر لگوانے کے لئے علاقہ معززین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی جانب سے 200کے وی کے ایک اور نئے ٹرانسفارمر کے لئے کوششیں شروع کی جارہی ہیں۔
تازہ ترین